Inquilab Logo

بامبے ہائی کورٹ کو پولیس پر ملزمین کی طرفداری کا شبہ

Updated: March 17, 2024, 1:33 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

افسر کی کیس کی تفصیل سے لاعلمی پر جج نے پمپری چنچوڑ کے کمشنر کو عدالت میں پیشی کا حکم دیا

Pimpri Chinchorkke Police Commissioner Vinod Kumar has been ordered to appear in person or through video conferencing.
پمپری چنچوڑکے پولیس کمشنر ونود کمار کو ذاتی طور پر یا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پیشی کا حکم دیا گیا ہے ۔

 عدالت میں موجود پولیس افسر کو کیس کی تفصیلات معلوم نہ ہونے اور کئی معامالات میں پولیس افسران کی ایسی حرکتوں، جن سے ان کا شکایت کنندگان کے تئیں سوتیلا رویہ اختیار کرنے یا ملزمین کی طرفداری کا شبہ ہو، پر بامبے ہائی کورٹ نے پمپری چنچوڑ کے پولیس کمشنر کو ذاتی طور پر یا پھر ویڈیو کانفرنسنگ سے عدالت میں حاضر رہنے کا حکم دیا ہے۔ 
 بامبے ہائی کورٹ نے یہ حکم جمعہ کو اس وقت دیا جب ایک ملزم اکشے لوندھے کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کے دوران جسٹس مادھو جامدار نے سرکاری وکیل سے کیس کی موجودہ صورتحال پوچھی تو سرکاری وکیل نے عدالت میں موجود اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر آشیش جادھو سے ان کی تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی لیکن اے پی آئی جادھو کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے اور سرکاری وکیل کے توسط سے عدالت سے درخواست کی کہ عرضداشت پر سماعت ملتوی کردی جائے۔اس درخواست پر جسٹس مادھو جامدار نے نوٹ کیا کہ ’’اس طرح کا مسئلہ کئی معاملات میں پیش آرہا ہے۔ جو پولیس اہلکار عدالت میں سرکاری وکیل کو کیس کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے آتے ہیں اکثر و بیشتر خود انہیں بھی کیس کی تفصیلات پتہ نہیں ہوتیں۔‘‘ایک کیس کی مثال دیتے ہوئے جج نے تحریر کیا کہ ۲۰۲۳ء میں داخل کی گئی ضمانت کی ایک عرضی پر سماعت کے دوران کچھ عرصہ قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس کیس سے وابستہ پولیس اہلکار موٹر کار کے ذریعہ عدالت پہنچا تھا۔ اس پولیس اہلکار کو کیس کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں تھا، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اس پولیس اہلکار کا رویہ مشتبہ تھا۔ اس کیس میں متاثرہ اور اس کے والدین پر دبائو ڈالا جارہا تھا اور کچھ ایسے حالات پیدا ہوئے جن سے یہ یقین ہونے لگتا ہے کہ وہ پولیس اہلکار خود بھی متاثرہ اور اس کے والدین پر دبائو ڈالنے میں ملوث تھا۔ پولیس اہلکاروں کا اس طرح کا رویہ عدالت میں تقریباً روزانہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔‘‘جسٹس جامدار نے مزید تحریر کیا ہے کہ پولیس افسران و اہلکاروں کے اس طرح کے رویہ اور طرز عمل کی وجہ سے عدلیہ کے انتظامی امور متاثر ہورہے ہیں۔چونکہ ہائی کورٹ میں دیہو روڈ پولیس اسٹیشن کا کیس زیر سماعت تھا اس لئے متذکرہ مشاہدات کے ساتھ جج نے پمپری چنچواڑ کے پولیس کمشنر کو حکم دیا کہ وہ ۲۰؍ مارچ کو ذاتی طور پر یا پھر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں حاضر رہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK