• Wed, 14 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جے پی لیڈر اور ریاستی وزیر چندر شیکھر باونکولے پربچو کڑو کے سنگین الزامات

Updated: January 13, 2026, 10:54 PM IST | Ali Imran | Amravati

پرہار جن شکتی پارٹی کے لیڈر کا انتباہ، کہا: بی جے پی لیڈر کی بے حساب دولت سے متعلق تمام ثبوتوںکو ۱۶؍ جنوری کو ووٹوں کی گنتی کے بعد منظر عام پر لائیں گے

bacchu kadu
بچو کڑو

پرہار جن شکتی پارٹی کے لیڈر بچو کڑو نے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ریاست کے وزیر محصولات چندر شیکھر باونکولے پر انتہائی سنگین الزام عائد کیا ہے۔بچو کڑو نے باونکولے کے نام سے چلنے والے جگدمبا ٹرایولز کے ٹرکوں اور ان کی ملکیت والی کانوں کی تعداد کی تحقیقات کو براہ راست چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف الزامات کی شروعات ہے، باونکولے سے متعلق تمام ثبوت ۱۶؍ جنوری کو ووٹوں کی گنتی کے بعد منظر عام پر لائے جائیں گے۔ ان الزامات نے ریاستی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے اور باونکولے کی پریشانیوں میںاضافہ بھی کردیا ہے۔
  میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بچو کڑو نے بی جے پی پر سخت تنقید کی اور بی جے پی پر بڑے پیمانے پر انتخابات میں رقم کا استعمال کرنے اور اسے کھلے عام تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں سوال اٹھایا کہ بی جے پی کے پاس اتنا پیسہ آخر کہاں سے آیا؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے نوٹ بندی کے دوران یہ لوٹ مار کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بی جے پی لیڈروں پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک بھی شعبہ ایسا نہیں ہے جہاں بی جے پی لیڈر پیسہ نہ کھاتے ہوں۔ بچو کڑو کے ان الزامات کی وجہ سے بی جے پی کے خلاف سیاسی ماحول مزیدسنگین ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ چندر شیکھر باونکولے پر الزام لگاتے ہوئے، بچو کڑو نے خاص طور پر کان کنی اور ٹرانسپورٹنگ کے کاروبار کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے جگدمبا ٹرایولز کمپنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ باونکولے کے پاس کتنی کانیں ہیں اور ان کانوں سے کتنے ٹرک چلتے ہیں اس بارے میں معلومات سامنے آنی چاہئے۔ انہوں نے میڈیا کے توسط سے یہ دعویٰ کیا کہ اس کمپنی کی ملکیت والے ٹرکوں کی صحیح تعداد اور وہ کس کمپنی کے لئے کام کرتے ہیں، ان کے پاس وہ تمام ثبوت موجود ہیں، اور صحیح وقت آنے پر وہ  سب کچھ عوام کے سامنے لائیں گے۔
  بچو کڑو نے بی جے پی کے ٹکٹوں کی تقسیم کے نظام پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے بی جے پی کی پالیسیوں کو نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پارٹی کے ایماندار کارکنوں کو نہ تو ٹکٹ دیئے جاتے ہیں، نہ ہی امیدواروں کو انتخابات کیلئے خرچ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۴۰؍ سال سے کام کرنےوالے ایماندار امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دیا جاتا بلکہ پیسے والوں کو ہی ٹکٹ دیا جاتا ہے۔ بی جے پی کے وفادار کارکنوں کو نظر انداز کرکے امیروں کو آگے بڑھایاجاتا ہے۔
  بچو کڑو نے دعویٰ کیا کہ مرکز اور ریاستوں میں اگر ہم اقتدار میں ہوتے تو ہماری پہلی کوشش عام آدمی کو مرکزی دھارے میں لانے کی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ  بی جے پی اس کے برعکس کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی طاقت کا استعمال صرف پیسہ اور طاقت بڑھانے کیلئے کیا ہے اور اس کیلئے عام آدمی کی آواز کو دبایا ہے۔ بچو کڑو نے انتہائی سخت اور جارحانہ لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا  کہ ایک دن لوگ بھگوان رام چندر کے تیر کمان سے بی جے پی پر حملہ کریںگے اور یہ کام ہندوؤں کے ذریعہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں بی جے پی کے خلاف غصہ بڑھتا ہی جا  رہا ہے۔مستقبل میں ایک وقت آئے گا جب لوگ انہیں سڑکوں پر دوڑا دوڑا کر کر ماریں گے۔
  دوران گفتگو بچو کڑو نے بار بار اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کے پاس باونکولے کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور وہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد عوام کے سامنے پیش کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK