Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرحدی کشیدگی: پونچھ میں ۱۲؍ شہری ہلاک، درجنوں زخمی، لوگ محفوظ مقامات پرمنتقل

Updated: May 07, 2025, 9:30 PM IST | Srinagar

پاکستانی افواج کی فائرنگ میں سرحدی علاقوں میں کئی شہری ہلاک ہوئے ، زخمیوں میں بچے بھی شامل ، مکانات اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ، ہندوستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے

Those injured in the Pakistani army shelling are being taken to the hospital. (PTI)
پاکستانی فوج کی شیلنگ میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال لے جایا جارہا ہے۔(پی ٹی آئی )

 پاکستانی  فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول  پر کی گئی شدید شیلنگ کے نتیجے میں بدھ کی دیر رات جموں کشمیر کے سرحدی علاقوں میں کم از کم ۱۲؍ عام شہری ہلاک اور ۶۰؍ دیگر زخمی ہو گئے جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ تباہی پونچھ ضلع میں دیکھی گئی جہاں تمام ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، جبکہ متعدد دیہات میں گھروں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔حکام نے بتایا کہ یہ شیلنگ ہندوستانی افواج کی جانب سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ’’آپریشن سیندور‘‘ کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیرقبضہ کشمیر میں واقع دہشت گرد تنظیموں کے نو ٹھکانوں پرکئے گئے میزائل حملوں کے بعد شروع ہوئی۔  معلوم ہوا ہے کہ پونچھ کے بالاکوٹ، مینڈھر، کرشنا گھاٹی، گلپور اور کرنی علاقوں میں شیلنگ سب سے زیادہ شدید رہی۔ حکام کے مطابق پونچھ بس اسٹینڈ تک کو نشانہ بنایا گیا، جہاں کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور متاثرہ افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے کے  لئےمقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
 مہلوکین کی شناخت بلوندر کور عرف روبی، محمد زین خان ، زویا خان ، محمد اکرم ، امریک سنگھ ، محمد اقبال ، رنجیت سنگھ ، شکیلہ بی ، امرجیت سنگھ ، مریم خاتون ، وہان بھارگو  اور محمد رفیع کے  طور پر ہوئی ہے۔ادھر بارہمولہ کے اُوڑی سیکٹر میں بھی گولہ باری سے دس افراد زخمی ہوئے، جن میں پانچ بچے شامل ہیں۔ راجوری میں تین افراد زخمی ہوئے، جبکہ کپواڑہ کے کرناہ سیکٹر میں گولہ لگنے سے کئی رہائشی مکانات میں آگ لگ گئی۔ ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار کے مطابق، جموں، سانبھا، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں۔ 
 فوج کے شعبہ اطلاعات نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ بھمبر گلی پونچھ اور راجوری میں پاکستانی فوج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹلری فائرنگ کی جس کا بھر پور جواب دیا گیا ۔دریں اثناء پاکستانی افواج کی تازہ شیلنگ کے بعد کشمیر کے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر ہزاروں شہری اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ پونچھ، راجوری، اور اوڑی میں لوگ زیر زمین بنکروں اور اسکولوں میں پناہ لے رہے ہیں۔

srinagar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK