بیسٹ نےاس کی وجہ مالی خسارہ بتائی ۔ نوی ممبئی میونسپل ٹرانسپورٹ نےبھی ۲؍ بس خدمات بند کردیں۔ ایم ایس آر ٹی سی نے دادر سے آن لائن بُکنگ بند کی۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 4:25 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
بیسٹ نےاس کی وجہ مالی خسارہ بتائی ۔ نوی ممبئی میونسپل ٹرانسپورٹ نےبھی ۲؍ بس خدمات بند کردیں۔ ایم ایس آر ٹی سی نے دادر سے آن لائن بُکنگ بند کی۔
اڈانی کمپنی کے زیر اہتمام ’نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ (این ایم آئی اے)‘ بڑی زور و شور سے شروع تو کردیا گیا ہے لیکن یہاں سے نہ صرف پروازیں شروع کرنے میں مشکلوں کا سامنا ہے بلکہ ایئر پورٹ جانے اور وہاں سے شہر و مضافات کے مختلف مقامات پر مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچانے کیلئے شروع کی گئی مختلف اسکیمیں ناکام ہوتی جارہی ہیں جس کی تازہ مثال یہ ہے کہ محض ایک ماہ قبل ممبئی اور نوی ممبئی ایئرپورٹ کے درمیان ہر ایک گھنٹے میں مفت شٹل بس سروس اور شہر و مضافات کے مختلف مقامات سے سستی بس خدمات شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن شٹل بس خدمات بھی بند کردی گئی ہیں اور ’ایم ایس آر ٹی سی‘ نے دادر سے نئے ایئر پورٹ جانے کیلئے اپنی بسوں کی آن لائن بُکنگ بھی بند کردی ہے۔
سرکاری بس خدمات بند کئے جانے سے مسافروں کو آٹو رکشا، ٹیکسیوں اور اولا، اوبر جیسی ٹیکسیوں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔ ممبئی کے جو مسافر آسانی سے ممبئی کے ہی ایئر پورٹ پہنچ جایا کرتے تھے، اب انہیں نوی ممبئی ایئر پورٹ جانے کا علیٰحدہ زیادہ خرچ برداشت کرنا پڑرہا ہے۔
بیسٹ کی بس سروس بند
’برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ)‘ نے نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے ممبئی ایئرپورٹ اور نوی ممبئی ایئرپورٹ کے درمیان مفت بس سروس بند کردی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بال ٹھاکرے کی تصویر پھاڑنے کے معاملے پر کلیان میں سیاسی پارہ ہائی
بیسٹ نے نوی ممبئی ایئرپورٹ اور نیرول، سی ووڈ اور بیلا پور کے درمیان مفت شٹل سروس شروع کی تھی لیکن مالی خسارہ کے سبب ان خدمات کو بند کردیا گیا ہے۔ ان خدمات کو چلانے کیلئے جو ٹینڈر جاری کیا گیا تھا ،اس کے مطابق ان خدمات کو کسی بھی روٹ پر چلایا جاسکتا تھا اور جن راستوں پر ان بسوں کو چلایا جارہا تھا، اس کے مسافروں سے ہونے والی آمدنی کا ۴؍ فیصد حصہ ایئر پورٹ انتظامیہ کو بیسٹ کو دینا تھا۔ تاہم ایئر پورٹ انتظامیہ نے ان خدمات کو بند کرنے کی ہدایت دے دی۔اس خبر کی تصدیق اس سے بھی ہوتی ہے کہ بیسٹ کی ویب سائٹ اور ان کے ’چلو‘ ایپ سے ان بس خدمات کو ہٹادیا گیا ہے۔
ایس ٹی بس خدمات
ایس ٹی نے دادر سے نوی ممبئی ایئرپورٹ جانے کیلئے آن لائن بکنگ کی سہولت شروع کی تھی لیکن اسے بھی بند کردیا گیا ہے۔ البتہ مسافر دادر جاکر وہاں سے آف لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ آن لائن بُکنگ کی وجہ سے مسافروں کو یہ سہولت ہوتی ہے کہ انہیں ان کی سیٹ ملنے کی تصدیق ہوجاتی ہے جو آف لائن ٹکٹ خریدنے میں نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ دادر ممبئی میں ٹرانسپورٹ کا ایک بڑا مرکز ہے اس لئے اس جگہ کو براہ راست ایئر پورٹ کیلئے بس سروس شروع کرنے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
این ایم ایم ٹی نے بھی بس خدمات اکتوبر میں بند کردی تھیں
نوی ممبئی میونسپل ٹرانسپورٹ (این ایم ایم ٹی) نے کھارگھر سے نوی ممبئی ایئر پورٹ کیلئے شروع کی گئی بس نمبر ۱۰۱؍ اور ۱۰۴؍ کو اکتوبر ہی میں بند کردیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق اُمید کے برخلاف ان دونوں بسوں کو مسافر بمشکل مل رہے تھے جس کی وجہ سے شدید نقصان برداشت کرنا پڑرہا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتظامیہ کو امید تھی کہ رفتہ رفتہ ان بسوں کو مسافر ملیں گے اوران کی تعداد بڑھے گی لیکن ان دونوں بسوں میں مسافروں کی تعداد اتنی کم ہوا کرتی تھی کہ بس چلانے کے اخراجات بھی نکالنا مشکل ہوگیا تھا اور ہر مہینے لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا تھا۔ ایئر پورٹ کیلئے روزانہ ۶؍ بسیں چلائی جارہی تھیں جنہیں اب دیگر روٹ پر چلایا جارہا ہے۔