Inquilab Logo

’’ شیوسینا اور این سی پی کی تقسیم میں بی جے پی کا کوئی ہاتھ نہیں ہے ‘‘

Updated: April 16, 2024, 7:44 AM IST | Agency | Bhandara

امیت شاہ کابھنڈارہ میں خطاب ، کہا ’راہل گاندھی جھوٹ پھیلا رہے ہیں کہ بی جے پی کو ۴۰۰؍ سیٹیں ملیں تو ریزرویشن ختم ہو جائے گا۔‘‘

Amit Shah (centre), with Farnavis and Praful Patel. Photo: PTI
امیت شاہ (درمیان)، فرنویس اور پرفل پٹیل کے ساتھ۔ تصویر : پی ٹی آئی

مرکزی وزیر داخلہ  امیت شاہ نے اتوار کو بھنڈارہ ضلع کے ساکولی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔  انہوں نے  شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فی الحال ریاست میں آدھی شیوسینا اور آدھی این سی پی باقی رہ گئی ہے اور ان دونوں نے مل کر کانگریس کو مفلوج کر دیا ہے۔ شاہ نے جلسہ عام سے پوچھا کہ کیا تین ادھوری پارٹیاں حکومت کر سکتی ہیں؟ ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار نے بی جے پی پر پارٹی میں پھوٹ ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ لیکن میں مہاراشٹر کے لوگوں پر ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں۔ ہم نے شیو سینا، این سی پی کو تقسیم نہیں کیا ہے۔ شیوسینا میں تو ٹھاکرے کی اپنے بیٹے سے محبت کی وجہ سے پھوٹ پڑی۔ امیت شاہ نے کہا کہ شرد پوار کی   اپنی بیٹی سے محبت این سی پی میں پھوٹ کا باعث بنی۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان پھوٹ کا بی جے پی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
   شاہ نے واضح طور پر کہا کہ شیوسینا اور این سی پی میں پھوٹ کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ نہیں ہے۔ لیکن ایک ماہ قبل نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ایک مختلف دعویٰ کیا تھا، انہوں نے ایک کتاب کے اجرا کے موقع پر عوامی جلسہ میں کہا کہ جب میں نے یہ کہا کہ ’’میں دوبارہ آؤں گا‘‘ تو مخالفین نے اسے تکبر سے تعبیر کیا۔ مجھے سرکار میں حزب مخالف میں بیٹھنا پڑا، ’’میں دوبارہ آؤں گا‘‘ کا مذاق اڑایا گیا، لیکن میں ڈھائی سال بعد دوبارہ آیا اور جب آیا تو دو پارٹیوں کو تقسیم کرکے آیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اروند کیجریوال کے ساتھ جیل میں دہشت گرد جیسا سلوک کیا جا رہا ہے: بھگونت مان

 امیت شاہ نے اپنی تقریر کا آغاز بابا صاحب امبیڈکر کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی یہ جھوٹ پھیلا رہے ہیں کہ اگر بی جے پی کو ۴۰۰؍ سیٹیں مل گئیں تو وہ ریزرویشن ختم کر دے گی۔ لیکن، میں یہاں واضح کرتا ہوں کہ جب تک ہم اقتدار میں ہیں، ریزرویشن متاثر نہیں ہوگا،‘‘  امیت شاہ نے کہا۔ ’’ہم نے زبانی طلاق اور آرٹیکل ۳۷۰؍ کو ختم کرنے کیلئے اکثریت کا استعمال کیا ہے۔ کانگریس نے ناجائز بیٹے کی طرح دفعہ ۳۷۰؍ کا خیال رکھا۔ کانگریس پر ۱۲؍ لاکھ کروڑ کے غلط استعمال کا الزام ہے وہیں  مودی پر پانچ پیسے کی بدعنوانی کا الزام نہیں ہے۔
 یاد رہے کہ ان دنوں بی جے پی کے بیشتر لیڈران اس بات کی وضاحت میں مصروف ہیں کہ دوبارہ اقتدار میں آنے پر وہ آئین کو یا ریزرویشن کو تبدیل نہیں کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK