Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران جنگ کے دوران روس پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے اعلان پر ڈیموکریٹ لیڈران کی ٹرمپ پر سخت تنقید

Updated: March 14, 2026, 10:05 PM IST | Washington

سینیئر ڈیموکریٹ لیڈران نے ٹرمپ پر روس کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدام روس کی جنگی کوششوں کے لئے یومیہ ۱۵۰ ملین ڈالر تک کی اضافی آمدنی پیدا کر سکتا ہے۔

Chuck Schumer, Trump and Putin. Photo: X
چک شومر، ٹرمپ اور پوتن۔ تصویر: ایکس

ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیئر لیڈران نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر ایران اور امریکہ-اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے دوران تیل سے متعلق پابندیوں میں نرمی کرکے بالواسطہ طور پر روس کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ماسکو کی آمدنی میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی افواج بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا کر رہی ہے۔ 

سینیئر ڈیموکریٹ لیڈر چک شومر کی قیادت میں سینیٹرز الزبتھ وارن اور جین شاہین نے مطالبہ کیا کہ وہائٹ ہاؤس کے خزانہ سیکریٹری اسکاٹ بیسنٹ، ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کے بارے میں کانگریس کے سامنے گواہی دیں۔ اپنے مشترکہ بیان میں قانون سازوں نے ان رپورٹس کا حوالہ دیا جن کے مطابق روس مبینہ طور پر ایران کے ساتھ ایسی انٹیلی جنس شیئر کر رہا ہے جس کا استعمال خطے میں تعینات امریکی افواج کو نشانہ بنانے کے لئے کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا دعویٰ، ایران مشرق وسطیٰ پر تسلط چاہتا تھا

سینیٹرز نے مزید کہا کہ ”رپورٹس کے مطابق روس امریکی سروس ممبرز کو نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے کے لئے ایران کو انٹیلی جنس فراہم کر رہا ہے اور انتظامیہ نے اس کے ردعمل میں ماسکو پر دباؤ کم کرنے والا قدم اٹھایا ہے۔“ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدام روس کی جنگی کوششوں کے لئے یومیہ ۱۵۰ ملین ڈالر تک کی اضافی آمدنی پیدا کر سکتا ہے۔ قانون سازوں نے یہ دلیل بھی دی کہ امریکی عوام ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ روس پر پابندیوں کا دباؤ کم ہوتا نظر آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے اوائل میں، ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن مشرقِ وسطیٰ کے تنازع سے پیدا ہونے والے تعطل کے بعد عالمی سپلائی بڑھانے اور توانائی کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کی کوشش کے تحت روس پر عائد تیل سے متعلق کچھ پابندیوں کو ختم کر دے گا۔

یہ بھی پڑھئے: آبنائے ہرمز کشیدگی میں اضافہ، امریکہ ایران تناؤ سے توانائی خدشات

وہائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے فیصلے کا دفاع کیا

امریکی انتظامیہ نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے اسے عالمی توانائی کی قلت کو روکنے کی سمت ضروری قدم قرار دیا ہے۔ کرس رائٹ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ایران تنازع کی وجہ سے پیدا ہونے والے عدم استحکام سے نمٹنا اور امریکی گھرانوں اور کاروباروں پر قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ امریکی عوام کے تحفظ اور توانائی کے استحکام کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔

تاہم، ڈیموکریٹس نے سوال اٹھایا کہ کیا وہائٹ ہاؤس نے روس پر پابندیاں ختم کرنے سے پہلے کانگریس کو مطلع کرنے کی قانونی شرائط پوری کیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ اور وسیع تر جیو پولیٹیکل صورتحال پر اس پالیسی کے اثرات کا تعین کرنے کے لئے کانگریس کی نگرانی ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK