• Sat, 28 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بولیویا: بینک نوٹ لے جانے والا طیارہ لا پاز کے قریب گر کر تباہ، ۱۵؍ ہلاک، لوگ پیسے لوٹنے کیلئے دوڑے

Updated: February 28, 2026, 9:07 PM IST | La Paz

بولیویا کی وزارتِ دفاع نے حادثے کی تصدیق کی لیکن فوری طور پر ہلاکتوں یا حادثہ کی وجہ کے بارے میں تفصیلی معلومات جاری نہیں کیں۔ مقامی میڈیا نے طیارے کی شناخت بولیویا کی فضائیہ کے ’ہرکولیس‘ کے طور پر کی ہے۔

The plane was completely destroyed after it struck the ground. Photo: X
طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ تصویر: ایکس

نئے چھپے ہوئے بینک نوٹ لے جانے والا بولیویا کا فوجی کارگو طیارہ جمعہ کی شام ’ایل آلٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ حادثہ دارالحکومت لا پاز کے قریبی شہر ایل آلٹو کی ایک مصروف شاہراہ پر پیش آیا جس میں طیارے پر سوار ۱۵ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بولیویا کی وزارتِ دفاع نے حادثے کی تصدیق کی لیکن فوری طور پر ہلاکتوں یا حادثہ کی وجہ کے بارے میں تفصیلی معلومات جاری نہیں کیں۔ مقامی میڈیا نے طیارے کی شناخت فضائیہ کے پلین ’ہرکولیس‘ کے طور پر کی ہے۔ اس حادثے کے لئے خراب موسم کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے حادثے میں طیارے کو پہنچنے والا شدید نقصان کی تصاویر نشر کیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ طیارہ گرنے کی وجہ سے شاہراہ پر کھڑی یا چلتی ہوئی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ 

براڈکاسٹر ’یونیٹیل‘ کے مطابق، متاثرہ طیارے نے ملک کے دیگر خطوں میں نئی چھپی ہوئی کرنسی پہنچانے کے مقصد سے اڑان بھری تھی۔ حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جائے حادثے پر بینک نوٹ بکھرے ہوئے ہیں۔ خبر پھیلنے کے بعد وہاں تیزی سے ہجوم جمع ہوگیا اور کچھ افراد کو سڑکوں پر پڑی نقدی اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس نے تماشائیوں کو منتشر کرنے اور ملبے کے قریب لوٹ مار روکنے کے لئے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ ہنگامی ٹیموں کے جائے حادثہ پر کام شروع کرنے کے بعد حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ویڈیوز کی صداقت کی ابھی تک آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ اسرائیل کے ایران پر مشترکہ حملے، ایران کا امریکی فوجی اڈوں پر شدید حملہ

اس حادثے کے باعث ایل آلٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے خطے کی پروازیں متاثر ہوئیں۔ قومی ایئر لائن ’بولیویانا ڈی ایوی ایشن‘ نے واضح کیا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ اس کے بیڑے کا حصہ نہیں تھا۔ حکام نے ابھی تک ہلاکتوں کی صحیح تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی ممکنہ زخمیوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔ توقع ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے باضابطہ تحقیقات کا آغاز جلد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK