• Fri, 28 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی کا ۵۳؍ مقامات پر تعمیراتی کام بند کرنے کا نوٹس

Updated: November 27, 2025, 10:00 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے بنائے گئے اصولوں کی پابندی نہ کرنے پر کارروائی۔ تمام کنسٹرکشن کمپنیوں کو رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت۔ شہرومضافات میں فضائی آلودگی خراب درجہ میں۔آئندہ ۵؍ دنوں میں درجہ حرارت میں کمی کی پیش گوئی

The image below shows the air pollution in the city and its suburbs. (Photo: Ashish Raje)
زیرنظرتصویر سے شہرومضافات میںفضائی آلودگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ (تصویر: آشیش راجے)

 شہر ومضافات میں فضائی آلودگی کی سطح معمولی کمی بیشی کے ساتھ لگاتار خراب  زمرے میں ہے جس کاسنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ۹نے تعمیراتی کام کے دوران آلودگی کم کرنے کے رہنما اصولوں کی پابندی نہ کرنے والی ۵۳؍ تعمیراتی  جگہوں کوجمعرات کو نوٹس بھیج کر کام بند کرنے کا حکم دے دیا ہے اور باقی تمام کمپنیوں کو ان اصولوں کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس دوران جمعرات کو پیر کے مقابلے ممبئی کی فضائی آلودگی معمولی کمی کے ساتھ ۱۷۳؍ درج کی گئی جو صحت کیلئے مضر  ہونے کے زمرے میں ہی شمار ہورہی تھی۔
 بی ایم سی کے مطابق تمام تعمیراتی  جگہوں پر ’ایئر کوالیٹی انڈیکس‘ کی پیمائش کے آلات ہر وقت کام کرتے رہنا چاہئے لیکن ۴۰۰؍ میں سے ۱۱۷؍ مقامات پر یہ آلات بند پائے گئے جس کی وجہ سے یہ کارروائی کی گئی ۔ بی ایم سی کے ۹۵؍ فلائنگ اسکواڈ اس کی نگرانی کررہے ہیں اور ان کے ذریعہ سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
 اس روز سب سے زیادہ آلودگی وڈالا ٹرک ٹرمنل پر ۱۹۳؍ درج کی گئی اس کے بعد مومن نگر میں ۱۸۴، بی کے سی میں ۱۸۰، کرلا اور گوونڈی کے شیواجی نگر میں ۱۷۹، ولے پارلے مشرق اور مغرب، ورلی، قلابہ نیوی نگر، مجگائوں، ملاڈ مغرب، جوہو، دیونار، چکالا (اندھیری)، بابا صاحب امبیڈکر نگر، بھوئیواڑہ اور باندرہ میں ۱۷۰؍ سے زیادہ تھی۔
 ایتھوپیا میں ہزاروں سال بعد پھٹنے والے آتش فشاں کے غبار سے ہندوستان بھی متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ افواہ پھیل گئی تھی کہ اسی کے اثر سے ممبئی کی فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے لیکن محکمہ موسمیات کے ماہرین نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممبئی میں ہوائوں کی رفتار اچانک انتہائی کم ہوگئی ہے جو آلودگی میں اضافہ کی بنیادی وجہ ہے۔ ان کے مطابق عام طور پر گرم ہوائیں اوپر کی طرف اٹھتی ہیں جس سے فضا ء میں موجود آلودگی پھیلانے والے ذرات نکل جاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ٹھنڈی ہوا کی چادر کی وجہ سے گرم ہوا اوپر نہیں جاپارہی ہے اور اس سے بھی فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔
 ماہرین کے مطابق موسم باراں کے بعد اس طرح کا موسم عام طور پر ممبئی میں دسمبر اور جنوری میں ہوتا ہے لیکن اس مرتبہ نومبر میں فضاء میں اس طرح کا ماحول بن گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے منگل کو سہ پہر موسم کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ۵؍ دنوں تک ممبئی کے کم سے کم درجہ حرارت میں کوئی بڑی تبدیلی کی امید نہیں ہے۔ آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میں بھی کوئی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ اس کے بعد ۲؍ سے ۳؍ ڈگری سیلسیئس کی کمی آنے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK