Inquilab Logo

بلقیس بانو کیس: سپریم کورٹ نے مجرموں کی رِہائی پر سوال اُٹھایا، جواب طلب کیا

Updated: April 19, 2023, 12:55 AM IST | new Delhi

بنچ نے گجرات حکومت کے ذریعے فائل نہ دکھانے پر شدید برہمی ظاہر کی

Gujarat riot victim Bilkis Bano
گجرات فساد متاثرہ بلقیس بانو

بلقیس بانو عصمت دری کیس میں سپریم کورٹ نے گجرات حکومت  کے فیصلے پر سنگین سوال اٹھاتے ہوئے مجرمین کو رہا کرنے کی وجوہات مانگی ہیں۔ عرضی پر سماعت کے دوران گجرات حکومت نے فیصلے سے متعلق فائل دکھانے سے انکار کر دیا۔ ریاستی حکومت نے دلیل دی کہ اس معاملہ میں رہائی سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ہی کی گئی ہے۔ اس پر سپریم کورٹ نے تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیب کا موازنہ سنترے سے نہیں کیا جا سکتا، اگر حکومت نے کوئی پختہ وجہ بیان نہ کی تو عدالت عظمیٰ خود نتیجہ اخذ کرے گی۔ کورٹ نے ۱۱؍ مجرموں کو رِہا کردینے پرسخت اعتراض کیا اور کہا کہ اس فیصلے سے قبل سماج کے اجتماعی ضمیر کو کتنی ٹھیس لگے گی اس کے بارے میں سوچ لیا جانا چاہئے تھا۔ کورٹ نے گجرات حکومت  سےسوال کیا کہ مجرمین کو کن بنیادوں پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا وہ عدالت کو بتایا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ  آج بلقیس بانو کے مجرموں کو رہا کردیا گیا کل کوئی اور ہو سکتا ہے اس لئے ہمیں گجرات حکومت کی فائل دیکھنی  ہے۔ ہمیں ہر وہ وجہ بتائی جائے کہ اس بنیاد پر ان مجرموں کی رہائی کا فیصلہ کیا گیا۔ 
 جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس ناگرتنا کی بنچ نے گجرات حکومت کی سخت سرزنش بھی کی اور کہا کہ جب اتنے سنگین جرم میں ملوث مجرموں کو اچھے برتائو کے نام پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو حکومت کو عوامی مفاد کے ساتھ ساتھ متاثرین کے مفاد کو بھی ذہن میں رکھنا چاہئے۔ بنچ نے کہا کہ ان مجرموں کو عدالت نے اپنے احکامات کے تحت تاعمر قید رکھنے کا حکم دیا تھا لیکن حکومت نے اس آرڈر کو تبدیل کردیا جس سے کئی سوال کھڑے ہوتے ہیں  ۔جسٹس جوزف  جو اس سے قبل بھی  اپنے فیصلوں اور تبصروں کے ذریعے فرقہ پرستوں اور شر پسندوں کے دانت کھٹے کرچکے ہیں، نے  خاص طور پر گجرات حکومت کے وکیل سے سخت سوالات کئے اور کہا کہ اتنے سنگین جرم کے مجرموں کو راحت دینے کا فیصلہ بہت حیران کن ہے۔ جس وقت بلقیس کو نشانہ بنایا گیا وہ حاملہ تھی۔ کیا حکومت گجرات نے اس نکتے کو بھی ذہن میں رکھا ؟کیا انہوںنے اپنے دماغ کا استعمال کیا ؟اس معاملے کی اگلی سماعت اب ۲؍ مئی کو ہو گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK