Inquilab Logo

میٹھی ندی کا پانی صاف کرنے کا بی ایم سی کا دعویٰ

Updated: May 29, 2023, 3:47 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

شہری انتظامیہ کے مطابق یومیہ ۸۰؍لاکھ لیٹر پانی صاف کرنے کے پروجیکٹ کے نتائج نظر آنے لگےہیں

Water (left) taken from the Mithi River has been purified.
میٹھی ندی سے لئے گئے پانی (بائیں) کو صاف کیا گیا ہے۔

بی ایم سی نے پوائی علاقے میں میٹھی ندی کے پانی کا معیار بہتر بنانے کا پروجیک شروع کیا ہے۔ شہری انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس پروجیکٹ کے تحت اس سال کی ابتداء سے مختلف مراحل میں یومیہ ۸۰؍ لاکھ لیٹر پانی صاف کرکے میٹھی ندی میں شامل کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے میٹھی ندی کا پانی ماضی کے مقابلہ بہت زیادہ صاف ہوگیا ہے۔ 
 اپنے دعوے کو ثابت کرنے کیلئے بی ایم سی نے میٹھی ندی کے گندے پانی اور اس پروجیکٹ کے تحت صفائی کے بعد کے پانی کے نمونے کی تصویر عام کی ہے۔ 
 بی ایم سی کا کہنا ہے کہ ان کے پروجیکٹ سے پانی اتنا صاف ہوا ہے کہ اب اگر میٹھی ندی میں ایک حد تک گہرائی کی طرف جائیں تو وہاں مچھلیاں بھی نظر آنے لگی ہیں جبکہ ماضی میں میٹھی ندی میں مچھلیاں تیرتی نظر آنا تقریباً ناممکن تھا۔
 بی ایم سی کا کہنا ہے کہ سفید پُل نالہ، مرول باپٹ نالہ اور واکولہ نالہ آکر میٹھی ندی میں ملتے ہیں جس کی وجہ سے میٹھی ندی ایک بڑا نالا بن کر رہ گئی تھی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نالوں کے ذریعہ بہہ کر جو پانی میٹھی ندی میں شامل ہوتا ہے وہ اپنے ساتھ بہت زیادہ مقدار میں گندگی، کچرا اور دیگر فضلہ  لئے ہوئے ہوتا ہے جس کے نتیجہ میں ندی کی سطح میں بہت زیادہ گندگی جمع ہوگئی ہے اور اس میں ماضی کے مقابلے بہت کم مقدار میں پانی جمع کرنے کی صلاحیت بچ گئی تھی۔
 ان مسائل کو حل کرنے کیلئے بی ایم سی نے جنوری ۲۰۲۳ء میں پوائی میں میٹھی ندی کی صفائی کا پروجیکٹ شروع کیا جس کے تحت مختلف مراحل میں پانی کی صفائی کی جاتی ہے۔جس جگہ یہ پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے اس میں پوائی کے فلٹرپاڑہ، مرارجی نگر اور میٹھی ندی کا حصہ آتا ہے۔
 اس پروجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں پانی کے ساتھ آنے والے کچرے کو علیٰحدہ کیا جاتا ہے۔ دوسرے مرحلے میں پانی سے دھات اور دیگر قسم کے باریک ذرات کو الگ کیا جاتا ہے۔ اس کے  بعد کے مرحلے میں پانی کی آلودگی اور بدبو دور کی جاتی ہے اور پھر اخیر میں ’یو وی شعائوں‘ کی مدد سے پانی کو مکمل صاف کرکے دوبارہ میٹھی ندی میں پہنچادیا جاتا ہے۔
 یاد رہے کہ ۲۶؍ جولائی ۲۰۰۵ء کو ممبئی میں ریکارڈ توڑ بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے ممبئی کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اورعوام کا کافی جانی اور مالی نقصان ہوا تھا۔ اس وقت پتہ چلا تھا کہ میٹھی ندی کی خستہ حالی ممبئی میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی اہم ذمہ دار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK