آئی پی ایل میں آج کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور چنئی سپرکنگز کا مقابلہ۔ دھونی ممکنہ طورپر آخری بار ایڈن گارڈنس پر کھیلتے ہوئے نظرآئیں گے۔
EPAPER
Updated: May 07, 2025, 11:34 AM IST | Agency | Kolkata
آئی پی ایل میں آج کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور چنئی سپرکنگز کا مقابلہ۔ دھونی ممکنہ طورپر آخری بار ایڈن گارڈنس پر کھیلتے ہوئے نظرآئیں گے۔
ایڈن گارڈنس مہندر سنگھ دھونی کی پیلی جرسی کے رنگ میں رنگا جا سکتا ہے۔ بدھ کو کولکاتا میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ممکنہ طور پرایم ایس دھونی کا تاریخی میدان پر آخری مقابل ہوگا۔ ۵؍ بار کی چمپئن چنئی پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے لیکن دھونی کا کرشمہ ہمیشہ کی طرح مضبوط ہے اور ان کی اکیلے موجودگی نائٹ رائیڈرس کے گھریلو میدان کو پیلا کر سکتی ہے۔
کولکاتا ایک ایسا شہر ہے جس کے ساتھ دھونی کے بھی قریبی تعلقات ہیں۔ ان کے سسرال والے اسی شہر میں رہتے ہیں اور انہوں نے اپنا زیادہ وقت اسی شہر میں جونیئر کرکٹ میں گزارا ہے۔ اس لئے بدھ کا دن۴۳؍ سالہ کرکٹر اور ان کے مداحوں کیلئے ایک جذباتی دن ہو سکتا ہے۔ ایڈن گارڈنس دھونی کی کئی کامیابیوں کا بھی گواہ رہا ہے، جن میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی پہلی سنچری اور ٹیسٹ کرکٹ میں دو سنچریاں شامل ہیں۔ وہ یہاں کلب کرکٹ بھی کھیل چکے ہیں، جس میں شمبازار کلب کیلئے یادگار پی سین ٹرافی فائنل بھی شامل ہے۔
ایم ایس دھونی کی کارکردگی اب پہلے کی طرح متاثر کن نہیں رہی اس کے باوجود ان کے مداحوں کا ان سے جذباتی لگاؤ ہے اور اس لئے وہ بڑی تعداد میں یہاں پہنچ سکتے ہیں۔ چنئی کی ٹیم کو گزشتہ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں ۲؍ رن سے شکست ہوئی تھی۔ دھونی نے اس میچ میں ۸؍ گیندوں پر۱۲؍ رن بنائے لیکن وہ آخری اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ ہو گئے جس کی وجہ سے چنئی کی ٹیم ہدف تک نہیں پہنچ سکی۔ دھونی نے میچ کے بعد شکست کی ذمہ داری لی۔
چنئی کے پاس اب گنوانے کیلئے کچھ نہیں ہے اور وہ اس میچ میں زیادہ آزادانہ طور پر کھیلے گی لیکن کولکاتا کے لئے یہ کرو یا مرو کا میچ ہے کیونکہ اسےاپنی پلے آف کی اُمیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے باقی تینوں میچ جیتنے ہوں گے۔ کولکاتا کے اس وقت۱۱؍ پوائنٹس ہیں اور اگر وہ اپنے اگلے ۳؍ میچ جیت لیتا ہے تو اس کے ۱۷؍ پوائنٹس ہو جائیں گے۔ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہاں پہنچ کر بھی پلے آف میں اس کی جگہ یقینی ہو جائے گی کیونکہ بہت کچھ دیگر ٹیموں کے نتائج پر منحصر ہوگا اور ایسی صورت میں معاملہ نیٹ رن ریٹ پر بھی پھنس سکتا ہے۔
چنئی کے بعد کولکاتا کے اپنے ہوم گراؤنڈس پر سن رائزرس حیدرآباد اور آر سی بی کے خلاف میچ ہیں لیکن فی الحال وہ راجستھان رائلز کے خلاف اپنی ایک رن سے جیت کی رفتار کو جاری رکھنا چاہیں گے۔ اس میچ میں آندرے رسل کے فارم میں واپسی بہت اہم تھی اور اجنکیا رہانے کی زیرقیادت کولکاتا کی ٹیم بھی وینکٹیش ایّر سے اسی طرح کی کارکردگی کی امید کرے گی، جو اس سیزن میں اب تک رن بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔کولکاتا کے کھلاڑی سیزن کے آخری حصہ میں اچھا کھیل رہے ہیں اور وہ چنئی کےخلاف کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیں گے۔