Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر: ٹھیکیداروں کی ۸۰؍ ہزار کروڑ بقایا کی عدم ادائیگی پر احتجاج کی دھمکی

Updated: June 05, 2025, 10:09 PM IST | Mumbai

مہاراشٹرا کے ٹھیکیداروں نے ۸۰؍ ہزار کروڑ روپے کی بقایا ادائیگی نہ ہونے پر ریاست گیر احتجاج کی دھمکی دی ہے، مہاراشٹرا سرکاری محکموں کے ساتھ کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی ایک اسوسی ایشن نے یہ انتباہ دیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

سی این بی سی ٹی وی۱۸؍ کی رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹرا سرکاری محکموں کے ساتھ کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی ایک اسوسی ایشن نے انتباہ دیا ہے کہ اگر۱۰؍ جون تک حکام ۸۰؍ ہزار کروڑ روپے سے زائد کی بقایا رقم جاری نہیں کرتے تو وہ ریاست گیر احتجاج کریں گے۔ٹھیکیدار اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ انہوں نے تاخیر سے ادائیگی پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو خط لکھا تھا لیکن اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ مہاراشٹرا کنٹریکٹراسوسی ایشن، جو ریاست کے۳۵؍ اضلاع میں تقریباً تین لاکھ اراکین کی نمائندگی کرتی ہے، نے اعلان کیا کہ اگر حکومت مقررہ ادائیگی کی آخری تاریخ تک بقایا ادا نہیں کرتی تو وہ بڑے پیمانے پر آگاہی مہم اور وسیع احتجاج شروع کریں گے۔  

یہ بھی پڑھئے: بڑے کے گوشت کاشبہ ، سکل ہندو سماج کا ہنگامہ

اسوسی ایشن کے صدر ملند بھوسلے نے سی این بی سی ٹی وی ۱۸؍ کو بتایاکہ ’’حکومت نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے، لیکن ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم یہ تحریک مہاراشٹرا کے ہر کونے تک لے جائیں گے۔‘‘ اسوسی ایشن کے دعوے کے مطابق ریاستی عوامی تعمیرات محکمہ پر ۳۸؍ ہزار کروڑ روپے، دیہی ترقی محکمہ پر۶۵۰۰؍ ہزارکروڑ روپے، پانی بچاؤ و پانی کے وسائل محکمہ پر۱۲۰۰۰؍ ہزار کروڑ روپے، شہری ترقی محکمہ پر ۴۲۱۷؍ ہزار کروڑ روپے کی رقم بقایا ہے۔ بھوسلے نے بتایا کہ اسوسی ایشن نے دیہی ترقی محکمہ کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر۱۰؍ جون تک مطالبات پورے نہ ہوئے تو عوامی تعمیرات محکمہ کے خلاف دوسری درخواست دائر کی جائے گی۔فروری میں، ٹھیکیدار بقایا جات کے خلاف ایک ہفتے کی ہڑتال پر چلے گئے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: عدالتی فیصلے سے قبل ہی وقف پورٹل کااجراء ، شدید برہمی

دی ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، انہوں نے الزام لگایا تھا کہ حکومت گزشتہ جولائی سے انہیں ادائیگی نہیں کر رہی، حالانکہ وہ "لاڈکی بہن اسکیم ‘‘جیسے منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کر رہی ہے۔   دی انڈین ایکسپریس کے مطابق، مہاراشٹرا کے عوامی تعمیرات وزیر شویندراراجے بھوسلے نے اس وقت کہا تھا کہ انہوں نے ٹھیکیداروںکیلئے ۱۰؍ ہزار  کروڑ روپےفوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر نے اخبار کو بتایا تھاکہ ’’میں نے وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ سے بات کی ہے۔ دونوں ٹھیکیداروں کے مطالبات کے حوالے سے مثبت ہیں۔ ہماری ۱۰؍ ہزار کروڑ روپئے کی فوری ادائیگی کی مانگ پر حکومت کا رویہ مثبت ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK