• Sat, 13 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جےپی ۱۰؍ ہزار ۱۰۷؍ کروڑکی مالک، کانگریس کے پاس صرف ۱۳۴؍ کروڑ

Updated: December 13, 2025, 8:23 AM IST | New Delhi

اجے ماکن نے انتخابی چندہ کی نابرابری اور ۲۰؍ سال میں زعفرانی پارٹی کو ملنےوالے غیر معمولی فنڈکی قلعی کھول دی،کانگریس کا چندہ روکنے کیلئے ای ڈی کے استعمال کا الزام لگایا

Ajay Maken speaking in the House
اجے ماکن ایوان میں تقریر کرتے ہوئے

انتخابی اصلاحات پر مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن اور پارٹی کے خزانچی اجے ماکن نے  الیکشن کے دوران مساوی مواقع کے حوالے سے کانگریس اور بی جےپی کے بینک بیلنس کا حوالہ دیکر کئی اہم سوالات کھڑے کئے۔   انہوں  نے بتایا کہ ۲۰۱۴ء میں  بی جےپی کے برسراقتدار آنے کے بعد زعفرانی پارٹی کوملنےوالے چندے میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے  اور آج اس کے پاس کانگریس کے مقابلے ۷۵؍ فیصد زیادہ فنڈ ہے۔  اس کےساتھ ہی انہوں نے  ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن سے قبل کانگریس کے بینک کھاتوں کو منجمد کئے جانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے سوال کیا کہ الیکشن کے دوران برابری کےمواقع والی بات کہاں ہے؟
  انہوں نے زور دیکر کہا کہ ملک کی دو بڑی پارٹیوں کے درمیان وسائل میں اس طرح کا عدم توازن برابری کے مواقع کو تباہ کرتا ہے، جو   ’’صحت مند جمہوریت کے تین بنیادی ستونوں‘‘ میں سے ایک ہے۔  انہوں  نے نشاندہی کی کہ باقی دو ستون ’’شفافیت‘‘ اور انتخابی عمل کی ’’ساکھ‘‘ بھی مجروح ہوچکی ہے۔  انہوں  نے بتایا کہ ۲۰۰۴ء کے بعد گزشتہ۲۰؍ برسوں میں بی جے پی کا بینک بیلنس۸۷ء۹۶؍ کروڑ روپے سے بڑھ کر ۱۰؍ہزار ۱۰۷ء۲؍ کروڑ روپے ہوگیا جبکہ کانگریس کا   انتخابی فنڈ ۳۸ء۴۸؍ کروڑ روپے سے بڑھ کرصرف ۱۳۳ء۹۷؍ کروڑ روپے ہوا ہے۔ یاد رہے کہ ۲۰۰۴ء  کے بعد سے مرکز پر کانگریس برسراقتدار تھی مگر ۲۰۰۹ء تک اس  کے اور بی جےپی کے فنڈ میں اضافہ میں بہت زیادہ فرق نہیں تھا۔اس کا فنڈ بڑھ کر ۲۰۰۹ء میں اگر  ۲۲۱؍کروڑ روپے ہوا تو   بی جےپی کا فنڈ ۱۵۰؍ کروڑ تک پہنچ گیا۔   مگر ۲۰۱۴ء میں بی جےپی کے اقتدار میں آنے کے بعد ۲۰۱۹ء تک اس فرق میں  اضافہ ہونے لگا۔ ۲۰۱۹ء میں  بی جے پی کے پاس۳؍ ہزار ۵۶۲؍ کروڑ روپے تھے جبکہ  کانگریس کے پاس ۳۱۵؍ کروڑ روپے ۔ یعنی زعفرانی پارٹی کے پاس کانگریس کے مقابلے میں  انتخابی فنڈ ۱۱؍ فیصد زیادہ تھا۔  انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد اس فرق میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اجے ماکن کے مطابق ’’۲۰۲۴ء میں بی جے پی  ۱۰؍ ہزار ۱۰۷ء۲؍ کروڑ کی مالک بن گئی جبکہ  کانگریس کے پاس۱۳۳ء۹۷؍ کروڑ روپے  ہی  ہوپائے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK