یونیورسٹی کے کالینہ کیمپس میں منعقدہ میلہ میں ۶۰۰؍ سے زیادہ بک اسٹال، ۲۰۰؍سے زیادہ ادبی پروگرام، بچوں کی سرگرمیاں اور ثقافتی تقریبات بھی ہوںگی۔
ممبئی کتاب میلہ میں شریک ہونے والے میونسپل اسکول کے طلبہ۔ تصویر: انقلاب
مرکزی وزارت تعلیم، نیشنل بک ٹرسٹ، حکومت مہاراشٹر، ممبئی یونیورسٹی اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)کے زیر اہتمام منعقدہ ممبئی بک فیسٹیول ۲۰۲۶ء کا منگل کو ممبئی یونیورسٹی کے کالینہ کیمپس میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کےہاتھوں افتتاح ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے بچوں کیلئے بنائے گئے خصوصی ہال کے ساتھ بک ہال کا دورہ اور معائنہ کیا۔ اس موقع پر ۷؍ کتابوں کا اجراء بھی کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’کتابوں کی کبھی بھی جغرافیائی سرحدیں نہیں ہوتیں۔ ہندوستانی روایت میں کتابوں کی اہمیت منفرد ہے ۔ ایک خوشحال معاشرے کی تشکیل میں کتابوں کا گراں قدر حصہ ہوتا ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ممبئی ملک کی مالیاتی راجدھانی ہے۔
یہاں فن، ادب اور ثقافت کو ہمیشہ اہمیت دی گئی ہے۔ ممبئی نے ملک کو کئی نامور ادیب، ڈرامہ نگار، صحافی اور مفکر عطا کئے۔ یہاں کئی ادبی اور ثقافتی ادارے کامیابی سے جاری ہیں۔اس شہرنے علم کی نئی راہیں کھولی ہیں۔ بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے بھی ممبئی سے اپنے مختلف رسالے شروع کئے تھے۔ ‘‘
۲۴؍ نومبر سے شروع ہونے والا کتاب میلہ ۲۹؍ نومبر تک جاری رہے گا۔ میلے میں ۶۰۰؍ سے زیادہ بک اسٹال، ۲۰۰؍سے زیادہ ادبی پروگرام، بچوں کی ۲۰؍ سے زیادہ سرگرمیاں اور ۹۵؍سے زیادہ ثقافتی پروگرام ہوں گے۔ نیشنل بک ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر ملند مراٹھے نے کہا کہ’’ یہ یقینی طور پر ممبئی والوں کیلئے ایک ثقافتی دعوت ہو گا۔‘‘
ممبئی بُک فیسٹیول کےپہلے دن ہزاروں طلبہ نے کتاب میلہ کا دورہ کیا جن میں اُردو میڈیم اسکول کے طلبہ بھی شامل تھے ۔میلہ کے دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ابھیودے نگر(پریل )ایم پی ایس اسکول کے طالب علم معزصدیقی اور ردرا بندرے کو اسپورٹس میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرنے پر حوصلہ افزائی کی اور انہیں انعام سے نوازا۔ بی ایم سی کے محکمہ تعلیم نے بھی طلبہ کو بُک فیسٹیول کا دورہ کرانے کی ہدایت دی ہے۔