• Thu, 26 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی کا منافع کا بجٹ اسٹینڈنگ کمیٹی میں پیش،تفریحی ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز

Updated: February 26, 2026, 10:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر نے اسے ممبئی کی ترقی کی رفتار تیز کرنے والا اور آمدنی میں اضافے والابجٹ قرار دیا جبکہ اپوزیشن لیڈروں نے اسے مایوس کن اور دیوالیہ پن کی جانب لے جانے والا بجٹ بتایا۔

Municipal Commissioner Bhushan Gagrani Presenting The Budget With His Team. Photo: Satej Shinde)
میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی اپنی ٹیم کے ساتھ بجٹ پیش کرتے ہوئے۔ تصویر:ستیج شندے
تقریباً ۴؍ سال تک ایڈمنسٹریٹر راج کے بعدبرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کا سال ۲۷۔۲۰۲۶ء کیلئے  ۸۰؍ ہزار ۹۵۲؍ کروڑ ۵۶؍ لاکھ روپے کا مجوزہ بجٹ اسٹیڈنگ کمیٹی میں بدھ کو پیش کیا گیا ۔ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے بجٹ کو کمیٹی کے چیئرمین پربھاکر شندے (بی جے پی)کو پیش کیا اور روایت کے مطابق پورا بجٹ کمیٹی میں پڑھ کر بھی سنایا۔ میونسپل کمشنر نے اس بجٹ کو ۸۹؍ کروڑ ۸۴؍ لاکھ روپے منافع کا بجٹ قرار دیا ہے۔ میونسپل کمشنر کی جانب سے دعویٰ کیا  گیاہے کہ یہ ممبئی کی ترقی کیلئے بہترین بجٹ ہے جس میں شہر کی ترقی کی رفتار تیز ہوگی، اخراجات کم ہوں گے اور اس میں آمدنی بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ بجٹ میں موجودہ ٹیکس میںاضافہ نہیں کیا گیا ہے لیکن شہریوں سےاکتوبر ۲۰۲۶ء سے تفریحی چارجز وصول کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے حالانکہ اس کیلئےریاستی حکومت کے شہری ترقیات کے محکمہ سے اجازت طلب کی گئی ہے۔ اسی کے علاوہ میونسپل پلاٹ کو کرایہ پر دینے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے اس بجٹ کو عوام کیلئے مایوس کن بلکہ کانگریس کے گروپ لیڈر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اشرف اعظمی نے اس بجٹ کو بی ایم سی کودیوالیہ پن کی جانب لے جانے والا بجٹ قرار دیا ہے۔
پیش کردہ سالانہ بجٹ میں ۱۳؍ ہزار ۷۶۵؍ کروڑ روپے کا فنڈ عارضی اندرونی منتقلی کے ذریعے سرمایہ کے منصوبوں سے اکٹھا کیا جائے گا جبکہ میونسپلٹی کے ذریعہ دی گئی اراضی کی دوبارہ ترقی سے بھاری آمدنی کی توقع کی گئی ہے۔میونسپل کمشنر نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ترقیاتی کاموں پر بڑھتے ہوئے اخراجات کو پورا کرنے کیلئے محصولات میں اضافے اور انتظامی اخراجات میں بچت کے نئے طریقے اپنانے کی پالیسی اپنائی ہے۔
 
 
 
نیز، سرمائے کے منصوبوں میں اضافے کے پیش نظر، سال ۲۷۔۲۰۲۶ءکے بجٹ میں عارضی اندرونی منتقلی کے ذریعے۱۳؍ہزار ۷۶۵؍ کروڑ۷۴؍ لاکھ روپے کا فنڈ اکٹھا کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ اہم پروجیکٹوں کی بلاتعطل جاری رکھنے کو یقینی بنایا جا سکے۔اس سے قبل۲۰۲۴ءمیں عارضی اندرونی منتقلی کے ذریعے۴۹۰۰؍ کروڑ روپے ، ۲۰۲۵ء میں ۱۰؍ ہزار ۱۳۷؍ کروڑ ۹۲؍ لاکھ فنڈ اکٹھا کیا گیا تھا۔بی ایم سی نے فی الحال کوئی ڈائریکٹ ٹیکس یا ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا ہے لیکن مستقبل میں ٹیکس، ٹیرف اور فیس میں اضافے کے نفاذ کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
 
 
ممبئی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کیلئے میونسپل کمشنر نے ڈیولپرس کو ۲۸؍ نکات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ شہر کی فضا پر نگاہ رکھنے کیلئے آئی آئی ٹی کانپور کی نگرانی میں ۷۵؍ مقامات پر سینسر لگانے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK