• Thu, 16 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار میں بی جےپی اتحادیوں کو بھی مسلمانوں  سے گریز!

Updated: October 16, 2025, 12:16 AM IST | Patna

این ڈی اے میں جوتم پیزا رکے بیچ جے ڈی یو کی ۵۷؍ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری، ایک بھی مسلم چہرہ نہیں،چراغ اور مانجھی نے بھی نظر انداز کیا

RJD leader Tejashwi Yadav filed his nomination from Raghopur Assembly constituency on Wednesday.
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بدھ کو راگھو پور اسمبلی حلقے سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔

بہار میں ۶؍ نومبر کو پہلے مرحلے کی پولنگ کیلئے  ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ این ڈی اے جو خود کو متحد دکھانے کی کوشش کررہی ہے،سیٹوں کی تقسیم   سے متعلق اختلافات کی وجہ سے داخلی انتشار کا شکار ہے ۔ بدھ کو اُپیندر کشواہا نے کھل کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا مگر کچھ ہی گھنٹوں بعد  یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی کہ انہیں ’’منا لیا‘‘ گیا ہے۔  س بیچ  بدھ کو  این ڈی  اے میں شامل  وزیراعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی جنتادل متحدہ  نےاپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی۔ ۵۷؍ ناموں کی اس فہرست میں پارٹی کے کسی مسلم لیڈر کا نام شامل نہیں ہے۔ جے ڈی یو کے اس اقدام کو ایک طبقہ ’سیاسی پیغام‘ کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ چراغ پاسوان اور مانجھی نے بھی مسلمانوں کو نظرانداز کیا ہے جس کے بعد یہ  سوال گشت کرنےلگا ہے کہ کیا بی جےپی کے اتحادیوں کوبھی مسلمانوں سے گریز ہے؟ یہ اس لئے اہم ہےکہ جے ڈی یو بی   جے  پی کے  ساتھ ہونے کے باوجود مسلم ووٹوں کی دعویدار ہے۔ 
جے ڈی یو کے مسلم لیڈروںکی بولتی بند
 اس سلسلے  میں ’انقلاب ‘  نے  جے ڈی یو کے ایک قومی ترجمان، ۲؍ ریاستی ترجمان ، اور ۲؍ مسلم لیڈروں سے فون پر  رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن صرف ایک سے رابطہ ہوسکا۔ انہوں نے بھی کچھ کہنے سے منع کردیا۔ البتہ یہ ضرور کہا کہ ابھی اور بھی اعلانات ہونے باقی ہیں، اور کئی  امیدواروں کو تو پارٹی نے ٹکٹ بھی دے دیا ہے ۔ اس لیے یہ کہنا مناسب نہیں ہوگا کہ جے ڈی یو نے کسی مسلم امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا۔ 
 غور طلب ہے کہ جے ڈی یو نے جن حلقوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، وہ ووٹنگ کے مرحلے کو پیش نظر رکھ کر نہیں کیا ہے۔ اس کی پہلی فہرست میں ان حلقوں کے امیدواروں کے نام بھی شامل ہیں جہاں دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس لحاظ سے جے ڈی یوچند ایک مسلم چہروں کو بھی اپنی پہلی فہرست میں جگہ دے سکتی تھی۔ اس دوران جے ڈی یو لیڈر اور سابق ریاستی وزیرخورشید عرف فیروز احمد نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔  ’انقلاب‘ سے گفتگو  میں انہوں نے کہا کہ’’ وزیراعلیٰ مکمل طور پر بی جےپی کی گرفت میں چلے گئے ہیں۔‘‘ 
مانجھی اور چراغ کی فہرست میں بھی کوئی مسلم نہیں 
 یاد رہے کہ این ڈی اے میں بی جےپی نے پہلے ۷۱؍اور پھر ۱۲؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا  جن میں ایک بھی مسلم چہرہ نہیں ہے۔ یہی صورت حال جیتن رام مانجھی کی سربراہی والے ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر )  اورچراغ پاسوان کی پارٹی لوک جن شکتی (رام ولاس) کا ہے۔ مانجھی  نے ۶؍ امیدواروں کا اعلان کیا اس میں بھی کسی مسلمان کا نام نہیں ہے۔ اسی طرح چراغ پاسوان کے ۱۴؍امیدواروں  میں بھی کوئی  مسلم نام نہیں ہے ۔ 
مہاگٹھ بندھن میں سیٹوں کااب تک اعلان نہیں ہوا
  اُدھر مہاگٹھ بندھن نےبدھ کو رات کے ۳۰:۹؍ بجے  سیٹوں کی تقسیم کا اعلان نہیں کیا ہے البتہ اتحاد  میں  شامل پارٹیوں  کے امیدوار وں نے نامزدگی کا اپنا پرچہ داخل کرنا شروع کردیا ہے۔ان میں راشٹریہ جنتادل کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو بھی شامل ہیں۔ آرجے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے متعدد امیدواروں کو پارٹی کا نشان دے دیا ہے ،لیکن اس کی طرف سے باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ کتنے لیڈروں کو اب تک امیدوار بنایا گیا ہے۔البتہ سوشل میڈیا پر ۳۲؍امیدواروں کے نام کی فہرست گشت کررہی ہے۔ اس سلسلے میں آرجے ڈی کے ترجمان بھی خاموش ہیں

patna bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK