Inquilab Logo Happiest Places to Work

بدعنوان وزراء کے خلاف شیو سینا کا زبردست ریاست گیر احتجاج

Updated: August 12, 2025, 8:22 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ان وزیروں کی برطرفی تک احتجاج جاری رہے گا:شیواجی پارک میں ’ جن آکروش مورچہ‘ میں ادھو ٹھاکرے کا اعلان

Uddhav Thackeray and Aditya Thackeray
ادھوٹھاکرے اور آدتیہ ٹھاکرے

مہایوتی اتحاد حکومت میں بدعنوان اور داغدار وزراء کی برخاستگی کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر کو شیو سینا ( ادھو) کی جانب سے ممبئی سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں احتجاج کیاگیا اور عوام کو حکومت کی بدعنوانی  کے خلاف بیدار کیاگیا۔ اس احتجاج کو ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں کافی حمایت ملی۔ پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے شیوسینکوں کو حکم دیا کہ وہ شیو تیرتھ سے بدعنوانی کو جلانے والی مشعل لے کر مہاراشٹر کے کونے کونے میں جائیں، اب چائے پر بحث نہیں... بدعنوانی پر بحث ہونے دو۔ انہوں نے یہ یقین بھی ظاہر کیا کہ اگر مہاراشٹرپہل کرتا ہے تو پورے ملک میں  اس طرح کے احتجاج شروع ہو جائے گا اور یہ تب تک جاری رہے گا  جب تک کہ آمریت کو اکھاڑ نہ پھینک دیں۔
 ادھو ٹھاکرے نے دادر میں واقع شیواجی پارک میں میناتائی ٹھاکرے کے مجسمے کے سامنے منعقد جن آکروش احتجاج کی قیادت کی۔  انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کے خلاف لڑنے کے لئے ہمت کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ شیوسینا ریاست کے ہر ضلع میں بدعنوانوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی ہے۔
 انہوںنے کہا کہ بدعنوانوں کے ساتھ کیا کیا جاسکتا ہے، سر نیچے، پاؤں اوپر اور کہا کہ ان بے وقوفوں کے پاس صرف سورت اور گوہاٹی بھاگنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے ۔دہلی میں  الیکشن کمیشن پر مارچ کیا گیا اور مہاراشٹر میں شیوسینا بدعنوانی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی۔ عوام کو اب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ظلم کے خلاف سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔ وہ صرف یہ دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں کہ کون قیادت کرے گا۔
  انہوں نے کہاکہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ مہاراشٹر چھترپتی شیواجی مہاراج کا ہے، مہاراشٹر شاہو، پھلے  اور امبیڈکر کا ہے، مہاراشٹر سنتوں کا ہے۔ مہاراشٹر ہمیشہ ملک کو سمت دکھاتا ہے۔ اس شاندار اور قابل فخر مہاراشٹر کو بدعنوان اگھاڑی سرکار نے ایک الگ قطار میں کھڑا کر دیا ہے۔
 ادھو ٹھاکرے نے کہا مہاراشٹر کی روایت رہی ہے کہ اگر کسی وزیر پر الزام لگایا جاتا ہے تو اس وزیر سے استعفیٰ دینے کو کہا جاتا ہے۔ جب میں وزیر اعلیٰ تھا تو خواتین کے خلاف الزامات لگانے والے وزیر جنگلات نے استعفیٰ دے دیا تھا۔مہا یوتی حکومت کے دوران، جب منوہر جوشی وزیر اعلیٰ تھے، جب شوبھا فرنویس، مہادیو شیونکر، ببن راؤ گھولپ، ششی کانت ستار اور رویندر مانے جیسے وزراء پر الزامات لگائے گئے، ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا۔ عوام کو شک ہے، اس لئے  استعفیٰ دیں، تحقیقات کا سامنا کریں اور  بے قصور پائے گئے تو میں آپ کو دوبارہ کابینہ میں لے جاؤں گا۔  اسے کہتے ہیں عوام پر مبنی حکومت۔ اب عوام پر مبنی حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، موجودہ حکومت صرف پیسہ کھانے کا کام کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK