یہودی تقریب پر دہشت گردانہ حملے کے دوران حملہ آور سے بندوق چھین کر کئی افراد کی جان بچانے والے مسلمان شہری احمد الاحمد کو آسٹریلیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز برائے بہادری ’کراس آف ویلیئر‘ سے نوازا گیا۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 7:05 PM IST | Sydney
یہودی تقریب پر دہشت گردانہ حملے کے دوران حملہ آور سے بندوق چھین کر کئی افراد کی جان بچانے والے مسلمان شہری احمد الاحمد کو آسٹریلیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز برائے بہادری ’کراس آف ویلیئر‘ سے نوازا گیا۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایک شہری احمد الاحمد کو گزشتہ سال دسمبر میں بونڈی بیچ پر ہونے والی اجتماعی فائرنگ کے دوران حملہ آور سے بندوق چھین کر کئی لوگوں کی جان بچانے پر اتوار کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز برائے بہادری سے نوازا گیا۔ آسٹریلیا کے گورنر جنرل نے اس اعزاز کا اعلان کیا۔ احمد الاحمد نے اُس وقت مداخلت کی تھی جب دو مسلح افراد نے مشہور ساحل پر یہودیوں کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ شروع کردی تھی۔ اس حملے میں ۱۵؍ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حکام کے مطابق یہ حملہ یہود مخالف تھا اور اس کے پیچھے داعش کے نظریات سے متاثر ہونے کا محرک کارفرما تھا۔
یہ بھی پڑھئے: مسلم ممالک عالمی نظام کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں: حاقان فیدان
الاحمد نے حملہ آوروں سے بچنے کیلئے پارک کی گئی گاڑیوں کے پیچھے پناہ لی اور پھر اچانک ایک حملہ آور پر پیچھے سے جھپٹ پڑے۔ انہوں نے اس کی رائفل چھین کر اسے زمین پر گرا دیا۔ حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران انہیں گولیوں کے متعدد زخم آئے، تاہم ان کی اس جرأت مندانہ مداخلت سے کئی افراد کی جانیں بچ گئیں۔ آسٹریلیا کی گورنر جنرل سیم موسٹن نے بتایا کہ احمد الاحمد کو ’کراس آف ویلیئر‘ (Cross of Valour) سے نوازا گیا ہے۔ یہ آسٹریلیا کا شہریوں کو دیا جانے والا اعلیٰ ترین بہادری کا اعزاز ہے اور اب تک اس نوعیت کے صرف چھ اعزازات دیے جا چکے ہیں۔ اعزاز کے ساتھ جاری کردہ توصیفی بیان میں کہا گیا کہ ’’احمد الاحمد نے بونڈی بیچ پر انتہائی خطرناک حالات میں ایک مسلح شخص کو غیر مسلح کرنے کیلئے غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: افغانستان: اسکول کے قریب دھماکہ،۱۰؍ افراد ہلاک،۱۱۰؍زخمی
اس حملے کے سلسلے میں اعلان کردہ چار بہادری کے اعزازات میں سے یہ ایک ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے کے بعد آسٹریلیا میں بندوقوں کی قومی سطح پر واپسی اور خریداری کا نیا پروگرام شروع کرنے، اسلحہ لائسنس کے لیے پس منظر کی مزید سخت جانچ پڑتال اور نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف کارروائی تیز کرنے کیلئے نئے قوانین متعارف کرائے گئے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد سے دو بچوں کے والد اور مسلمان شہری احمد الاحمد کو دنیا بھر میں ہیرو کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی ان کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’انتہائی، انتہائی بہادر شخص‘‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے کئی لوگوں کی جانیں بچائی ہیں۔