این اے ڈی اور مہا گٹھ بندھن نے مجموعی طور پر ۱۵؍ ہیلی کاپٹر بک کئے ہیں، بی جے پی کے پاس ۹؍ہیلی کاپٹر
انتخابی تشہیر کیلئے ہیلی کاپٹر کی بکنگ پر پیسہ بہایا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این
آئندہ ماہ ۲؍مرحلوں میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخاب کو لے کر سیاسی پارٹیوں کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ ریاست میں انتخابی ریلیوں کا دور جاری ہے۔ زمین سے نہیں بلکہ آسمان سے بھی عوام کے درمیان جانے کی تیاری ہے۔ اسی وجہ سے مختلف سیاسی پارٹیوں نے ہیلی کاپٹر تک بک کر لئے ہیں۔ اس میں برسراقتداراین ڈی اے اور اپوزیشن مہاگٹھ بندھن کی جانب سے مجموعی طور پر۱۵؍ ہیلی کاپٹر بک کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بی جے پی نے سب سے زیادہ ۹؍ ہیلی کاپٹر بک کئے ہیں۔ جے ڈی یو، کانگریس اور آر جے ڈی کے ذریعہ ۲۔۲؍ہیلی کاپٹرس کی بکنگ ہوئی ہے۔ انتخابی مہم کے لئےاس وقت این ڈی اے کے تمام ۱۱؍ ہیلی کاپٹرس ہوا میں پرواز بھر رہے ہیں۔
بی جے پی اور جے ڈی یو کے لیڈران ہیلی کاپٹر سے مختلف اضلاع میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔دوسری جانب آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور مکیش سہنی ایک ہیلی کاپٹر کا استعمال کر رہے ہیں۔ مہاگٹھ بندھن کی جانب سے ۲۴؍ اکتوبر کو پہلی بار تیجسوی یادو اور مکیش سہنی نے مشترکہ انتخابی مہم کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا تھا جبکہ کانگریس نے۲؍ہیلی کاپٹر کی بکنگ کرائی ہے لیکن اب تک صرف پورنیہ کے رکن پارلیمنٹ پپو یادو ہی ہیلی کاپٹر سے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔واضح رہے کہ اس وقت بہار میں ۱۳؍ ہیلی کاپٹروں کا استعمال ہر روز انتخابی مہم کے لئے کیا جا رہا ہے۔ نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو روزانہ ۲؍ ہیلی کاپٹر کا استعمال کر رہی ہے۔