• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یکم دسمبر سےغیر تدریسی آن لائن کاموں کے بائیکاٹ کا فیصلہ

Updated: November 26, 2026, 3:13 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ممبئی سمیت ریاست کے پرائمری اسکولو ںکے تقریباً ڈیڑھ لاکھ اساتذہ نے آن لائن سرگرمیوں، غیر تدریسی ذمہ داریوں اور انتظامی احکامات کے سبب یہ فیصلہ کیا۔

Teachers discussing various issues during a joint state-level meeting. Photo: INN
ریاستی سطح کی مشترکہ میٹنگ میں اساتذہ مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ریاست کےپرائمری اسکولوں کے اساتذہ کو غیر تدریسی اور آن لائن کاموں کی زیادتی سے نجات دلانے، انتظامی وہاٹس ایپ گروپس سے فوراً علاحدگی اختیار کرنےاور یکم دسمبر ۲۰۲۶ سے تدریسی عمل کو متاثر کرنے والے آن لائن کاموں سے عدم تعاون کا اہم فیصلہ ریاست کی مختلف پرائمری اسکول کےاساتذہ کی تنظیموں نے کیا ہے۔ یہ فیصلہ ۲۴؍ نومبر کو پونے کے ٹیچر بھون میں منعقدہ ریاستی سطح کی مشترکہ میٹنگ میں کیا گیا۔

اس ضمن میں میٹنگ کے کنوینر ساجد نثار احمد نے بتایا کہ ’’مقامی خود مختار اداروں کے زیر انتظام جاری پرائمری اسکولوں میں آن لائن کاموں کی بھرمار کے باعث ہیڈماسٹرس اور اساتذہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ آن لائن سرگرمیوں، غیرتدریسی ذمہ داریوں اور انتظامی احکامات کی وجہ سے طلبہ کی روزانہ پڑھائی متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ سنچ مانیتا (طلبہ کی تعداد کےمطابق اساتذہ کی تقرری) پالیسی کے منفی اثرات، ٹی ای ٹی کے معاملے میں حکومت کا منفی موقف، مقامی اداروں کے اسکولوں کے وجود کو خطرہ اور اساتذہ اور طلبہ کے بنیادی مسائل حل نہ ہونے پر بھی میٹنگ میں شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔‘‘

ریاست میں ٹیچروں کی مختلف تنظیموں کی جانب سے بارہا احتجاج اور حکومت سے بات چیت کے باوجود مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے مشترکہ تحریک شروع کی گئی ہے۔ میٹنگ میں یکم دسمبر ۲۰۲۶ ءسے تدریسی عمل کو متاثر کرنے والے غیرضروری آن لائن کاموں میں عدم تعاون کا فیصلہ کیاگیا اور نام نہاد انتظامی وہاٹس ایپ گروپس کوفوراً چھوڑنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔  اساتذہ کی متعدد تنظیموں کےذمہ داران نےبدھ سے ہی وہاٹس ایپ گروپ چھوڑنا شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ارجن رامپال نےماڈل سے سنجیدہ اداکار تک کا سفر طے کیا

میٹنگ میں مہاراشٹر راجیہ پرائمری ٹیچرس سمیتی، مہاراشٹر راجیہ پرائمری ٹیچرس سنگھ (پاٹل اور تھورات گروپ)، آل مہاراشٹر پرائمری ٹیچرس سنگھ،اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ، مہاراشٹر پرائمری ٹیچر بھارتی، پروگریسیو پرائمری ٹیچرس سنگھ، ریاستی گریجویٹ اینڈ سینٹر ہیڈ ٹیچرس تنظیم، آزاد سمتا ٹیچرس سنگھ، ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ نیشنل ٹیچرس پریشد، پرانی پنشن تنظیم، پرہار ٹیچرس سنگھ اور دیگر تنظیموں کے ریاستی عہدیداران موجود تھے۔

میٹنگ میں ساجد نثار احمد، سمبھاجی رائو تھورات، اُدئےرائوشندے، کیشورائو جادھو، بالا صاحب مارنے، وجے کومبے، مدھوکر کٹھولے، منوج مراٹھے، گووند اُگلے، پروشوتم جادھو، ڈاکٹر معین الدین منیاراور آنندا کانڈلکروغیرہ نے اس تعلق سے اپنے خیالات کااظہارکیا۔

اس موقع پرتمام تنظیموں نے اسکولوں ، طلبہ کی تعلیم اور اساتذہ کے مطالبات کیلئے متحدہ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔ تحریک کو مضبوط بنانے کیلئے سماجی تنظیموں، طلبہ  اور والدین کی تنظیموں اور عوامی نمائندوں سے بھی رابطہ قائم کرنےکا اعلان کیا گیا۔میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت کی جانب سے غیر تدریسی کام نہ لینے کے احکامات کے باوجود مختلف اضلاع میں اساتذہ پر غیر تدریسی ذمہ داریاں عائد کی جا رہی ہیں۔ اسکولوں میں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کی بڑھتی مداخلت بھی تشویش کا باعث ہے ۔ انتظامی وہاٹس ایپ گروپس پر دن رات کسی بھی وقت موصول ہونے والے پیغامات اور احکامات نے اساتذہ کو ذہنی طور پر پریشان کر رکھا ہے ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر اس بات کواہم قراردیا گیا کہ اساتذہ کو تدریس اور طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کا پورا موقع ملنا چاہئے ۔ اسی مقصد کے تحت آئندہ دنوں میں مرحلہ وار تحریک چلائی جائے گی۔ ’’اساتذہ کو پڑھانے دو، طلبہ کو سیکھنے دو‘‘ اسے تحریک کا بنیادی نعرہ بنانے کا  اعلان بھی کیاگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK