نٹھاری قتل کیس کے ملزم اور بعد میں سپریم کورٹ سے بری ہونے والے سریندر کولی نے ہری دوار میں مبینہ طور پر پھندے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔
نٹھاری کیس سے بری ہونے والا سریندر کولی۔ تصویر: آئی این این
نٹھاری قتل کیس کے ملزم اور بعد میں سپریم کورٹ سے بری ہونے والے سریندر کولی نے ہری دوار میں مبینہ طور پر پھندے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ اس کی لاش اس کی چائے کی دکان سے برآمد ہوئی۔ سریندر کولی گزشتہ کچھ عرصے سے ہری دوار میں چائے کی دکان چلا رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق سریندر کولی کی لاش دکان کے اندر رسی کے سہارے لٹکی ہوئی ملی۔
کولی کے والد کا دعویٰ ہےکہ ان کے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے کیوں کہ وہ نٹھاری معاملے کا پورا سچ بیان کرنے والا تھا۔ پولیس کے مطابق موت کے حالات اور دیگر تمام پہلوؤں کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ سریندر کولی اتراکھنڈ کے الموڑہ ضلع کے بھکیا سین کا رہنے والا تھا۔ ۲۰۰۴ء میں وہ نوئیڈا کے نٹھاری علاقے میں منندر سنگھ پنڈھیر کی کوٹھی میں گھریلو ملازم کے طور پر کام کرنے لگا تھا۔ ۲۰۰۶ء میں اسی کوٹھی کے قریب سے بچو ں اور عورتوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔