راج ٹھاکرے نے سوال کیا ’’ اگر گوشت نہیں کھا سکتے تو یوم آزادی کا کیا مطلب؟‘‘ سنجے رائوت اور امتیاز جلیل کا بھی وزیر اعلیٰ پر طنز۔
EPAPER
Updated: August 15, 2025, 1:42 PM IST | Agency | Mumbai
راج ٹھاکرے نے سوال کیا ’’ اگر گوشت نہیں کھا سکتے تو یوم آزادی کا کیا مطلب؟‘‘ سنجے رائوت اور امتیاز جلیل کا بھی وزیر اعلیٰ پر طنز۔
یوم آزادی کے موقع پر کئی علاقوں میں گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اب تک کسی کی سمجھ میں یہ نہیں آیا ہے کہ اس طرح کی پابندی کیوں لگائی گئی ہے۔ یوم آزادی سے گوشت کے کھانے یا نہ کھانے کا کیا تعلق ہے؟ مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ کون کیا کھائے یا کیا نہ کھائے اس کا فیصلہ حکومت نہیں کر سکتی۔ میونسپل کارپوریشن کو یہ اختیار ہی نہیں ہے کہ وہ کسی کے کھانے پینے پر پابندی عائد کرے۔
ایم این ایس سربراہ جمعرات کو ممبئی میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ’’ میں نے اپنے لوگوں سے کہہ دیا ہے کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر چکن مٹن کی دکانیں کھلی رکھیں۔ کون کیا کھائے گا یا کیا نہیں کھائے گا یہ حکومت طے نہیں کر سکتی۔ ‘‘ راج ٹھاکرے نے سوال کیا ’’ یوم آزادی کے دن اگر چکن یا مٹن نہیں کھا سکتے تو پھر آزادی کا کیا مطلب ہوا؟ آئین نے ہمیں کھانے پینے کی آزادی دی ہے۔ حکومت اسے کس بنا پر چھیننے کی کوشش کر رہی ہے؟ ‘‘
عوام کو بتائیں کہ گوشت پر پابندی کا فیصلہ کیوں کیا گیا
اس دوران شیوسینا (ادھو ) کے رکن اسمبلی سنجے رائوت نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے سوال کیا ہے کہ آخر ۱۵؍ اگست کو گوشت کی دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا ہے؟ انہوں نے وزیرا علیٰ کے اس بیان پر طنز کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ گوشت کی دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ حکومت کا نہیں میونسپل کارپوریشن کا ہے۔ رائوت نے کہا ’’ ہمیں یہ معلوم ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا فیصلہ حکومت کا نہیں ہوتا لیکن اس وقت میونسپل کارپوریشنوں میں عوام کی منتخب کردہ حکومتیں نہیں ہیں۔ وہاں ایڈمنسٹریشن راج ہے جو حکومت کے ماتحت کام کر رہا ہے۔ پھر ایڈمنسٹریشن کو یہ حکم کس نے دیا؟ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ اگر حکومت نے فیصلہ کیا ہے تو وہ عوام کو بتائیں کہ یہ فیصلہ کیوں کیا گیا۔ ورنہ اس طرح کی بچکانہ تاویل نہ پیش کریں۔ ‘‘
امتیاز جلیل کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو احتجاجاً ’دعوت‘
اس دوران اورنگ آباد کے سابق رکن پارلیمان اور مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر امتیاز جلیل نے بطور احتجاج وزیر اعلیٰ کو یوم آزاد کے موقع پر اپنے گھر مٹن کھانے کی دعوت دی ہے۔ یاد رہے کہ جن ۶؍ میونسپل کارپوریشنوں نے گوشت کی دکانیں بند رکھنے کا فرمان جاری کیا ہے ان میں اورنگ آباد بھی شامل ہے۔ امتیاز جلیل کی رہائش اورنگ آباد ہی میں ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں جن میں وہ کچھ پکاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے ’’ کل یوم آزادی کے موقع پر اورنگ آباد میں گھر پر مٹن بریانی اور مٹن قورمہ کی دعوت رکھی گئی ہے۔ امید کرتا ہوں اس میں وزیر اعلیٰ اور یوم آزادی پر گوشت کی دکانیں بند رکھنے کا فرمان جاری کرنے والے میونسپل کمشنر بھی اس میں شریک ہوں گے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ہندوستان ایک آزاد ملک اور مہاراشٹر میں جمہوریت ہے ، آمریت نہیں۔ یہی سمجھانے کیلئے یہ پارٹی منعقد کی جا رہی ہے جس میں شرکت کی گزارش ہے۔ ‘‘