امیت شاہ نے نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا لیکن ان کا نام وزیراعلیٰ کے طور پر ظاہر کرنے سے گریز کیا
EPAPER
Updated: October 18, 2025, 12:14 AM IST | Patna
امیت شاہ نے نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا لیکن ان کا نام وزیراعلیٰ کے طور پر ظاہر کرنے سے گریز کیا
بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر آخر تک مہاگٹھ بندھن اور این ڈی اے کے درمیان غیر یقینی صورت حال بنی رہی۔ اگرچہ این ڈی اے میں سیٹوں پر اتفاقِ رائے ہو گیا، لیکن مہاگٹھ بندھن میں پہلے مرحلے کے نامزدگی کے آخری دن تک بھی کوئی واضح اتفاق بنتا نظر نہیں آیا۔ اسی دوران، مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کے بہار کے اگلے وزیرِ اعلیٰ سے متعلق بیان پر ہنگامہ مچ گیاہے۔ تنازع کے بیچ امیت شاہ جمعہ کو نتیش کمار سے ملاقات کے لیے ان کے گھر بھی گئے۔ ادھر این ڈی اے کے اتحادی جیتن رام مانجھی نے کہا کہ انتخابات سے پہلے ہی یہ واضح ہو جانا چاہیے کہ اگلا وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔
امیت شاہ کے کس بیان پر اتحادیوں میں بے چینی ہے؟
امیت شاہ کی جانب سے اگلے وزیراعلیٰ کے نام کے متعلق دئیے گئے بیان پر جہاں اپوزیشن نے شدید حملہ کیا ہے، وہیں این ڈی اے کے اتحادی جماعتوں نے کہا کہ سب کچھ ٹھیک ہے، کوئی اختلاف نہیں۔ مرکزی وزیر للن سنگھ نے کہا کہ لوگوں کو امیت شاہ کا مکمل بیان دیکھنا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو ایک پروگرام میں امیت شاہ نے کہا تھا کہ این ڈی اے بہار اسمبلی انتخابات جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار کی قیادت میں لڑے گا۔انہوں نے کہا،’’یہ طے کرنے والا میں نہیں ہوں کہ نتیش کمار وزیر اعلیٰ بنیں گے یا نہیں۔ فی الحال ہم ان کی قیادت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انتخابات کے بعد تمام اتحادی جماعتیں مل بیٹھ کر اپنے لیڈر کا انتخاب کریں گی۔‘‘
انتخابات سے پہلے ہی وزیراعلیٰ کا نام طے کردینا چاہئے :مانجھی
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ہندوستان عوام مورچہ کے سربراہ اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے کہا کہ ’’امیت شاہ این ڈی اے کے اہم رہنماؤں میں سے ہیں، اور اگر انہوں نے کچھ کہا ہے تو اسے سرکاری بیان ہی مانا جائے گا۔ لیکن ذاتی طور پر میرا ماننا ہے کہ انتخابات سے پہلے ہی وزیرِ اعلیٰ یعنی آئندہ لیڈر کا نام طے ہو جانا چاہیے تھا۔‘‘ مانجھی نے مزید کہا،’’وزیر اعلیٰ کے تعلق سے کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ یہ ابہام مہاگٹھ بندھن میں ہے، اسی لیے آج تک ان کی امیدواروں کی فہرست بھی فائنل نہیں ہو سکی۔ خوش قسمتی سے این ڈی اے میں اب تک سب کچھ ٹھیک ہے۔ حال ہی میں وزیر اعلیٰ (نتیش کمار) نے اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی جب ایک دوسری پارٹی نے جے ڈی یو کی نشست پر اپنا امیدوار کھڑا کر دیا تھا، مگر اب معاملہ سلجھ گیا ہے۔ میرا ذاتی خیال ہے کہ انتخابات سے پہلے عوام کو یہ بتا دینا چاہیے کہ وزیرِ اعلیٰ کون ہوگا۔‘‘
’’اپوزیشن گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہا ہے‘‘ جے ڈی یو لیڈر للن سنگھ
جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر لالن سنگھ نے کہا کہ اپوزیشن امیت شاہ کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔ امیت شاہ کا پورا بیان دیکھنا چاہیے۔ جے ڈی یو کے قومی صدر سنجے جھا نے کہا،’’آئندہ انتخابات میں مہم کس طرح چلانی ہے اور کیا حکمتِ عملی ہوگی، اسی سلسلے میں امیت شاہ اور نتیش کمار کی ملاقات ہوئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’این ڈی اے میں کوئی اختلاف نہیں ہے، یہ سب جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ہمارے این ڈی اے میں کوئی ناراضگی نہیں ہے۔‘‘ بڑھتے تنازع کے درمیان جے ڈی یو ترجمان نیرج کمار نے کہا،’’چاند، سورج اور سارا جہان بدل سکتا ہے، لیکن نتیش کمار کا وزیرِ اعلیٰ بننا نہیں ٹلے گا۔ نتیش ہی اگلے وزیرِ اعلیٰ ہوں گے یہ فکس ہے۔‘‘
اس دوران جمعہ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نےوزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کےدوران جے ڈی یو کے کارگزار قومی صدر سنجے جھا، بی جے پی کے بہار الیکشن انچارج اور مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، بی جے پی کے بہار انچارج ونود تاوڑےودیگر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے سوشل میڈیاہینڈل پر اس میٹنگ کے بارے میں معلومات شیئر کیں اور میٹنگ کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ انہوں نے اس ملاقات کو الیکشن سے متعلقہ موضوعات پر تفصیلی گفتگو کے طور پر بیان کرتے ہوئے اسے خیرسگالی ملاقات قرار دیا۔