ٹرمپ ، ولادیمیر پوتن ، نیتن یاہو ، امیت شاہ ، راہل گاندھی اور کھرگے سمیت کئی لیڈروں نے ۷۶؍ ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔
EPAPER
Updated: September 18, 2026, 10:44 AM IST | Agency | New Delhi
ٹرمپ ، ولادیمیر پوتن ، نیتن یاہو ، امیت شاہ ، راہل گاندھی اور کھرگے سمیت کئی لیڈروں نے ۷۶؍ ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔
وزیر اعظم مودی کو ان کی ۷۶؍ ویں سالگرہ پرپوری دنیا سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔۱۷؍ ستمبر کا دن نکلتے ہیں انہیں سب سے پہلے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن نے سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس کے ساتھ ہی نیتن یاہو نے بھی تہنیتی پیغام ایکس پر پوسٹ کیا اور لکھا کہ ’’وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کو سپرپاور بنادیا ہے۔‘‘ ملکی سطح پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو ، امیت شاہ ، راجناتھ سنگھ ، بی جے پی صدر نتن نبین ، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی ، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور دیگر لیڈروں نے وزیر اعظم مودی کو مبارکباد دی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیراعظم مودی کو یومِ پیدائش پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بہترین صحت اور درازیٔ عمر کی دعا کی اور انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔
تمل ناڈو کے گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر، وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے، ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن اور مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے بھی جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ آرلیکر نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہاکہ مودی کو ان کی سالگرہ پر میں دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ان کی دوراندیش قیادت اور ملک کی خدمت کیلئے غیر متزلزل عزم نے بھارت کو وکست بنانا شروع کردیا ہے۔
۷۶؍ سال میں دامن پر کوئی داغ نہیں : امیت شاہ
نئی دہلی (ایجنسی): مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے وزیر اعظم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ۷۶؍ سال میں مودی کے دامن پر کوئی داغ نہیں لگا ہے۔ یہ سالگرہ ان کے بے داغ اور بے مثال کریئرمیں مزید خوشیاں لے کر آئے۔واضح رہے کہ مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں ان کی سالگرہ کے موقع پر ’’سیوا سنکلپ ابھیان ‘‘ چلایا گیا ۔ اس موقع پر یوگی آدتیہ ناتھ بی جے پی کی کئی ریاستوں کے وزیر اعلیٰ اور اہم مرکزی وزراء موجود تھے۔ اس موقع پر سائیکل ریلی نکالی گئی ، عطیہ خون کیمپ لگایا اور صفائی ابھیان چلایا گیا۔