Inquilab Logo

بجلی بل کے خلاف بی جے پی کا احتجاج ،بیسٹ بھون‌ میں جنرل منیجرکا گھیراؤ کیا

Updated: July 24, 2020, 10:00 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بھاری بھرکم بجلی بل بھیجنے کے خلاف ’نہ کام نہ دھندہ بجلی بل کا پھندا ،نہیں چلے گی نہیں چلے گی داداگیری نہیں چلے گی‘ نعرہ لگاتے ہوئے بی جے پی عہدیداران اور کارپوریٹروں نے جمعرات کو پہلے بیسٹ بھون میں احتجاج کیا پھر بیسٹ کے جنرل مینیجر سریندر باگڑے کا ان کے دفتر میں پہنچ کر گھیراؤ کیا۔

Electricity Bill - Pic : INN
بجلی بل ۔ تصویر : آئی این این

بھاری بھرکم بجلی بل بھیجنے کے خلاف ’نہ کام نہ دھندہ بجلی بل کا پھندا ،نہیں چلے گی نہیں چلے گی داداگیری نہیں چلے گی‘ نعرہ لگاتے ہوئے بی جے پی عہدیداران اور کارپوریٹروں نے جمعرات کو  پہلے بیسٹ بھون میں احتجاج کیا پھر بیسٹ کے جنرل مینیجر سریندر باگڑے کا ان کے دفتر میں پہنچ کر گھیراؤ کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران سے اب تک لوگ روزی روٹی کیلئے پریشان ہیں اس پر بجلی بل میں راحت دینے کے بجائے ان پر کئی گنا‌زیادہ  بل کا بوجھ لاد دیا گیا اور  اب بجلی بل نہ بھرنے والوں کے میٹر کاٹ دینے کا ایس ایم ایس بھیج کر ان پر دباؤ ڈالا کر پریشان کیا جا رہا ہے۔ یہ ناانصافی ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی دلیل دی کہ بیسٹ کا معاملہ دیگر بجلی کمپنیوں سے اس لئے بھی الگ ہے کہ یہ پبلک انڈرٹیکنگ ہے۔ یہاں منافع کیلئے کاروبار نہیں کیا جاتابلکہ صارفین کی خدمت کی جاتی ہے ۔ 
 مظاہرے اور گھیراؤ میں‌شامل ممبئی بی جے پی کے صدر منگل پربھات لوڈھا، رکن اسمبلی راہل نارویکر، پربھاکر شندے، بھال چندر شرشاٹ اور بی جے پی کے دیگر کارپوریٹروں کی موجودگی میں جنرل مینیجر سے دیر تک بحث ومباحثہ کا سلسلہ جاری رہا۔ ان سب کی یہ دلیل تھی کہ یہ وقت لوگوں کو راحت پہنچانے کا ہے نہ کہ ان پر بوجھ ڈال کر اور ڈرا کر بھاری بھرکم بجلی بل بھیج کر منافع کمانے کا۔ اس لئے بیسٹ انتظامیہ لاکھوں صارفین کو فوراً راحت پہنچانے کا اعلان کرے۔ یاد رہے کہ بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے تقریباً ایک ماہ قبل صارفین کو راحت پہنچانے کا حوالہ دیتے ہوئے تین اہم اعلانات کئے گئے تھے جس کی ستائش کی گئی تھی۔ پہلا یہ کہ بجلی بل ادا نہ کرنے کی صورت میں کسی بھی صارف کا میٹر نہیں کاٹا جائے گا۔ دوسرے یہ کہ جن صارفین کا بجلی  بل اندازے سے بھیجا گیا ہے، ان سب کے میٹر کی صحیح ریڈنگ لے کر دوبارہ بل بھیجا جائے گا اور جو زیادہ بل بھیجا گیا ہے اسے آنے والے مہینوں کے بجلی بل میں ایڈجسٹ کیا جائے گا اور تیسرے جن صارفین کا بہت زیادہ بل بھیجا گیا ہوگا ان کی شکایت سنی جائے گی اور انہیں قسط کی شکل میں بجلی بل ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ اب عمل ان تینوں یقین دہانیوں کے خلاف کیا جارہا ہے جو حیران کن ہے۔ 
 مہاراشٹر بی جے پی کے ترجمان بھال چندر شرشاٹ نے کہا کہ بجلی بل کی ادائیگی کے لئے لوگ بہت زیادہ پریشان ہیں اور جب انہیں کسی قسم کی رعایت دینے کے بجائے  پریشان کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم نے عوام کی آواز کو انتظامیہ تک پہنچانے کے لئے یہ احتجاج اور گھیراؤ کیا۔ ہم سب شام تک جی ایم کے دفتر میں اس لئے بحث ومباحثہ کرتے رہے تاکہ ممبئیکروں کو راحت دلائی جاسکے اور بیسٹ انتظامیہ اپنا فیصلہ واپس لے۔  منگل پربھات لوڈھا نے کہا کہ جب تک فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا بی جے پی کا احتجاج جاری رہے گا۔ہم لوگ ممبئیکروں پر ڈالا گیا بوجھ کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔
 بی جے پی کی جانب سے احتجاج اور جنرل مینیجر کے گھیراؤ کے ساتھ تین اہم مطالبے کئے گئے۔ اول یہ کہ بجلی بل بھرنے کے نام پر صارفین کو ہراساں کرنا بند کیا جائے اور بل کی ادائیگی کے نام پر میٹر کاٹ دینے کی جو وارننگ دی گئی ہے، وہ ایس ایم ایس واپس لے کر کسی کی بجلی نہیں کاٹی جائے گی، کا دوبارہ میسج بھیجا جائے۔ دوسرے یہ کہ ۱۰۰؍یونٹ بجلی بل معاف کرنے اور سرکاری ٹیکس نہ لینے کا حکومت سے جو مطالبہ کیا گیا ہے، اس پر  فیصلہ آنے تک اسے التواء میں رکھا جائے۔ تیسرے یہ کہ ملکی سطح پر لاک ڈاؤن کے دوران کا بجلی بل نہ لے کر صرف رواں مہینے کا بجلی بل لے کر ممبئیکروں کو راحت دی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK