• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ بی جے پی اودھ اور مگدھ کے لائق نہیں‘‘

Updated: August 31, 2025, 9:38 AM IST | Patna

سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کا ووٹر ادھیکار یاترا سے خطاب ، بی جے پی پر اتر پردیش اور بہار دونوں کو برباد کرنے کا الزام، آرہ میں راہل اور تیجسوی کے ساتھ زبردست استقبال ، کل اس یاترا کا اختتام ہو گا،اپوزیشن لیڈروں کی شرکت نے اسےغیر معمولی کامیابی بخشی

Rahul Gandhi, Akhilesh Yadav and Tejashwi Yadav during the voter empowerment march. (Photo: PTI)
راہل گاندھی ، اکھلیش یادو اور تیجسوی یادو ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران۔( تصویر :پی ٹی آئی )

 ووٹر ادھیکار یاترا میں خصوصی طور پر شامل ہونے پہنچے سماج وادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کا نہ صرف زبردست استقبال کیا گیا بلکہ  جگہ جگہ ان کے نام کے نعرے بھی لگائے گئے۔ انہوں نے یاترا کے  اسٹیج سےبہار کے لوگوں سے اپیل کی کہ ہم نے بی جے پی کو اودھ( یوپی خصوصاً لکھنؤ کے اطراف کے اضلاع) سے باہر نکال دیا ہے، اب  آپ لوگ بھی اسے مگدھ(بہار خصوصاً جنوبی بہار کا علاقہ) سے باہر پھینک دیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اودھ اور مگدھ دونوں کے لائق نہیں ہے۔ ووٹر ادھیکار یاترا جمہوریت کو بچانے کے لئے ہے۔ ہمیں امید ہے کہ بہار میں بھی الیکشن کمیشن کا خصوصی جائزہ یہاں کے ووٹر کر یںگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن نہیں بلکہ’ جُگاڑ کمیشن‘ ہے۔
تیجسوی یادو کی ستائش کی 
 سماج وادی سپریمو نے اپنے خطاب میں کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے دور میں تیجسوی یادو نے ریاست کے لاکھوں لوگوں کو سرکاری نوکریاں دیں،روزگار  سے لگایا اور اب جب اسمبلی الیکشن کے بعد بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنے گی تو ریاست کے لوگوں کو روزی روٹی کے لیے ملک کے دوسرے حصوں میں جانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔تیجسوی یادو بہت بڑے لیڈر ہیں ۔ وہ نوجوانوں کے دل کی بات جانتے ہیں۔ سبھی کو ان کا ساتھ دینا ہی چاہئے۔
 بہار کے لوگوں کو ذمہ یاد دلائی 
 ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہاکہ بہار کے لوگوںنےپہلے بھی بی جے پی کا رتھ روکا ہے۔  اس لئے ہمیں یقین ہے کہ اس بار بھی یہاں کے لوگ بی جے پی کےرتھ کو روکیں گے۔انہوں نے کہاکہ بی جےپی والے پہلے ووٹ کا حق چھینیں گے، پھر راشن کا حق۔ پھر وہ نوکری کا حق چھین لیں گے۔ وہ آپ کو سڑک پر لانا چاہتے ہیں لیکن مہا گٹھ بندھن کی پارٹیاں ایسا نہیں ہونے دیں گی۔ میرا عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس اتحاد کا ساتھ دیں ۔
 یوسف پٹھان بھی شرکت کریں گے
  انڈیا اتحاد کی اہم اتحادی پارٹی  ترنمول کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس یاترا کی حمایت کے لئے اس کے آخری دن یعنی یکم ستمبر کو اپنے دو لیڈران رکن پارلیمنٹ یوسف پٹھان اور للت ترپاٹھی کو پٹنہ بھیجے گی ۔ پارٹی نے تصدیق کی کہ اس یاترا میں یوسف پٹھان شامل ہوں گے ۔ امکان ہے کہ وہ اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔ اس اعلان کے ذریعے ترنمول نے یہ ظاہر کیا ہے کہ وہ بھی اپوزیشن اتحاد کے ساتھ ہے اور ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی کے سخت خلاف ہے۔
 یکم ستمبر کو یاترا کا اختتام 
  بہارمیں ووٹرلسٹ خصوصی جامع نظرثانی میں گڑبڑ ی اور ایس آئی آر کے عمل کے تحت وو ٹر لسٹ سے۶۵؍ لاکھ ووٹروں کے ناموں کو حذف  کئے جانے کے خلاف بطوراحتجاج شروع ہوئی مہاگٹھ بندھن کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ اب اپنے اختتام کو پہنچنے والی ہے ۔۱۷؍اگست کو شیر شاہ سوری کے تاریخی اہمیت کے حامل شہر سہسرام سے شروع ہوئی یاترا ۲۰؍اضلاع میں سیکڑوں کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے کل یکم ستمبر کو پٹنہ میں اختتام پذیر ہوگی۔ ۱۶؍دنوں کی اس یاترامیں راہل گاندھی، تیجسوی یادو اور دپانکر بھٹاچاریہ کے ساتھ الگ الگ موقعوں پر تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، پرینکا گاندھی، تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، اکھلیش یادو اور یوسف پٹھان جیسے کئی اپوزیشن  لیڈروںنے شرکت کی یا کرنے والے ہیں جس سے انڈیا اتحاد کے اتحاد کے پیغام کو مزید تقویت ملی ہے۔
 یاترا کے قائدین کا اہم رول 
  یاترا کی قیادت راہل گاندھی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادوکر رہے ہیں۔ اسے کامیاب بنانے میں جہاں راہل گاندھی کی کرشمائی لیڈر شپ اور ان کی عوامی پہنچ کو کریڈٹ دیا جارہا ہے وہیں تیجسوی یادوکی بھیڑ اکٹھا کرنے کی صلاحیت اور یاترا کے مینجمنٹ کا بھی اہم رول ہے۔ان دونوں لیڈروں کی جگہ بندی نے بھی حکمراں محاذ کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK