• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۱۰؍گھنٹوں کا بلاک ،۱۲۶؍سروسیز منسوخ رہیں گی

Updated: September 07, 2024, 7:20 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سنیچر اوراتوار کی درمیانی شب میں۱۲؍بجے سے اتوار کی صبح ۱۰؍بجے تک بلاک رہے گا ۔مسافر ذہن نشین کرلیں

Passengers are waiting for the train to stop at the newly built platform at Malad station
ملاڈ اسٹیشن پر بنے نئے پلیٹ فارم پر مسافر ٹرین کے رکنے کا انتظار کر رہے ہیں

گورے گاؤں اور کاندیولی کے درمیان چھٹی لائن بچھانے کے لئے سنیچر اور اتوار (۷۔ ۸؍ستمبر) کی درمیانی کی شب میں ۱۲؍ بجے سے اتوار کی صبح ۱۰؍ بجے تک۱۰؍ گھنٹے کا جمبو بلاک کیا جائے گا۔ اس دوران ۱۲۶؍ لوکل سروسیز منسوخ کی جائیں گی۔اسی کے ساتھ۳۵؍ سروسیز چرچ گیٹ سے بوریولی کے بجائے محض گورے گاؤں تک ہی چلائی جائیں گی اور یہیں سے چرچ گیٹ واپس کردی جائیں گی۔ان میں۱۸؍ اپ اور۱۷؍ ڈاؤن ہوں گی۔ اس کے علاوہ کچھ طویل مسافتی ٹرینیں بھی ۱۵؍ تا ۲۰؍منٹ تاخیر سے چلائی جائیں گی ۔ اگر ان تمام لوکل ٹرینوں کا شمار کیا جائے تو متاثر ہونے والی لوکل ٹرینوں کی تعداد ۱۶۱؍ہوجائے گی ۔
 دوسری جانب جاری بلاک کے سبب ملاڈ میں بنا ئی گئی ڈیڑھ کلو میٹر لمبی نئی لائن پرٹرینوں کوموڑ کر گزارا جارہا ہے جس سے رفتارکافی کم کردی جاتی ہے تاکہ کسی قسم کے حادثے کا اندیشہ نہ رہے ۔
مسافر پیشگی ذہن سازی کرلیں
  بلاک کی وجہ سے مسافروں کوکافی پریشانی ہوگی۔ گزشتہ سنیچر کی شب میںجب ۱۰؍بجے شب سے اتوار کی صبح ۸؍ بجے تک ۱۰؍ گھنٹے کا بلاک کیا گیا تھا  اور ۹۹؍ سروسیز رد کی گئی تھیں تو مسافر بہت پریشان ہو گئے تھے۔ اس کے مقابلے اس دفعہ کچھ کم پریشانی کا امکان ہے کیونکہ ۱۲؍ بجے سے ٹرینوں میں بھیڑ بھاڑ میں کافی کمی آجاتی ہے۔اس کے باوجود دقت بہرحال ہوگی کیونکہ بڑی تعداد میں ٹرینیں رد کی جا رہی ہیں۔ اس لئے مسافر پہلے سے ہی بلاک کے اوقات کو ذہن میں رکھیں تاکہ ان کوپریشانی نہ ہویا کم سے کم ہو۔ریلوے کی جانب سے اس تعلق سے مسلسل اعلانات کئے جارہے ہیںاورمسافروں کو جانکاری دی جارہی ہے۔
بوریولی اوراندھیری کے درمیان ٹرینیںموڑی جائینگی 
 بلاک کے ان ۱۰؍گھنٹوں کے دوران اپ اور ڈائون دھیمی لائن کی سروسیز فاسٹ لائنوں پر موڑ دی جائیں گی ۔تمام اپ دھیمی لائن کی ٹرینیں بوریولی سے گورے گاؤں کے درمیان اپ فاسٹ لائن پر چلائی جائیں گی جبکہ تمام ڈاؤن دھیمی لائن کی ٹرینیں اندھیری سے ڈاؤن فاسٹ لائن پرچلائی جائیں گی ۔ 
۱۱؍تا ۱۷؍ستمبرگنپتی تہوار کے سبب بلاک منسوخ رہے گا
 چھٹی لائن بچھانے کیلئے ویسٹرن ریلوے میں مذکورہ بالا اسٹیشنوں کے درمیان ۲۷؍ اور ۲۸؍ اگست کی درمیانی شب سے ۳۵؍ دنوں کا بلاک شروع کیا گیا ہے۔ اس میں ۱۱؍ تا ۱۷؍ ستمبر(۷؍دن) گنپتی تہوار کے پیش نظر بلاک منسوخ رہے گا۔ ان ۳۵؍ دنوں کے بلاک کے دوران مجموعی طور پر ۶۵۰؍ تا ۷۰۰؍ ٹرین خدمات متاثر ہوں گی۔ ویسٹرن ریلوے پر چھٹی لائن بچھانے کا کام ۲۰۰۸ء میں شروع کیا گیا تھا اور اب تک جاری ہے۔کا م میں تاخیر کیلئے ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہےکہ مسافروں کو کم سے کم پریشانی ہو اس کا خیال رکھا جارہا ہے ،اسی لئے وقت زیادہ لگ رہا ہے ۔ 
چھٹی لائن سے کیا فائدہ ہوگا 
 چیف پی آر او ونیت ابھیشیک کے مطابق چھٹی لائن کاکام پورا ہوجانے کے بعد اضافی پٹریاں دستیاب ہوں گی۔ اس کا سب سے اہم فائدہ یہ ہوگا کہ لوکل اور طویل مسافتی ٹرینوں کوالگ الگ لائنوں پرچلانے میں آسانی ہوگی اور کراسنگ کا مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ اسی کے ساتھ وقت بچے گا اور ٹرینوں کی رفتار بڑھائی جاسکے گی۔ اس وقت کوشش کرنے کے باوجود یہ سب ممکن نہیں ہورہا ہے کیونکہ پٹریاں کم ہیں، اس سےریل ٹریفک نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔‘‘
 انہوںنے یہ بھی کہاکہ’’ ٹرینیں رد کئے جانے سے مسافروں کوپریشانی ہورہی ہے لیکن آنے والے وقتوں میںانہیںملنے والی سہولت کو دیکھتے ہوئے ان سے یہ اپیل کی گئی ہےکہ وہ ریلوے کےاس کام میں تعاون کریںتاکہ آسانی کےساتھ کام مکمل ہوسکے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK