آپریشن سیندور کے بعد بھیجے گئے وفد میں شامل نوجوان رکن پارلیمان کی کوشش پرامریکی صدر نےشدید برہمی کا اظہار کیا تھا
EPAPER
Updated: July 09, 2025, 11:26 PM IST | New Delhi
آپریشن سیندور کے بعد بھیجے گئے وفد میں شامل نوجوان رکن پارلیمان کی کوشش پرامریکی صدر نےشدید برہمی کا اظہار کیا تھا
کانگریس کے رکن پارلیمان ششی تھرور کی قیادت میں ایک سرکاری وفد کے امریکی دورے پر ایک نوجوان بی جے پی ایم پی کی جانب سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ’ذاتی حیثیت‘ میں ملاقات کی کوشش کی گئی جو ہندوستان کی سفارتی روایت، وقار اور پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی قرار دی جارہی ہے۔ کرناٹک کے وزیر پرینک کھرگے نے اس واقعے کی رپورٹ ایکس پر شیئر کی ہے اور اسے ہندوستان کے ادارہ جاتی وقار کی توہین قرار دیتے ہوئے سخت سوالات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے وزارتِ خارجہ کے ساتھ ساتھ پی ایم او سے بھی وضاحت طلب کی ہے۔ یاد رہے کہ اس وفد میں ششی تھرور کے علاوہ شمبھاوی چودھری (ایل جے پی )، سرفراز احمد (جے ایم ایم )، ہریش بال یوگی (ٹی ڈی پی )، ششانک منی ترپاٹھی (بی جے پی )،تیجسوی سوریہ (بی جے پی ) اور بھوبنیشور کلیتا (بی جے پی ) شامل تھے جبکہ ملند دیورا ، ملکارجن دیودا اور سابق سفیر ترنجیت سنگھ سندھو بعد میں اس وفد میںشامل ہوئے۔
آپریشن سیندور‘ کے بعد کئے گئے سفارتی اعتماد سازی اقدامات کے تحت ایک کثیرالجہتی پارلیمانی وفد نے امریکہ کا دورہ کیا تھا جس میں مختلف جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ شامل تھے۔ اس وفد میں شامل نوجوان بی جے پی رکن پارلیمنٹ —جس کا نام میڈیا میں واضح نہیں کیا گیا ہے ، نے محض دکھاوے اور اپنی واہ واہی کی خاطر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کا انتظام کروایا لیکن یہ ملاقات نہ صرف شرمندگی کا باعث بن گئی بلکہ سفارتی اصولوں کے منافی بھی ثابت ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق یہ نوجوان بی جے پی ایم پی اس وقت برہم ہوگیا جب شیو سینا کے لیڈرملند دیورا نے ٹرمپ کے بیٹوں ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر اور ایرک ٹرمپ سے ذاتی حیثیت میں نہ صرف ملاقات کی بلکہ اس میٹنگ کو وفد کی جانب سے بھی کافی سراہا گیا کیوں کہ اس کی وجہ سے وفد کو کافی بہتر طریقے سے ریسیو کیا گیا ۔ اس کے جواب میں مذکورہ نوجوان ایم پی نے اپنی اہمیت ظاہر کرنے اور دکھاوے کیلئے ذاتی حیثیت میں ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کا ارادہ کیا۔ انہوںنے اس بارے میں وفد کو بھی نہیں بتایا اور نہ وزارت خارجہ کو اس کی اطلاع دی۔ اس نوجوان ایم پی نے اپنے ایک پرانے امریکی دوست کے ذریعے یہ پورا کھیل کھیلا ۔