Inquilab Logo

بھیونڈی: معمولی تنازع میں نوجوان کی دورانِ علاج موت

Updated: February 22, 2024, 3:39 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شیوسینا شندے گروپ کا عہدیدار فرار، پولیس پر ملزموں کو بچانے کاالزام، لاش تحویل میں لینے سے انکار، پتھراؤ سے گاڑیوں کو نقصان، دکانیں اور رکشا بند، علاقے میں کشیدگی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

یہاں بی این این کالج کے باہر معمولی تنازع پر نوجوانوں کے ایک گروہ نے ایک نابالغ لڑکے کا اغواء کرکے اس کی بری طرح پٹائی کی جس کی وجہ سے بدھ کو علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ یہ خبر عام ہوتے ہی دھامنکر ناکہ سے ورلا تالاب روڈ کامت گھر تک کشیدگی پھیل گئی۔ مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پولیس تمام ملزموں کو گرفتار نہیں کرلیتی، لاش کو تحویل میں نہیں لیں گے۔ اس معاملہ میں ملوث شیوسینا شندے گروپ کا عہدیدارفرار ہے۔ 
۱۴؍ فروری کو دھامنکرناکہ سے ملحق بی این این کالج کے باہر دیوا دھوترے، سنکیت بھوسلے اور ان کے ساتھ آنے والے کچھ نوجوانوں کا دھکا لگ جانے سے تکرار شروع ہوگئی اورنوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گیا جس کے بعد دیوا دھوترے نے اس کی اطلاع اپنے والد شیوسینا (شندے گروپ) کے نائب شہر پرمکھ کیلاش دھوترے کو دی جس کے بعد وہ ۸؍سے۱۰؍ افراد کے ساتھ وہاں پہنچ گئے جنہوں نے سنکیت بھوسلے کوپکڑکر اپنے علاقے میں لے گئے اور اس کی بری طرح پٹائی کی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اسے ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ۷؍ دن تک زیرعلاج رہنے کے بعد بدھ کواس نے دم توڑ دیا۔ 
سنکیت کی موت کی خبر سنتے ہی ورالا تالاب علاقہ کا ماحول سوگوار ہوگیا اور مشتعل افراد نے دھامنکر ناکہ سے کامت گھر روڈ تک سڑک پر دکانیں بند کرکے ٹریفک روک دی۔ آر پی آئی اٹھاولے گروپ کے صدر مہندر گائیکواڑ نے پولیس پر شیوسینا(شندے) کے عہدیدار کو تحفظ فراہم کرنے کاالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دیوا دھوترے کے خلاف معمولی حملہ اور سنکیت بھوسلے اور اس کے دوست وویک ڈولس کے خلاف سنگین مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس ان لوگوں کو تحفظ دے رہی ہے جنہوں نے سنکیت بھوسلے کو اغواء کرکے قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔ پارٹی کااثر و رسوخ ہونے کی وجہ سے پولیس ملزموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ۷؍دن سے مفرور ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جب تک ملزموں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، لاش کو تحویل میں نہیں لیا جائے گا۔ 
اس واقعہ کے بعد دھامنکر ناکہ علاقے میں دکانیں اور رکشے بند کردیئے گئے ہیں۔ کئی گاڑیوں پر پتھراؤ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں جس میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ڈی سی پی شری کانت پروپکاری نے کہا کہ ملزموں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تین افراد کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے لوگوں سے افواہ پردھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK