Inquilab Logo

رامپو رمیں بی جے پی کی جن وشواس یاترا

Updated: January 02, 2022, 1:03 AM IST | rampur

وزیر اعلیٰ نے خطاب کیا ، سماجوادی پارٹی پر تنقید کی ، اکھلیش کے مفت بجلی دینے کے وعدے پرطنز کیا ، کہا :’’جب وہ اپنی حکومت میں لوگوں کو بجلی نہیں دے پاتے تھے تو مفت بجلی کیسے دیں گے؟وہ تو الٹے بجلی کا بھاری بھرکم بل تھما دیتے تھے۔‘‘

Rampur: Chief Minister Yogi Adityanath addressing. (PTI)
رامپور :وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ خطاب کرتےہوئے۔ ( پی ٹی آئی )

: سنیچر کو  بی جےپی کی جن وشواس یاتر ا مغربی اتر پردیش کے ۱۶؍ اضلا ع سے گزرنے کے بعد رامپور پہنچی ۔ اس موقع پر  وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو کے مفت بجلی دینے کے انتخابی وعدے پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اپنی حکومت میں  بجلی نہیں دے پائے ، آج وہ مفت بجلی دینے کا وعدہ کررہے ہیں۔
  واضح رہےکہ رامپور سماجواد ی کا محفوظ قلعہ سمجھا  جاتا ہے۔یہاں سے سابق کابینی وزیر اورسماجوادی پارٹی کے اہم  لیڈر اعظم خان رکن پارلیمنٹ  ہیں جبکہ رامپور اسمبلی حلقہ سے ان کی تزئین فاطمہ رکن اسمبلی ہیں۔  سنیچر کو یوگی  نے رامپور میں ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا:’’ابھی ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کہہ رہے تھے کہ انتخابات کے بعد ان کی حکومت بننے پر مفت بجلی دیں گے۔ ان سے پوچھا جانا چاہئے کہ جب وہ اپنی حکومت میں لوگوں کو بجلی نہیں دے پاتے تھے تو مفت  بجلی کیسے دیں گے؟وہ تو الٹے بجلی کا بھاری بھرکم بل تھما دیتے تھے۔‘‘ 
 یادر ہے کہ سنیچر ہی کو سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش نے ایس پی کے انتخابی منشور کے پہلے وعدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی حکومت بننے پر ۳۰۰؍یونٹ گھریلو بجلی مفت دی جائے گی۔ ساتھ ہی کسانوں کو سنچائی کے لئے پہلے کی ہی طرح مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔
   ایس پی بی ایس پی اقتدار سے موجودہ حکومت کے  دور کا موازنہ کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ ان کی حکومت نے  ہر فرد کا حق دیا ہے۔ انہوں نے  یہ بھی کہا :’’ آپ نے دیکھا ہوگا کہ سابقہ حکومت میں کس طرح  مافیا جائدادوں کے مالکان کو گھروں سے نکال دیتے تھے، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یہ لوگ کس طرح سے لوٹ مار کرتے تھے؟‘‘ یوگی نے یہ بھی الزام عائد کیا: ’’پہلے جب نوکریاں نکلتی تھیں تو چچا بھتیجے کا گروپ ’وصولی‘ کرنے نکلتا تھا جس سے تقرریاں رک جاتی تھیں۔ عدالت سے اسٹے  لگ جاتا تھا اور نوجوانوں کو دھوکہ دیا جاتا تھا لیکن ہم نے ۴ء۵؍ لاکھ سرکاری نوکریاں دی ہیں۔‘‘ 
 انہوں نےیہ دعویٰ بھی  کیا:’’ پہلے ہر تیسرے دن ریاست میں ایک فساد ہوتا تھا۔ آج کسی فسادی کی ہمت نہیں کیونکہ انہیں پتہ ہےکہ فساد کرنےپر ۷؍ نسلوں کا بھگتنا پڑے گا۔ وہ نقصان کی تلافی کرتے کرتے تھک جائیں گی لیکن تلافی نہیں ہوپائی گی۔‘‘
 اس سے قبل نئے سال کے پہلے دن رامپور پہنچنے پر یوگی نے یہاں کے ۹۵؍ کروڑ روپے کے اخراجات کی ترقیاتی پروجیکٹوں کاا فتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔بعد ازاں وہ بی جے پی کی جن وشواش یاترا میں شامل ہوئے جو  سنیچر کو مغربی اترپردیش کے ۱۶؍ اضلاع سے ہوتے ہوئے رامپور کے رٹھونڈا پہنچی ۔
 جن وشواس یاترا کی  ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا :’’ ہر ضلع کی خاص پہچان دلانے کے لئے ان کی حکومت نے ایک ضلع ایک پروڈکٹ اسکیم کا آغاز کیا۔ رامپور ضلع کے لئے خصوصی پروڈکٹ کی کافی تلاش کے بعد آخر میں رام پور کے چاقو کو ’ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ‘(او ڈی او پی)‘  بنایا گیا ہے۔‘‘
  یوگی نے ایس پی کانام لئے بغیر کہا:’’یہی رامپور چاقو جب ان کے ہاتھ میں ہوتا ہے تو غریبوں کی ملکیت پر قبضہ ہوتا تھا، کاروباری سے لوٹ ہوتی تھی لیکن  اچھے لوگوں کے پاس جب یہی ہتھیار ہو تو وہ اس مذہب، سماج اور ثقافت کا دفاع کرتے  ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK