• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

افغانستان: اسکول کے قریب دھماکہ،۱۰؍ افراد ہلاک،۱۱۰؍زخمی

Updated: November 29, 2026, 10:42 AM IST | Kabul

زخمیوں میں بڑی تعداد میں بچے شامل، دھماکے سے اسکول کی عمارت کا ایک حصہ منہدم، کان کنی کی کمپنیوں کے گودام میں حفاظتی انتظامات کی غفلت کا شبہ۔

Children injured in Afghanistan can be seen undergoing treatment in a hospital. Photo: INN
افغانستان میں زخمی ہونے والے بچوں کو اسپتال میں زیر علاج دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں سنیچر کے روز ایک پرائمری اور مڈل اسکول کے قریب زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں۱۰؍افراد ہلاک اور۱۱۰؍زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میںبڑی تعداد بچوں کی بتائی جارہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اسکول سےمتصل بارودی مواد کے ایک گودام میں ہوا، جو کان کنی کی کمپنیوں کی ملکیت ہے۔

صوبہ کنڑکے ڈائریکٹر برائے ثقافت و اطلاعات سمیع الحق بیان نےبتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق صوبائی دارالحکومت اسدآبادکے مضافات میں واقع اسکول میں دھماکہ پڑوسی گودام میں حفاظتی انتظامات میںغفلت کے باعث ہوا۔ اس گودام میں کان کنی کی کمپنیوں کا دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اُترا کھنڈ میں ۱۴؍ مدرسوں کو نوٹس، معیار پر کھرا نہ اُترنے کا الزام

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے بھی ۱۰؍افراد کی ہلاکت اور۱۱۰؍کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اسپتال سے موصول ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں زخمی بچوں کی حالت زار دیکھی جاسکتی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی بچوں کے سروں پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں، جبکہ بعض بچوں کو ایک ہی بستر پر دو دو کی تعداد میں لٹایا گیا تھا۔

اسکول سے متصل مکان میں رہنے والے نورالرحمٰن نے بتایا کہ دھماکے کی آواز سنتے ہی وہ موقع کی طرف دوڑے۔ ان کے اپنےبچے بھی اسی اسکول میں موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد ہر طرف گرد و غبار پھیل گیا تھا۔وہ فوری طور پر اسکول کے ایک کمرے میں داخل ہوئے، جہاں بچوں کی چیخ و پکار سنائی دے رہی تھی۔ انہوں نے ملبے میں اپنی بھانجی کا ہاتھ حرکت کرتے دیکھا تو اینٹیں ہٹاکر اسے باہر نکالا۔ اس دوران انہوں نے دیگر زخمیوں کو بھی ملبے سے نکالنے میں مدد کی۔

یہ بھی پڑھئے: اُترا کھنڈ میں ۱۴؍ مدرسوں کو نوٹس، معیار پر کھرا نہ اُترنے کا الزام

دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک بچے کے والد حاجی سلیمان نےبتایا کہ وہ اپنی دکان کی طرف جارہے تھے کہ اچانک دھماکے کی آواز سنائی دی اور انہوں نے عمارت سے دھواں اور ملبہ اڑتے دیکھا۔ ان کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ لکڑی کے ٹکڑے اور انسانی اعضا تک فضا میں بکھر گئے۔ وہ فوری طور پر اسکول پہنچے، جہاں کئی بچے ہلاک ہوچکے تھے جبکہ دیگر خون میں لت پت پڑے تھے۔ اسکول کی چھتیں منہدم ہوچکی تھیں، دیواریں گرگئی تھیں اور عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا تھا۔

کنڑ صوبائی پولیس ہیڈکوارٹر کے ترجمان فرید دہقان نے بتایا کہ دھماکہ صبح ۱۰؍بجےاسدآباد کے مضافاتی علاقے اندر سیر کے ایک اسکول میں پیش آیا۔سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے ویڈیوزمیں زخمی بچوں کو گاڑیوں کے ذریعے اسدآباد کے اسپتال پہنچاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اسکول کی عمارت کی تصاویر میں اس کا ایک حصہ منہدم نظر آرہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: صدارتی الیکشن میں جموں کشمیر کے اراکین اسمبلی کا ووٹنگ کا حق بحال کرنے کی تجویز

کان کنی افغانستان کی اہم صنعت

افغانستان قدرتی معدنی وسائل سے مالامال ملک ہے اور یہاں لوہے، تانبے، سیسے، زنک، سونے، کوئلے اور قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ کان کنی ملک کی اہم صنعتوں میں شمار ہوتی ہے، تاہم کان کنی کی کمپنیوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث وقتاً فوقتاً حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔صوبہ کنڑ میں قیمتی پتھروں کی کان کنی کا کاروبار بھی تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ مختلف کمپنیاں یہاں سے قیمتی پتھر نکالتی ہیں، جنہیں بعد ازاں نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK