• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جارَوا! انڈمان اور نکوبارکی ایک قبائلی آبادی

Updated: November 26, 2026, 3:37 PM IST | Professor Sarwar-ul-Huda | Mumbai

لفظ ’’جاروا‘‘ اپنی لسانی اور تہذیبی شناخت کے ساتھ تنہائی کا ایک سلسلہ اور سفر بھی ہے۔ یہ سفر اپنے اندر شناخت کے ساتھ مشقت کو بھی سمیٹے ہوئے ہے۔ اس قبیلے کی لسانی اور تہذیبی تاریخ سیاست سے گہرے طور پر وابستہ ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

 مجھے اس قبائلی آبادی کا علم پریتن رائے اور  سؤپنیش چودھری کی کتاب ’’دی بے آئی لینڈ ٹرائبس‘‘ سے ہوا۔  اس کتاب میں انڈمان نکوبار کے اہم قبیلوں کی تاریخ اور تہذیب کو موضوع بنایا گیا ہے۔  مصنف کے طور پر جو نام درج ہیں، ان کا تعلق تہذیبی زندگی سے بہت گہرا ہے۔  قبائلی زندگی کے تعلق سے تہذیب کا مطلب مقامی زندگی ہے۔  یہ اور بات ہے کہ عالم کاری نے مقامی تہذیبوں کو اپنی اصل فطرت کے ساتھ رہنے نہیں دیا۔  پریتن رائے ۱۹۱۷ء میں انڈمان میں پیدا ہوئے۔  ان کا تعلق اسی جزیرے سے ہے۔  ان کی تعلیم و تربیت قبائلی فضا میں ہوئی لہذا ان کے یہاں مقامی تاریخ اور تہذیب کا مسئلہ اپنے وجود کا مسئلہ ہے۔  

سؤپن چودھری ۱۹۴۴ء  میں آسام کے شہر سلچر میں پیدا ہوئے۔ کالج آف آرٹ اینڈ کرافٹ کلکتہ سے گریجویشن کیا۔  انڈمان اور نکو بار کی تہذیبی زندگی سے وہ گہرے طور پر وابستہ رہے ہیں۔  کتاب میں ایک باب ’’جاروا‘‘ سے متعلق ہے۔  یہاں جو اطلاعات فراہم کی گئی ہیں  ، انہیں تحقیق کا اعلی نمونہ قرار دیا جا سکتا ہے۔  کتاب کا یہ اقتباس ملاحظہ کیجئے:  

یہ بھی پڑھئے: آئینِ ہند: قومی تاریخ کا چراغ، جمہوری شعور کی دستاویزاور آئندہ کی راہنما روشنی

’’جارَوا  بنیادی طور پر اپریم تاگا یا جنگل میں رہنے والے ہیں۔  جارا واؤں کے بارے میں شروعات ہی بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ رٹلینڈ جزیرے پر ایک چھوٹی سی برادری رہتی تھی، جسے انڈمانی لوگ جاراوا یا جنگل کہتے تھے۔  جراغ لفظ کسی برادری کا نام نہیں ہے یہ صرف  انڈمانی زبان میں اجنبی کیلئے استعمال ہونے والا لفظ ہے۔‘‘ 

جاروا   انڈمان نیکو بار کی ایک ایسی قبائلی آبادی ہے جسے حکومت نے کمزور قبیلے کے زمرے میں رکھا ہے۔  دنیا کی نظروں میں چاہے وہ تعداد اور تہذیب کے لحاظ سے  جتنے بھی کم اور غیر ترقی یافتہ سمجھے جائیں ، انہوں نے خود کو دوسروں سے بچانے کہ جو جتن کئے ہیں وہ بڑی حد تک اسی قبیلے سے مخصوص ہیں۔  یہ قبائلی تعداد میں مختصر ہیں لہٰذا ان کی بقا کا مسئلہ بھی ہماری تہذیبی زندگی سے جڑا ہوا ہے۔  اسی لئے حکومت نے قوانین کا سختی سے نفاذ کیا ہے تاکہ ان امراض سے انہیں بچایا جا سکے جن سے یہاں کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔  جاروا کی زندگی اسی لئے کیمرے اور فوٹوگرافی میں بہت کم قید ہو سکی۔  لیکن ماضی میں ایسی خبریں آئیں جو بتاتی ہیں کہ جاروا قبیلے کو لالچ دے کر رقص وغیرہ کے لئے اکسایا گیا۔  حکومت نے سختی سے اس سلسلے میں کارروائی کی۔  عالمی میڈیا میں بھی اس تعلق سے خبریں نشر کی گئیں۔  اس سلسلے میں انڈمان ٹرنک روڈ کا ذکر آتا ہے جو لوگوں کی آمد و رفت کا ایک اہم حوالہ ہے۔  

اس قبیلہ کی آبادی کم و بیش پانچ سو بتائی جاتی ہے۔  قبیلے کی زبان جاروا کہلاتی ہے جسے وہ اپنی زبان میں آؤنگ (Aong) کہتے ہیں۔  یہ زبان جو بنیادی طور پر زبانی کہی جاتی ہے اور جس کا کوئی رسم خط نہیں ہے،  کی بقا کا مسئلہ درپیش ہے۔  یہ صرف ایک زبان نہیں بلکہ ایک مخصوص اور مختصر آبادی پر مشتمل افراد کی تہذیب بھی ہے۔  جاروا کی تہذیب اپنے رنگ اور مزاج کے اعتبار سے مٹی کی تہذیب ہے۔  یہ رن بہت فطری ہے جو زیورات کی صورت میں جسم پر دکھائی دیتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اس ہفتے بلقیس کیس، غیر ملکی صحافیوں پر ویزہ پابندی اخبارات کا موضوع رہے

لفظ ’’جاروا‘‘  اپنی لسانی اور تہذیبی شناخت کے ساتھ تنہائی کا ایک سلسلہ اور سفر بھی ہے۔  یہ سفر اپنے اندر شناخت کے ساتھ مشقت کو بھی سمیٹے ہوئے ہے۔  سفر میں قدموں سے اٹھنے والی دھول، فضا میں پھیل جاتی ہے اور پتہ نہیں ہوتا کہ ہوا اسے کہاں لے گئی ہے۔  اس قبیلے کی لسانی اور تہذیبی تاریخ سیاست سے گہرے طور پر وابستہ ہے۔  اسی لئے مصنفین نے اس بات میں انگریزوں سے ان کے ٹکراؤ اور تصادم کو بھی تاریخی حوالوں سے نشان زد کیا ہے۔  انڈمان جزیرے میں انگریزی نو آبادیات کے قیام سے ٹکراؤ کی صورت پیدا ہوئی۔  لفٹیننٹ آرچی بولڈ بلیر اور کولبرک  نے پورٹ بلیئر میں جو اپنی بستی بسائی اور جسے (کالا پانی) کے نام سے دنیا جانتی ہے ، دراصل یہ ٹکراؤ اور بے دخلی کی تاریخ بھی ہے۔  اپنی ہی زمین کو چھوڑ کر اس قبیلے کو جزیرے کے مغربی جنگلوں کی طرف جانا پڑا۔ ۱۸۷۲ء  میں پورٹ بلیئر کے قریب جاروااور انگریزوں کے درمیان تصادم ہوا۔  انگریزوں کی آمد کے بعد مقامی آبادی بیماری کے سبب ایک نئی صورتحال سے دوچار ہوئی۔  اور ان کی تعداد گھٹنے لگی۔  انگریز مصنف ایم وی پورٹ مین نے ۱۸۹۹ء میں شائع ہونے والی  اپنی کتاب A history of our relations with the Andamanese میں اس حقیقت کی جانب اشارہ کیا ہے کہ جاروا بنیادی طور پر امن پسند  تھے لیکن انگریزی حکومت کی پالیسی کے سبب وہ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوئے۔   جاروا ۱۹۹۰ء  تک باہری لوگوں اور طاقتوں سے اپنے علاقے کی حفاظت کرتے رہے۔ 

جاروا قبیلے کے لئے فطرت سب سے بڑی سچائی ہے۔ یہ مذہب بھی ہے اور وہ روحانیت بھی جس کا تعلق معاشرے کے باطن سے ہوا کرتا ہے۔ یہاں اجتماعی زندگی کا تصور اس تہذیب سے وابستہ ہے کہ جب کوئی بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس کی ماں ہی نہیں بلکہ دوسری خواتین بھی دودھ پلاتی ہیں۔ بچے کی نگہداشت ایک معنی میں فطرت کی نگہداشت ہے۔ بچے کی مسکراہٹ کا ایک رشتہ قبیلے کی اس مسکراہٹ سے بھی ہے جسے جذبے کے اظہار کا نام دینا چاہئے۔ یہاں الفاظ کی جگہ بڑی حد تک مسکراہٹ نے لے لی ہے۔ ہلکی مسکراہٹ کے ساتھ یہ قبیلہ ہلکی آواز میں کچھ کہہ کر اور گنگنا کر اپنے جذبے کا اظہار کرتا ہے۔ جاروا قبیلے کی زبان قبیلے کی طرح ہی باہر کی دنیا کے لئے اجنبی ہے لہٰذا چاند اور سورج کی طرف دیکھنا زندگی اور تقدیر کی گردش کو دیکھنا بھی ہے۔ قبیلے کی نسبی نسبت کے تعلق سے کئی تحقیقات سامنے آ چکی ہیں۔ جینیاتی اعتبار سے ان کا تعلق افریقی معاشرے سے ہے۔ زندگی ان کے لئے فطرت ہے اور موت بھی اس لحاظ سے فطرت سے قریب ہے کہ وہ لاش کو درخت کے کنارے رکھ دیتے ہیں۔ ایک خاص مدت کے بعد ہڈیوں کو درخت کی چھال کے ساتھ اپنے گلے میں ہار کی صورت پہن لیتے ہیں۔ اس یقین کے ساتھ کہ جنگل کی زندگی آسان ہو جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK