• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی نے مدرسہ اور گارڈن سے متصل مکانات کی پیمائش کی

Updated: November 26, 2026, 3:16 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

کرلا میں لڑکوں کے ہاتھوں جوڑے کی پٹائی کا معاملہ فی الحال کاغذات طلب نہیں کئے گئے۔ مقامی کارپوریٹر اور مارکیٹ اینڈ پارک کمیٹی کے چیئر مین نے باغ کاجائزہ لیا۔

The incident involving the beating of a couple in the garden took place on November 20. Photo: INN
گارڈن میں جوڑے کی پٹائی کا واقعہ۲۰؍نومبر کو ہوا تھا۔ تصویر: آئی این این

میونسپل افسران نے بدھ کو کرلا میں واقع پرمود مہاجن گارڈن سے متصل جامعہ اہل سنت فاطمۃ الزہراء مدرسہ اور گارڈن سے متصل تمام مکانات کی پیمائش کی۔مدرسہ سے وابستہ عابد خان نے تصدیق کی کہ بدھ کی دوپہر بی ایم سی افسران نے آکر گارڈن سے متصل مدرسہ سمیت ان تمام گھروں کی پیمائش کی جنہیں نوٹس دیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس کارروائی کے دوران  کاغذات وغیرہ طلب نہیں کئے گئے۔ البتہ اگر بی ایم سی افسران کاغذات طلب کرتے ہیں تو وہ انہیں دیئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ۲۰؍ نومبر کو چند لڑکوں کے ذریعہ پرمود مہاجن گارڈن میں ایک نوجوان جوڑے کی پٹائی کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس مارپیٹ میں ملوث لڑکوں کو حراست میں لے کر ’جووینائل جسٹس بورڈ‘  کے روبرو پیش کیا گیا تھا جہاں بورڈ کے ممبران نے انہیں ۱۵؍ دن کیلئے چلڈرن ہوم میں رکھنے کی ہدایت دے دی۔

اس ویڈیو کی بنیاد پر بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے سیاسی فائدہ اٹھانے کی غرض سے زہر افشانی شروع کی اور اس معاملے کو فرقہ ورانہ رنگ   دیا جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر عوام میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ کریٹ سومیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جن لڑکوں نے متذکرہ جوڑے کی پٹائی کی تھی، وہ اس گارڈن سے متصل مدرسہ میں پڑھتے ہیں اور وہیں پر انہیں ایسی تعلیم دی جاتی ہے جس کی بنیاد پر انہوں نے اس جوڑے پر حملہ کیاتھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی میں شورما کھاکر بیمار پڑنے والوں کی تعداد۷۴؍ ہوگئی

اگرچہ مدرسہ کے ذمہ داران نے وضاحت کی ہے کہ اس مدرسے میں لڑکیوں کو تعلیم دی جاتی ہے اور اس میں کوئی بھی لڑکا زیر تعلیم نہیں ہے اور نہ ہی وہاں آتا جاتا ہے۔ مزید یہ کہ گارڈن میں جو بھی مارپیٹ ہوئی، وہ جمعہ کو ہوئی تھی جبکہ جمعہ کو مدرسے میں چھٹی ہوتی ہے اور مدرسہ یا اس سے وابستہ افراد کا گارڈن کے واقعہ سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ تاہم کریٹ سومیا کے جھوٹے دعوئوں کی وجہ سے عوام میں بے چینی پھیل گئی ہے اور سیاست گرم ہوجانے کی وجہ سے بدھ کو مارکیٹ اینڈ پارک کمیٹی کے چیئر مین ہیتل گالا کے ہمراہ اس علاقے کے میونسپل کارپوریٹر اور بی ایم سی کی ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین ہریش بھنڈیرگے نے گارڈن کا دورہ کیا اور یہاں کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے پارک کی دیکھ ریکھ میں غفلت اور سیکوریٹی میں کوتاہی کا دعویٰ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری ضروری اقدام کی ہدایت دی۔

جن اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے، ان میں حفاظتی دیوار کی اونچائی بڑھانے اور ضروری مرمت کرنے، پورے علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے اور بی ایم سی کی حدود میں آنے والے تمام باغات میں مہاراشٹر سیکوریٹی فورس کے سیکوریٹی گارڈز کو تعینات کرنا، جن مکانات سے گندہ پانی پارک میں آتا ہے، ان نالیوں کو فوری طور پر بند کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK