شہر و مضافات اور ریاست میں جن عمارتوں میں لفٹ کا استعمال کیا جاتا ہے ، اب ریاستی حکومت نے لفٹ میں ہونے والے حادثات سے بزرگوں اور خواتین کے علاوہ خصوصی طو رپر بچوں کو محفوظ رکھنے کے مقصد سے ۱۲؍ سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو تنہا لفٹ کا استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
شہر و مضافات اور ریاست میں جن عمارتوں میں لفٹ کا استعمال کیا جاتا ہے ، اب ریاستی حکومت نے لفٹ میں ہونے والے حادثات سے بزرگوں اور خواتین کے علاوہ خصوصی طو رپر بچوں کو محفوظ رکھنے کے مقصد سے ۱۲؍ سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو تنہا لفٹ کا استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہی نہیں لفٹ میں دیگر احتیاطی تدابیر کے تحت عائد کردہ شرائط کو بھی لازمی قرار دیا ہے۔
ریاستی حکومت کے نئی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب ۱۲؍ سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو تنہا لفٹ یا خودکارزینہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ یہی نہیں اس ہدایت کی کسی بھی طرح خلاف ورزی پر عمارت یا ادارے کا لفٹ کالائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔نئے قواعد کے تحت تمام لفٹ میں اضافی حفاظتی نظام نصب کرنا بھی لازمی ہوگا۔لفٹ میں موجودہ اور سابقہ حادثات کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی حکومت نے مہاراشٹر لفٹس، ایسکلیٹر اینڈ موونگ واکس رولز ۲۰۲۶ء عائد کرنے کا فرمان جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ڈیولپمنٹ پلان کےمطابق تنگ سڑکوں کو کشادہ کرنے کیلئےبی ایم سی کی انہدامی کارروائی
مذکورہ قواعد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی حفاظت کے پیش نظر نافذ کئے گئے ہیں جس میں لفٹ، ایسکلیٹرز اور موونگ واکس کیلئے سخت حفاظتی ، دیکھ ریکھ اور لائسنسنگ کے اصول متعارف کرائے گئے ہیں ۔ ان اصولوں کے مطابق نہ صرف ۱۲؍ سال یا اس سے کم عمر کے بچے کسی سرپرست کے بغیر لفٹ کا استعمال نہیں کر سکیں گے بلکہ ہاؤسنگ سوسائٹی یا بلڈر کو ۱۸؍ سال سے کم عمر فرد کو لفٹ آپریٹر کی حیثیت سے ملازمت دینا بھی قانوناً جرم ہوگا ۔یہی نہیں لفٹ میں تمام حفاظتی آلات نصب کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ۔
حکومت کے مذکورہ معاملہ میں جاری کردہ فرمان کے مطابق لفٹ، ایسکلیٹرز اور موونگ واکس کا کم از کم مہینے میں ایک بار معائنہ اور دیکھ ریکھ کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی، آٹومیٹک ریسکیو ڈیوائس اور اوورلوڈ پروٹیکشن ڈیوائس لگانا بھی لازمی ہوگا ۔اس ضمن میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے ذریعہ مذکورہ آلات کو جلد سے جلد نصب کرنے کا فرمان بھی جاری کیا گیا ہے ۔ حادثہ پیش آنے کی صورت میں ۲۴؍ گھنٹے کے درمیان الیکٹریکل انسپکٹر اور مقامی پولیس اسٹیشن کو اس کی اطلاع دینی ہوگی۔