Inquilab Logo

بی ایم سی آخر کار وکھرولی کا اسپتال دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے تیار

Updated: April 18, 2023, 11:14 AM IST | Mumbai

زمین کیلئے مہاڈاکو ۱۳؍ کروڑ روپے ادا کرے گی۔اب اسے ۵۰۰؍بیڈ کا سپراسپیشلیٹی اسپتال بنایا جائے گا۔ مقامی افراد نے کام میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا

Mahatmajyoti Baphle Hospital in Kunmawarnagar which will be rebuilt. (file photo)
کنموارنگرمیں واقع مہاتماجیوتی باپھلے اسپتال جسے دوبارہ تعمیرکیا جائے گا۔ (فائل فوٹو)

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن  (بی ایم سی) نے مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (مہاڈا) کو وکھرولی مشرق کے کنموار نگر میں  اسپتال کی زمین کیلئے بالآخر ۱۳؍ کروڑ روپےادا کرنے کا فیصلہ کرلیا  ۔شہری انتظامیہ نے ۱۰۰؍ بیڈ کے کرانتی ویر مہاتما جیوتی با پھلے اسپتال کو ۵۰۰؍بیڈ کے سپر اسپیشلیٹی اسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
   اس بارے میںایک میونسپل افسرنے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ہمیں مارچ میںمہاڈا کی طرف سے ایک خط موصول ہوا تھا۔ وہ۱۳ء۲۳؍ کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ اسپتال  کےڈیولپمنٹ کی اجازت دینے کیلئے نوآبجیکشن سرٹیفکیٹ دیا جائے۔ اس میں زمین کی قیمت اور دیگر فیس شامل ہیں۔ ہم نے ادائیگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کی کارروائی جلد مکمل کر لی جائے گی۔‘‘
 ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنجیو کمار نے اس بارے میںکہاکہ ’’ہم نے اسپتال کو دوبارہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تعلق سے کارروائی جاری ہے۔‘‘دریں اثناءایک اور میونسپل افسر  نے کہا کہ ’’ہم نےمہاڈا کی زمین کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کنموار نگر میں واقع اسپتال کی موجودہ عمارت سے متصل ہے۔‘‘
 بی ایم سی نے۲۰۱۸ء میںوکھرولی کے ۱۰۰؍بیڈ کے اسپتال کی عمارت کوخستہ حال قراردیتے ہوئے اسےبند کردیا تھا اور یہاں مہیا کرائی جانے والی طبی سہولیات کو ٹیگور نگر کے ایک میٹرنٹی ہوم میں منتقل کردیا تھا۔ تاہم یہ اپنی پوری صلاحیت سے کام نہیں کر رہا تھاجس کی وجہ سے مقامی افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔اسی لئے ستمبر۲۰۲۲ء میں کنموار نگر کے مقامی  افراد نے اسپتال کی کمی کیلئے بھوک ہڑتال کی  تو اس وقت   وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بی ایم سی کو حکم دیا کہ وہ اسپتال کیلئے زمین کے تنازع کو حل کرے اور فوری طور پراس کی تعمیر شروع کرے۔ ابتداءمیں اس جگہ پر ۱۰۰؍بیڈ کا اسپتال بنایا جانا تھا لیکن بعد میں بی ایم سی نے اس کے بجائے ۵۰۰؍بیڈپر مشتمل سپر اسپیشلیٹی اسپتال  بنانے کا فیصلہ کیا۔ ایک میونسپل افسر نے بتایا کہ بی ایم سی کی جانب سے پلاٹ کیلئے مہاڈا کو ادائیگی   کے بعد اگلا عمل شروع ہوگا۔ ہم منصوبہ تیار کریں گے اور پھر ٹینڈر کا عمل شروع کریں گے ۔ 
 اسپتال کیلئے بھوک ہڑتال کرنے والے گروپ ’امہی وکھرولیکر ‘کے رکن ڈاکٹر یوگیش بھالے راؤنے کہا کہ  ۵؍ برس  میں اسپتال کو دوبارہ تیار نہیں کیا جا سکا۔ بی ایم سی کو تمام انتظامی کارروائی کو مکمل کرکےاسپتال کی دوبارہ تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کرنا چاہئے۔‘‘

Vikhroli Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK