• Thu, 10 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی آئی ایس کی بڑی کارروائی،۹۹ء۸۰۳؍ گرام بغیر ہال مارک والے سونے کے زیورات ضبط

Updated: September 10, 2026, 6:04 PM IST | New Delhi

بغیر ہال مارک والے سونے کے زیورات کی فروخت کے خلاف بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز(بی آئی ایس) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً۹۹ء۸۰۳؍ گرام سونے کے زیورات ضبط کرلیے ہیں۔ یہ کارروائی صارفین کے مفادات کے تحفظ اور قیمتی دھاتوں کے زیورات میں مقررہ معیار اور ہال مارکنگ کے ضوابط کی پابندی یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔

Jewellery.Photo:INN
زیورات۔ تصویر:آئی این این

بغیر ہال مارک والے سونے کے زیورات کی فروخت کے خلاف  بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز(بی آئی ایس) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً۹۹ء۸۰۳؍ گرام  سونے کے زیورات ضبط کرلیے ہیں۔ یہ کارروائی صارفین کے مفادات کے تحفظ اور قیمتی دھاتوں کے زیورات میں مقررہ معیار اور ہال مارکنگ کے ضوابط کی پابندی یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔
وزارتِ صارفین امور، خوراک اور عوامی تقسیم کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق،بی آئی ایس  چنئی برانچ آفس  کی ٹیم نے یکم ستمبر ۲۰۲۶ء کو چنئی کے  امبَتّور  علاقے میں واقع ایک زیورات کی دکان پر تلاشی اور ضبطی کی کارروائی کی۔ اس دوران تجارتی فروخت کے لیے رکھے گئے ایسے سونے کے زیورات برآمد ہوئے جن پر لازمی ہال مارک موجود نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھئے:’’مرزا پور: دی مووی‘‘ فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کی تاریخ کی سب سے بڑی ہٹ بن گئی

 بیان کے مطابق یہ کارروائی بی آئی ایس  ایکٹ ۲۰۱۶ء کی دفعہ ۲۸؍ کے تحت کی گئی۔ ضبط کیے گئے زیورات میں۵۰ء۶۷۱؍ گرام وزنی ۱۷۵؍ منگل سوتر،۰۲ء۲۵؍ گرام وزنی بچوں کی ۱۲؍ چوڑیاں،۱۴ء۸۶؍ گرام وزنی ۴۰؍ جھمکے اور۳۳ء۲۱؍  گرام وزنی ۱۰؍ پینڈنٹ  شامل ہیں۔ بی آئی ایس کی انفورسمنٹ ٹیم نے پایا کہ مختلف ڈیزائن اور کیٹیگریز کے یہ زیورات ضروری ہال مارکنگ کے بغیر صارفین کو فروخت کرنے کے لیے پیش کیے جا رہے تھے۔ حکام نے تمام متعلقہ اشیا کو مزید تفصیلی جانچ اور قانونی کارروائی کے لیے ضبط کرلیا۔
یہ کارروائی بی آئی ایس  چنئی برانچ آفس  کے افسران اور معاون عملے نے مقامی پولیس کی مدد سے انجام دی۔ حکام کے مطابق مارکیٹ میں اس طرح کی نگرانی اور کارروائی کا مقصد نہ صرف غیر معیاری مصنوعات کی فروخت کو روکنا ہے بلکہ  بی آئی ایس  اسٹینڈرڈ مارک اور ہال مارک کے غلط استعمال  پر بھی قابو پانا ہے۔
بی آئی ایس چنئی برانچ آفس کے سربراہ  ایس ڈی دیانند  نے کہا کہ بیورو باقاعدگی سے مارکیٹ کی نگرانی اور انفورسمنٹ سرگرمیاں انجام دیتا ہے تاکہ لازمی بی آئی ایس  سرٹیفکیشن اور ہال مارکنگ کے دائرے میں آنے والی مصنوعات مقررہ معیار پر پوری اتریں۔ انہوں نے کہا کہ ناقص یا غیر معیاری مصنوعات کی فروخت روکنے، بی آئی ایس معیار کے نشان اور ہال مارک کے غلط استعمال کو ختم کرنے اور سرٹیفکیشن و ہال مارکنگ نظام پر صارفین کا اعتماد برقرار رکھنے  کے لیے ایسی کارروائیاں انتہائی اہم ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:عمران طاہر کی خطرناک گیندبازی، گیانا امیزون نے سینٹ لوسیا کنگز کو شکست دی

 بی آئی ایس  کے مطابق ہال مارکنگ قیمتی دھات سے بنی اشیا کی خالصیت یا فائنانس کا سرکاری ثبوت  فراہم کرتی ہے۔ موجودہ ہال مارکنگ نظام کے تحت ہال مارک والے سونے کے زیورات پر عموماً بی آئی ایس  کا لوگو، سونے کی خالصیت اور چھ ہندسوں پر مشتمل Hallmark Unique Identification (HUID) نمبر  درج ہوتا ہے۔ صارفین خریداری کے وقت زیورات پر موجودایچ یو آئی ڈی  نمبر  کی تصدیق  BIS Care App  کے ذریعے بھی کرسکتے ہیں۔ اس سے خریدار کو زیورات کی ہال مارکنگ اور خالصیت سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
بی آئی ایس  کی تازہ کارروائی ایسے وقت میں اہم سمجھی جارہی ہے جب سونے کی قیمتیں بلند سطح پر ہیں اور زیورات کی خریداری میں صارفین کے لیے  خالصیت، معیار اور ہال مارکنگ کی تصدیق  پہلے سے زیادہ اہم ہوگئی ہے۔ بی آئی ایس  کی اس کارروائی سے زیورات کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کو بھی یہ واضح پیغام ملا ہے کہ لازمی ہال مارکنگ کے ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK