بی ایم سی نے مرول - مروشی روڈ کے پاس حسنات اسکول کو جوڑنے والے کدم واڑی روڈ سے اُتم ڈھابہ تک ڈیولپمنٹ پلان (ڈی پی ) کےمطابق ۱۳ء۴۰؍ میٹر طویل سڑک کی چوڑائی میں اضافہ کرنے کیلئے ۳؍ روزہ انہدامی کارروائی شروع کی ہے جس کے تحت پہلے دن ۷۴؍ تعمیرات کو منہدم کیا گیا۔
مرول -مروشی روڈ پر انہدامی کارروائی کے بعد کا منظر۔ تصویر: انقلاب
بی ایم سی نے مرول - مروشی روڈ کے پاس حسنات اسکول کو جوڑنے والے کدم واڑی روڈ سے اُتم ڈھابہ تک ڈیولپمنٹ پلان (ڈی پی ) کےمطابق ۱۳ء۴۰؍ میٹر طویل سڑک کی چوڑائی میں اضافہ کرنے کیلئے ۳؍ روزہ انہدامی کارروائی شروع کی ہے جس کے تحت پہلے دن ۷۴؍ تعمیرات کو منہدم کیا گیا۔ اس کے علاوہ بدھ کو شہر و مضافات کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی کارروائی کی گئی جس کی وجہ سے ان علاقوں میں سڑکیں کشادہ ہونے سے گاڑیوں کی آمدورفت میں سہولت ہونے کا امکان ہے۔
مرول- مروشی روڈ پر بی ایم سی نے مہم کے پہلے دن یعنی ۱۸؍ نومبر کو ’کے سائوتھ‘ وارڈ میں ۷۴؍تعمیرات کو منہدم کردیا۔ بقیہ تعمیرات کے خلاف جمعرات (آج) اور کل(جمعہ) کو کارروائی کا امکان ہے۔ اس کارروائی سے اندھیری-کرلا روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت میں سہولت ہوگی۔
دہیسر میں کارروائی
متذکرہ مہم کے تحت بدھ کو دہیسر کے پاٹلی واڑی میں ۷۰؍ میٹر طویل راستے پر واقع ۱۹؍ تعمیرات کو منہدم کردیا گیا ۔ اس کارروائی کے ذریعہ یہاں واقع ۴؍ میٹر سڑک کو ۱۳ء۳۰؍ میٹر چوڑا کرنے کا منصوبہ ہے۔
انٹاپ ہل میں کارروائی
بدھ کو مہاڈا اور بی ایم سی نے مل کر انٹاپ ہل میں شیوسینا (شندے) اور بی جے پی کے دفاتر کو جے سی بی کی مدد سے منہدم کردیا جبکہ ان دونوں پارٹیوں کے ورکروں کا الزام ہے کہ یہاں واقع این سی پی (اجیت پوار) کے دفتر کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ افسران کے مطابق این سی پی کے پاس عدالت کا اسٹے آرڈر ہے جس کی وجہ سے اس پر کارروائی نہیں کی گئی۔اس کارروائی کو رکوانے کیلئے شیوسینا اور بی جے پی کے ورکرس بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور احتجاج کرنے لگے جس کی وجہ سے علاقے میں تنائو پیدا ہوگیا تھا۔