Inquilab Logo

وکھرولی اور کانجور مارگ میں قبرستان کی جگہ حاصل کرنے کیلئے خصوصی میٹنگ

Updated: July 23, 2023, 10:09 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

وکھرولی اور آس پاس کی تقریباً ۲۰؍ تنظیموں کے ذریعہ مسلم قبرستان کمیٹی کا قیام ،’ مسلمانوں کی ایک ہی مانگ ،وکھرولی میں ہو قبرستان ‘کا نعرہ بھی دیا گیا

The scene of the meeting held in the vicinity of Vakhroli graveyard.
وکھرولی قبرستان کےسلسلے میں منعقدہ میٹنگ کا منظر ۔(تصویر،انقلاب)

 گزشتہ دنوں یہاں کی متعدد مسلم تنظیموں کی برسہا برس کی کوششوں پر فرقہ پرست طاقتوں نے اس وقت پانی پھیرنے کی کوشش کی تھی  جب انھیں پتہ چلا تھا کہ وکھرولی اور کانجور مارگ کے مسلمانوں کیلئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نہ صرف قبرستان کی زمین الاٹ کردی گئی ہے بلکہ اس کیلئے ٹینڈر بھی نکالا گیاہے۔ فرقہ پرست تنظیموں کی مخالفت کی وجہ سے یہ معاملہ اب تک غیر تصفیہ ہے۔ اس دوران  ایک بار پھر مقامی افراد نے قبرستان کی جگہ حاصل کرنے کیلئے علاقے میں ایک خصوصی میٹنگ کا انعقادکیا جس میں بڑی تعداد میں مختلف تنظیموں کے نمائندگان کے علاوہ  مقامی مسلمان شریک تھے۔ 
 وکھرولی کے مشرقی جانب ’ برادرس فاؤنڈ یشن ‘ کے صدر واجد قریشی کی قیادت اور محنت سے روبی اسپتال کے قریب’ شہران بینکویٹ ہال‘ ٹیگور نگر نمبر ۲؍ میں سنیچر کو تقریباً ۳؍بجےوکھرولی علاقے اور آس پاس کی تقریباً ۲۰؍ تنظیموں کے عہدیدارا ن کے علاوہ وکھرولی اور کانجور مارگ کے افراد کے ساتھ مسلم قبرستان کیلئے ایک خصوصی میٹنگ منعقد کی گئی تھی ۔
 برادرس فاؤنڈیشن کے صدر واجد قریشی نے   شرکاء سے کہا کہ اس سے پہلے بھی علاقے کے کئی افراد نے قبرستان کیلئے ریزروپلاٹ حاصل کرنے کی حتی الامکان کوشش کی تھی لیکن بدقسمتی سے سیاسی افراد نے اس پر اپنی روٹیاں سینکیں اور اس سے اپنا بھرپور فائدہ اٹھایا لیکن وکھرولی اور کانجور مارگ کے مسلمانوں کیلئے ڈی پی پلان میں ۴؍پلاٹس قبرستان کیلئے ریزرو ہونے کے باوجود قبرستان کی جگہ نہیں مل سکی۔۲۰۱۲ء میں ہم کمیٹی کے ممبران نے برادرس فاؤنڈیشن کے بینر تلے قبرستان کی جگہ حاصل کرنے کی کوشش کی اور کافی جدوجہد کے بعد ہمیں ایک پلاٹ کانجور مارگ قبرستان کے نام سے مہاراسٹر حکومت کے اقلیتی امورکے وزیر منگل پربھات لودھا کی ہدایت پر   ریزرو کئے گئے پلاٹ میں سے ۱۱۹۶۷/ڈی کا ٹکڑا ۱۵؍مئی ۲۰۲۳ء کو الاٹ کردیاگیا۔ انھوں نے بتایا کہ منظور کئے گئے قبرستان کیلئے تقریباً ۲۲؍ کروڑ روپے کا ٹینڈر بھی منظور ہوگیا ہے۔ 
 میٹنگ کے صدر عبدالرحمٰن انصاری نے بتایا کہ قبرستان الاٹ ہونے اور ٹینڈ ر منظور ہونے کی خبر فرقہ پرست پارٹی کے لیڈران (ممبر آف پارلیمنٹ، رکن اسمبلی  اور متعدد کار پوریٹر) کو جب  ملی تو   الاٹ کی گئی  زمین کی منسوخی اور قبرستان کی جگہ ختم کرنے کیلئے بی ایم سی  کے ایس وارڈ میں تحریری  اپیل کی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب ہم سب کو ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنا نہیں ہے اور ہم کسی کے سہارے اوربہکاوے میں نہ آئیں بلکہ آج ہم سب نے جو کمیٹی تشکیل ہے، اس کمیٹی کے بینر تلے خود قبرستان کی جگہ حاصل کرنے کیلئے کوشش کریں۔میٹنگ میں شامل تمام افراد نے ’مسلمانوں کی ایک ہی مانگ ، وکھرولی میں ہو قبرستان ‘ کا نعرہ بھی دیا۔میٹنگ میں شرکت کرنے والے افراد نے قبرستان کی جگہ حاصل کرنےکیلئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس مشاورتی میٹنگ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ علاقے کے لوگ او ر تنظیمیں قبرستان کی جگہ حاصل کرنے کیلئے کافی فکر مند ہیں ۔
 میٹنگ کےاناؤنسرساجد انصاری نے شرکاء سے قبرستان کی جگہ کے حصول کیلئے اس لڑائی میں ساتھ دینے کی اپیل کی۔

 

vikhroli Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK