پنجاب کنگز نے سپر کنگز کو ۴؍وکٹوں سے شکست دی،یزویندر چہل نے ایک اوور میں ۴؍وکٹیں حاصل کیں،۵؍بار کی چمپئن ٹیم کی اپنے گھریلو میدان میں لگاتار ۵؍ویں شکست۔
EPAPER
Updated: May 02, 2025, 12:18 PM IST | Inquilab News Network | Chennai
پنجاب کنگز نے سپر کنگز کو ۴؍وکٹوں سے شکست دی،یزویندر چہل نے ایک اوور میں ۴؍وکٹیں حاصل کیں،۵؍بار کی چمپئن ٹیم کی اپنے گھریلو میدان میں لگاتار ۵؍ویں شکست۔
چنئی سپر کنگز اپنے ہوم گراؤنڈ پر پنجاب کنگز کے ہاتھوں ۴ ؍ وکٹوں سے ہارنے کے بعد آئی پی ایل ۲۰۲۵ءسے باہر ہو گئی۔ ۵؍ بار کی چمپئن ٹیم اس سیزن کی پہلی ٹیم بن گئی جو پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوئی ہے۔ یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب چنئی کی ٹیم پلے آف میں پہنچنے میں ناکام رہی ہے۔ دوسری جانب اس جیت کے ساتھ ہی پنجاب کنگز پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ چنئی کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ مسلسل پانچویں شکست ہے۔
چہل کی ہیٹ ٹرک
میچ کی سب سے بڑی کشش یزویندر چہل کی ہیٹ ٹرک تھی جو انہوں نے اننگز کے۱۹؍ویں اوور میں لی۔ انہوں نے دھونی، دیپک ہڈا، کمبوج اور نور احمد کو آؤٹ کر کے آئی پی ایل کی تاریخ میں دوسری بار ہیٹ ٹرک لی۔ ان کی مہلک گیند بازی کی بنیاد پر پنجاب نے یہ اہم میچ جیت لیا۔
چنئی نے دیا تھا ۱۹۰؍رنوں کا ہدف
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے آئی چنئی سپر کنگز کی شروعات بہت خراب رہی۔ تاہم سیم کرن اور ڈیولڈ بریوس کی طوفانی اننگز کی بدولت ٹیم ۲۰؍اوور میں ۱۹۰؍رنوں تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔ کرن نے۴۷؍ گیندوں میں ۸۸؍رن بنائے جن میں ۹؍چوکے اور۴؍ چھکے شامل تھے۔ انہوں نے سوریانش ہیگڑے کے ۱۶؍ویں اوور میں ۲۶؍ رن بنا کر میچ کا رخ بدل دیا۔ دریں اثنا۱ءپنجاب کے تیز گیند باز ارش دیپ سنگھ اور مارکو جینسن نے چنئی کو شروع سے ہی دباؤ میں ڈال دیا تھا۔ انہوں نے پاور پلے میں ہی شیخ رشید اور آیوش کو پویلین بھیج دیا۔ اس دوران چنئی کا اسکور ۲؍ وکٹ پر صرف ۲۲؍رن تھا۔
چنئی کی اوپننگ بلے بازی مسلسل ناکام
چنئی کے اوپننگ بلے بازوں کی ناکامی کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹیم نے اس سیزن میں ۵؍ سے زیادہ اوپننگ جوڑی آزمائی ہے لیکن کوئی بھی جوڑی ٹیم کو اچھا آغاز نہیں دے سکی۔ اس وجہ سے ٹیم کو اب تک ۷؍ شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ رویندر جڈیجہ ایک بار پھر بلے سے ناکام رہے اور صرف ۱۷؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ ساتھ ہی شیوم دوبے، دیپک ہڈا اور دھونی بھی ٹیم کے لئے زیادہ رن نہیں بنا سکے۔
دھونی کی کپتانی نے کوئی اثر نہیں دکھایا
رتوراج گائیکواڑکی غیر موجودگی میں کپتانی سنبھالنے والے مہندر سنگھ دھونی ٹیم کو فتح کی راہ پر نہیں لا سکے۔ چنئی نے اب تک۹؍ میں سے صرف ۲؍میچ جیتے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب چنئی مسلسل ۲؍ سیزن میں پلے آف تک پہنچنے میں ناکام رہی ہے۔ دھونی نے کمان سنبھالنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی ٹریک پر واپس آجائیں گے۔ تاہم ۵؍ بار کی فاتح ٹیم کے کپتان دھونی اس سیزن میں بطور کپتان بری طرح سے فلاپ ثابت ہوئے۔
پنجاب کی پلے آف کی امیدیں برقرار
پنجاب کنگز نے شریاس ایر کی کپتانی میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پربھ سمرن سنگھ اور ایر نے زبردست شراکت داری کی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ایر نے ۷۱؍ رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی پنجاب کے ۱۳؍پوائنٹس ہو گئے ہیں اور ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں مضبوط پوزیشن میں آ گئی ہے۔ اننگز کے دوران ششانک سنگھ نے رویندر جڈیجہ کی گیند پر مڈ وکٹ کی طرف پل شاٹ کھیلا۔ گیند ہوا میں چلی گئی اور ڈیپ مڈ وکٹ پر فیلڈنگ کرتے ہوئے ڈیولڈ بریوس نے زبردست چستی دکھائی۔ بریوس نے باؤنڈری لائن کے اندر رہتے ہوئے گیند کو پکڑا، پھر خود باؤنڈری سے باہر جانے سے پہلے گیند کو ہوا میں بلند کیا۔ ہوا میں رہتے ہوئے انہوں نے گیند کو دوبارہ میدان میں پھینکا اور پھر خود میدان میں آکر کیچ مکمل کیا۔ یہ قواعد کے مطابق ایک درست کیچ تھا۔ اس طرح ششانک سنگھ جڈیجہ کی گیند پر بریوس کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس میچ میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے جہاں آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہیں چنئی نے اہم موقع پر کیچ چھوڑے جو ٹیم کیلئے نقصاندہ ثابت ہوا۔