Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی کا ’روبوٹک لائف بوائز‘ کی خریداری کا منصوبہ منسوخ

Updated: June 04, 2025, 4:53 PM IST | Agency | Mumbai

یہ’روبوٹک لائف بوائز‘ ترکی کی کمپنی سے خریدے جانے والے تھے،بائیکاٹ کےدباؤ کے سبب سودا ردّ کردیا گیا۔

Something like this robotic lifebuoy was to be ordered from Turkey. Photo: INN
کچھ اس طرح کا روبوٹک لائف بوائے ترکی سے منگوایا جانا تھا۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) انتظامیہ نے ترکی میں تیار ’روبوٹک لائف بوائز‘ کی خریداری کا منصوبہ منسوخ کردیا ہے۔بی ایم سی کی جانب سے پیر کے روز بتایا گیا کہ ان روبوٹک لائف بوائز کو شہر کے ۶؍ ساحلوں پر تعینات کرنے کا منصوبہ تھا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب انقرہ کو پاکستان کی حمایت پر ہندوستان میں تنقید کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔بی ایم سی انتظامیہ کے مطابق، یہ ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی ریسکیو مشینیں لائف گارڈز کی مدد کے لئے ڈیزائن کی گئی ہیں تاکہ ڈوبتے ہوئے افراد کو بچایا جا سکے، اور انہیں گرگام چَوپاٹی، شیو جی پارک دادر، جوہو، ورسووا، اکسا اور گورائی کے ساحلوں پر تعینات کیا جانا تھا۔
 جب میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی سے پوچھا گیا کہ کیا ’’ترکی ساختہ روبوٹک لائف بوائز کی خریداری کا منصوبہ منسوخ کر دیا گیا ہے؟‘‘ تو انہوں نے اثبات میں جواب دیا۔ حکام کے مطابق، ہر یونٹ میں دوہری واٹر جیٹس،۱۰؍ہزار ایم اے ایچ کی ریچارجیبل بیٹری، اور۲۰۰؍ کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت موجود تھی۔ یہ مشینیں سمندر میں۸۰۰؍ میٹر تک ۱۸؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جا سکتی تھیں اور تقریباً ایک گھنٹے تک کام کر سکتی تھیں۔ 
 بی ایم سی کو اس معاہدے پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر اس وقت جب ترکی نے گزشتہ ماہ ہندپاک کشیدگی کے دوران اسلام آباد کی سفارتی  حمایت کی۔حکمران جماعت بی جے پی اور اس کی اتحادی شیو سینا(شندے) سمیت کئی سیاسی  لیڈران نے غیر ملکی سپلائر سے آلات کی خریداری پر سوال اٹھائے اور اس کے بجائے مقامی متبادل کو فروغ دینے پر زور دیا۔۲۲؍ اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد آپریشن سیندور پر ترکی کی جانب سے پاکستان کی کھلی حمایت کے بعد ملک بھر میں ترکی میں تیار شدہ مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK