Inquilab Logo

بی ایم سی کی جانب سے ماہول اور مہالکشمی میں آکسیجن پلانٹ کا آغاز

Updated: January 18, 2022, 8:54 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

یومیہ ۱۶۰۰ ؍ سلنڈر تک آکسیجن پیدا کی جاسکے گی ۔ پلانٹ قائم کرنے والی بی ایم سی ملک کی پہلی بلدیہ: آدتیہ ٹھاکرے

Environment Minister Aditya Thackeray inaugurated the Oxygen Plant online.
محکمہ ماحولیات کے وزیر آدتیہ ٹھاکرے نےآکسیجن پلانٹ کا آن لائن افتتاح کیا۔

کورونا کے اس وبائی دور میں: مریضوں کو آکسیجن کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی)    نے ماہول  اور مہالکشی  میں ہواسےآکسیجن ذخیرہ کرنے اور اسے سلنڈروں میں بھرنے  والا ’میڈیکل گریڈ آکسیجن سلنڈر بوٹلنگ  پلانٹ ‘قائم کئے ہیں ۔ ان پلانٹ سے یومیہ تقریباً ۱۶۰۰؍  سلنڈر تک آکسیجن فراہم ہوسکے گا ۔ شہری انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ان پلانٹ سے حاصل ہونے والی آکسیجن سے مریضوں کے علاج میں سہولت ہوگئی اور شہری انتظامیہ کو میڈیکل آکسیجن کے لئے جتنی لاگت آتی ہے اس کی ۴۰؍ فیصد رقم اب بچ سکے گی۔ ساتھ ہی نقل و حمل کے اخراجات اور وقت کی بھی بچت ہوگی۔  پلانٹ کا افتتاح پیر کو محکمہ ماحولیات اور ممبئی مضافات کے نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے کے ذریعے آن لائن عمل میں آیا ۔ آدتیہ نے دعویٰ کیا کہ بی ایم سی ملک کی پہلی بلدیہ ہےجس نے خود اس طرح کا پلانٹ قائم کیا ہے۔  
 بی ایم سی نےبھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) کے تعاون سے ماہول روڈ، ایم ویسٹ وارڈ آفس کے حدود میں واقع میونسپل گراؤنڈ پر ایک میڈیکل آکسیجن ایروبک جمبو سلنڈر ریچارج پلانٹ(میڈیکل آکسیجن سلنڈر بوٹلنگ پلانٹ) قائم کیا گیا ہے۔ یہاں  روزانہ ۱۵؍ میٹرک آکسیجن  پیدا کی جائے گی جس سے ۱۵۰۰؍ جمبو سلنڈر بھرے جا سکتے ہیں۔اسی طرح مہالکشمی ریس کورس کے علاقے میں رائل ویسٹرن انڈیا ٹرف کلب میں ایک میڈیکل لیکوڈ آکسیجن  سلنڈر ریچارج پروجیکٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔مہالکشمی پروجیکٹ میں روزانہ۱۰۰؍ سے ۱۲۰؍ ڈیورا سلنڈر بھرنے کی صلاحیت  ہے۔ 
  اس تقریب میں ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر ایم پی  اروند ساونت، ایم پی راہل شیوالے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اقبال سنگھ چہل، ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹ) پی ویلاراسو، بی پی سی ایل کے چیف منیجر  (آپریشنز)این چندر شیکھر اور دیگر احباب موجود تھے ۔
 ممبئی کا جذبہ ایک بار پھر سامنےآیا 
 اس موقع پر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ’’کووڈ وائرس انفیکشن کی دوسری لہر کے تناظر میں بی ایم سی نے مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی کو دیکھ کر براہ راست اپنا میڈیکل آکسیجن سلنڈر ریچارج پروجیکٹ قائم کیایہ قابل ستائش ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’ ’اسپرٹ آف ممبئی (ممبئی کا جذبہ) جس میں ہر بحران کا مضبوطی سے مقابلہ کرنے کی ذہنیت ہے، ایک بار پھر سامنے آیا  ہے۔‘‘ 
 آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے کووڈ وائرس کی دوسری لہر میں دوسرے شہروں اور ریاستوں سے میڈیکل آکسیجن لا کر مریضوں کی جان بچائی۔ ایک رات میں ۱۵۰؍ سے زائد مریضوں کو ایمرجنسی جیسے حالات کے باعث وہاں سے نکالنا پڑا۔ ایسی صورتحال کو دوبارہ پیدا ہونے سے روکنے کے لئے کارپوریشن نے اپنا میڈیکل آکسیجن اسٹوریج اور سلنڈر ریچارج پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔  بی ایم سی کوملک کی پہلی کارپوریشن کے طور پر رجسٹر کیا گیا ہے جس میں اس طرح کا پروجیکٹ ہے۔  اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کووڈ کے وائرس ڈیلٹا اور اومیکرون دونوں اب بھی پھیل رہے ہیں  لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ ہر شخص ماسک پہنے ، ہاتھوں کو دھوتے رہیں  اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔
ممبئی مثال بنے گا
 ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے کہاکہ کووِڈ کی دوسری لہر میں ممبئی اور مہاراشٹر  میں آکسیجن کی شدید قلت  ہو رہی  تھی جس کے سبب آکسیجن بیرون ریاست سے لانی پڑ رہی تھی جس کی وجہ سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس صورتحال میں بھی ممبئی نے مناسب اقدام اور منصوبہ بندی سے مریضوں کی جان بچائی۔ اب آکسیجن سلنڈر بوٹلنگ پلانٹ سے پیسے اور وقت کی بچت ہوگی۔ یہ تمام کامیابیاں دوسرے شہروں اور ریاستوں کو بھی سمت دے رہی ہےاور ان کے لئے مثال بنے گا۔اسی طرح کا اظہار خیال میونسپل کمشنر ڈاکٹر اقبال سنگھ چاہل نے بھی کیا اور کہا کہ آکسیجن کی کمی اب نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK