پاکستان نے لیہہ سے گجرات تک ۳۶؍ مقامات پر حملہ کی کوشش کی ، ہندوستانی فوج نے ناکام کردیا،۴۰۰؍ ڈرون مار گرائے ، ایک ایف ۱۶؍ کو بھی نشانہ بنانے کی اطلاع
EPAPER
Updated: May 09, 2025, 11:39 PM IST | New Delhi
پاکستان نے لیہہ سے گجرات تک ۳۶؍ مقامات پر حملہ کی کوشش کی ، ہندوستانی فوج نے ناکام کردیا،۴۰۰؍ ڈرون مار گرائے ، ایک ایف ۱۶؍ کو بھی نشانہ بنانے کی اطلاع
پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کروانے کے بعد بھی پاکستان نچلا بیٹھنے کو یا اپنی شر انگیزی سے باز آنے کو تیار نہیں ہے۔ ہندوستان کی جانب سے سخت وارننگ اور فوجی کارروائی کے انتباہ کے باوجود پاکستان نے گزشتہ شب ایک مرتبہ پھر ہندوستانی شہروں کو نشانہ بناکر ڈرون حملے کئے۔ یہ شہرملک کے بالکل شمال میں واقع لداخ کے لیہہ سے لے کر سرکریک(گجرات) تک پھیلے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے ۳۶؍ مقامات پر ۴۰۰؍ سو سے زائد ڈرون داغے لیکن ہندوستانی فوج کی مستعدی کے سبب ایک بھی ڈرون کوئی معمولی نقصان بھی نہیں پہنچاسکا ۔ اس بارے میں وزارت خارجہ اور فوج کی پریس کانفرنس میں ایک مرتبہ پھر کرنل صوفیہ قریشی نے کہا کہ ۸؍ اور ۹؍مئی کی شب پاکستان نے فوجی ٹھکانوں کو ہدف بنانے کے مقصد سے حملہ کیاتھا۔ اتنے بڑے ڈرون حملے کا مطلب یہ تھا کہ وہ ہندوستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی طاقت کا پتہ لگانا چاہتے تھے۔ یہ ڈرون ترکی کے تھے۔ ہندوستان نے بیشتر ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ کرنل صوفیہ کے مطابق پاکستان نے ۳۶؍مقامات پر ۴۰۰؍ سے زائد ڈرون حملے کئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنگ دھار، اُری اور ادھم پور میں شدید گولی باری ہوئی۔ انہوں نے یہ اعتراف کیا کہ پاکستان کی گولی باری سے نقصان ہوا ہے۔ کچھ اموات بھی ہیں جن کی تصدیق کی جارہی ہے انہوں نے کچھ تصویریں دکھائیں اور کہا کہ ہماری فضائیہ نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا ہے۔
ملک کے خارجہ سیکریٹری وکرم مسری بھی اس پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ذریعہ چلائے گئے ’آپریشن سیندور‘ سے پاکستان بری طرح بوکھلا گیا ہے۔ اسے اب عام شہریوں کی بھی فکر نہیں ہے، بلکہ عام لوگوں کو ڈھال بنا کر وہ ہندوستان پر حملے کرتا نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے مسافر طیاروں کو ڈھال بنا کر ہندوستان پر حملہ کیا۔ پاکستان جب ڈرون حملے کر رہا تھا تو اُس وقت بھی اس نے سعودی عرب کے دمام سے لاہور کے درمیان فلائٹ کو نہیں روکا۔ حملوں کے درمیان اس نے اپنا ایئر اسپیس کھلا رکھا تھاجس کی وجہ سے عام شہریوں کو نقصان ہو سکتا تھا۔ کرنل صوفیہ نے بتایا کہ ایسے وقت میں ہندوستان نے انتہائی صبر سے کام لیا اور کمرشیل طیاروں کو نقصان نہیں ہونے دیا۔ کرنل صوفیہ قریشی نے ننکانہ صاحب گرودوارہ پر حملے کے پاکستان کے الزام کو بھی گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کی اور کہا کہ اس طرح کے گمراہ کن پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان ہندوستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنا چاہتا ہے۔ کرنل صوفیہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ پاکستان نے بھٹنڈہ کے ایئر بیس کو نشانہ بنانے کے لئے ڈرون روانہ کیا تھا لیکن اسے سرحد پر بھی مار گرایا گیا۔ساتھ ہی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ہندوستان کی جوابی کارروائی میں ایک پاکستانی جنگی جہاز ایف ۱۶؍ کو بھی مار گرایا گیا ہے اور اس کے پائلٹ کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ اس جنگی جہاز نے سرگودھا ایئر بیس سے اڑان بھری تھی اور ہندوستان پر حملہ کرنے والا تھا لیکن اس سے قبل ہی اسے مار گرایا گیا۔
اس سے قبل پاکستانی حملے کے سبب سرحدی علاقوں میں پوری طرح سے بلیک آئوٹ کردیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے پاکستانی حملہ بڑی حد تک ناکام رہا ۔ اس کی ناکامی میں ہندوستان کے ایس ۴۰۰؍ میزائل دفاعی نظام کا بھی ہاتھ رہا جس نےانتہائی زیرک انداز میں پاکستانی ڈرونز اور میزائلوں کو ناکام بنانے کا کام کیا۔ گزشتہ ۲؍ دنوں میں پاکستان نے ہندوستانی شہروں اور علاقوں کو نشانہ بناکر اب تک جتنے بھی حملے کئے ہیں ان میں وہ کسی میں بھی کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔ اسی وجہ سے اس کا غصہ اور اشتعال بڑھتا جارہا ہے لیکن ہندوستان کی جانب سے نہایت نپی تلی اور دوٹوک کارروائی کی جارہی ہے ۔ ساتھ ہی پاکستان کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سرحد ی ریاستوں راجستھان ، گجرات ، پنجاب اور جموں کشمیر میں سرحد کے قریب کے شہروں میں شام کے وقت مکمل بلیک آئوٹ کیا جارہا ہے۔تمام سرگرمیاں ۵؍ بجے تک بند کردی جارہی ہیں۔