• Thu, 30 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار: پرشانت کشور مسلم امیدوار کے ساتھ مندر گئے، بعد میں مندر کی صفائی پر تنازع

Updated: October 30, 2025, 6:10 PM IST | Patna

کچھ مقامی لوگوں نے ایک مسلمان کے گربھ گرہ میں داخل ہونے پر اعتراض کیا تھا، جس کی وجہ سے پاکیزگی کی یہ رسم ادا کی گئی۔

Prashant Kishor. Photo: INN
پرشانت کشور۔ تصویر: آئی این این

بہار کے مدھوبنی ضلع میں واقع کپلیشور ناتھ مہادیو مندر میں جن سوراج پارٹی (جے ایس پی) کے بانی پرشانت کشور اور ریاستی الیکشن میں پارٹی کے مسلم امیدوار پرویز عالم کے دورے کے بعد مندر کو دھوئے جانے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، منگل کی شام کو کشور اور عالم نے مندر کے گربھ گرہ میں داخل ہو کر بھگوان شیو کی پوجا کی۔ ان کے جانے کے فوراً بعد، پجاریوں نے پَنچ گَویہ یعنی دودھ، دہی، گھی، گائے کے پیشاب اور گائے کے گوبر کے مرکب کے ساتھ گنگا جل کا استعمال کرتے ہوئے گربھ گرہ کو صاف کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ رسم مندر کو ”پاک“ کرنے کیلئے ضروری تھی۔

پجاری شراون کمار نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”انہیں کشور کے دورے کے بارے میں پہلے ہی بتا دیا گیا تھا اور انہوں نے پوجا کے تمام انتظامات کر رکھے تھے۔ وہ شام ۷:۳۰ بجے کے قریب آئے اور پوجا کی۔ مجھے بعد میں پتہ چلا کہ ان میں سے ایک مسلمان بھی تھا۔“ انہوں نے مزید بتایا کہ عالم روایتی میتھلا لباس میں ملبوس تھے۔ کمار نے یہ بھی کہا کہ اگر کشور واقعی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہتے ہیں، تو ”انہیں کسی مسجد میں رُدر ابھیشیک کرنا چاہئے۔“

یہ بھی پڑھئے: بہار میں انتخابی مہم عروج پر ،ریلیاں ہی ریلیاں

اطلاعات کے مطابق، اس دورے کے بعد کچھ مقامی لوگوں نے ایک مسلمان کے گربھ گرہ میں داخل ہونے پر اعتراض کیا، جس کی وجہ سے مندر کو ’پاک‘ کرنے کی یہ رسم ادا کی گئی۔ واضح رہے کہ مسلم امیدوار پرویز عالم مدھوبنی کے بینی پٹی اسمبلی حلقے سے جن سوراج پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK