اقوام متحدہ کا سخت انتباہ، روس نے میزائل حملوں کا الزام یوکرین پرعائد کیا
یوکرین میں یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیائی پاور پلانٹ زاپروژیا کے اطراف ہونے والی بمباری سے پوری دنیا لرز اٹھی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے خبر دار کیا ہے کہ جوہری پلانٹ کے قریب جنگ سنگین بحران کا سبب بن سکتی ہے۔اس کے ساتھ ہی اقوام متحدہ نے نیوکلیائی پاور پلانٹ اوراس کے اطراف کے علاقے کو ’نووارزون‘ (جہاں جنگ ممنوع ہو) قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ زاپروژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ روسی فوجوں کے قبضے میں ہے۔ ماسکو نے اس کے قریب ہونےو الے راکٹ حملوں کیلئے یوکرین کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے جبکہ کیٖف روس کو مورد الزام ٹھہرارہاہے۔اس بیچ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے فریقین سے جوہری پلانٹ کے قریب جنگ فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی اے ای اے کو زاپروژیامیں مشن چلانے کی اجازت دی جائے۔فریقین کا کہنا ہے کہ پلانٹ میں تابکار مواد کاذخیرہ کرنے والے علاقے کے قریب ۵؍راکٹ حملے ہوئے ہیں۔ ا س بیچ یوکرین کی وزارت داخلہ نے بھی نیوکلیائی پاور پلانٹ کے قریب بم دھماکوں کے پیش نظر ایک بیان جاری کرکے متنبہ کیا ہے کہ ملک کو کسی بھی طرح کی صورتحال کیلئے تیار رہنا ہوگا۔جنوبی یوکرین میں واقع یہ پاور پلانٹ یورپ کا سب سے بڑا نیوکلیائی پاور پلانٹ ہے۔ یہاں بمباری کے نتیجے میں تابکاری کی صورت میں یوکرین ہی نہیں آس پاس کے ممالک بھی متاثر ہوںگے۔