تمل ناڈو کے ایک اسپتال میں زعفرانی لیڈر نے باحجاب خاتون کا ویڈیو بنایا ، جواب میں خاتون نے لیڈر کا ویڈیو بنا کر پولیس کو دیا
Updated: May 27, 2023, 9:53 AM IST | Chennai
تمل ناڈو کے ایک اسپتال میں زعفرانی لیڈر نے باحجاب خاتون کا ویڈیو بنایا ، جواب میں خاتون نے لیڈر کا ویڈیو بنا کر پولیس کو دیا
اب بی جے پی والوں کو ان مقامات پر بھی مسلم خواتین کے حجاب پہننے پر پابندی ہے جو ان کے حلقۂ اختیار میں نہیں آتے ہیں۔ تمل ناڈو میں ایک بی جے پی لیڈر نے اسپتال میں ڈیوٹی پر تعینات ایک خاتون ڈاکٹر کے برقع پہننے پر ہنگامہ کھڑا کر دیا جیسے خاتون نے کوئی جرم کر دیا ہو۔ معاملہ تمل ناڈو کے ناگ پٹنم ضلع کے سرکاری پرائمری ہیلتھ کیئر کا ہے۔
اطلاع کے مطابق یہاں رات کی ڈیوٹی کے دوران خاتون ڈاکٹر حجاب پہنے ہوئے تھیں۔ یہ بات بی جے پی لیڈر کو اچھی نہیں لگی اور اس نے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ بحث شروع کر دی۔ خاتون ڈاکٹر نے اس معاملے کی شکایت پولیس میں کی جس کے بعد لیڈڑ کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی لیڈر کے ذریعہ کئے گئے ہنگامے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا ہے۔ ویڈیو میں بی جے پی لیڈر بھونیشور رام کو سرکاری ہیلتھ کیئر میں خاتون ڈاکٹر (جن کا نام جنت الفردوس بتایا جا رہا ہے) کو حجاب پہننے پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بھونیشور رات کی ڈیوٹی کر رہی خاتون ڈاکٹر سے پوچھتا ہے کہ کیا وہ واقعی میں ایک ڈاکٹر ہے، کیونکہ اس نے یونیفارم نہیں پہنا ہوا ہے اور حجاب پہن رکھا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ خاتون ڈاکٹر نے بھی اس واقعہ کا ویڈیو ریکارڈ کیا۔ اپنے جاری کردہ ویڈیو میں وہ یہ کہتے ہوئے سنی جا سکتی ہیں کہ رات کے وقت جب خاتون اسٹاف رکن ہوتی ہیں تو بعض لوگ نازیبا کلمات کا استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔ وہ کہہ رہی ہیں کہ بغیر اجازت کے خاتون ڈاکٹر کا ویڈیو شوٹ نہیں کرنا چاہئے۔ موقع پر موجود دیگر لوگوں نے بھی بھونیشور رام کے ہنگامے کا ایک ویڈیو ریکارڈ کیا اور بتایا کہ وہ بغیر اجازت کے رات میں ایک خاتون ڈاکٹر کا ویڈیو بنا رہے تھے۔ بہر حال بعد میں معاملہ پولیس تک پہنچا اور پولیس نے بی جے پی لیڈر کے خلاف خاتون کو تنگ کرنے کا معاملہ درج کیا ہے۔