• Sat, 14 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش میں بی این پی کوواضح اکثریت،طارق رحمان ممکنہ وزیراعظم،جماعت اسلامی اپوزیشن کاکردارنبھائےگی

Updated: February 13, 2026, 11:29 PM IST | Dhaka

وزیراعظم مودی نے مبارکباد پیش کی، طارق رحمان کی پارٹی نے جواباً نئی دہلی کے ساتھ مضبوط تعلقات کے عزم کااظہار کیا مگر شیخ حسینہ کی حوالگی پر بھی زور دیا، الیکشن کے ساتھ آئینی اصلاحات کے ریفرنڈم کو بھی ۶۸؍ فیصد حمایت ملی

Bangladesh Nationalist Party comes to power after 20 years
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ۲۰؍ سال بعد اقتدار میں آئی ہے

شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد ملک میں منعقد ہونےوالے پہلے الیکشن میں عوام نے سابق وزیراعظم  خالدہ ضیاء مرحوم کی  پارٹی  بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے  حق میں فیصلہ سنایا ہے۔ جس وقت یہ خبر لکھی جارہی ہے  ۲۹۹؍ رکنی  پارلیمنٹ کی  ۲۹۷؍ سیٹوں کے نتائج ظاہر کئے جاچکے ہیں۔ بی این  پی اوراس کی اتحادی پارٹیوں نے ۲۱۲؍ نشستوں پر تاریخی فتح حاصل کی ہے جبکہ جماعت اسلامی اوراس کی اتحادی پارٹیوں  نے ۷۷؍ سیٹیں  جیتی ہیں۔ شیخ حسینہ کو معزول کرنے والے  طلبہ کی پارٹی  نیشنل سٹیزن پارٹی(این سی پی) جس نے ۳۰؍ امیدوار اتارے تھے، نے ابتدائی رپورٹوں کےمطابق ۵؍ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
     بی این پی کے سربراہ طارق رحمان جو ممکنہ وزیراعظم  ہیں، نے  کہا ہے کہ امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے۔ اس بیچ وزیراعظم نریندر مودی نے طارق رحمان کو بی این پی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔ جواب میں بی این پی نے وزیراعظم کو شکریہ ادا کرتےہوئے ہندوستان کے ساتھ بہتر اور مضبوط تعلقات کے عزم کا اظہار کیا ہے تاہم  پارٹی نے شیخ حسینہ کی حوالگی پر بھی زور دیاہے۔ 
 بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے ساتھ کرائے گئے  قومی ریفرنڈم میں۷۶؍ فیصد ووٹرس نے آئینی اصلاحات کے حق میں ووٹ دیاہے۔  ان   میں   عاملہ کے اختیارات پر کنٹرول، موجودہ پارلیمانی نظام کے تحفظ کیلئے اقدامات  اور یہ حدطے کرنا شامل ہے کہ کوئی شخص زیادہ سے زیادہ کتنی میعادوں کیلئے وزیراعظم بن سکتاہے۔ شیخ حسینہ کے ۲۰؍ سالہ اقتدار نے ان اصلاحات کی ضرورت پیدا کی۔

bangladesh Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK