جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو پونچھ اور سرنکوٹ کے دورہ پرکہا کہ حالیہ پاکستانی گولہ باری نے ریاست میں ’جنگ جیسی صورتحال‘ پیدا کر دی تھی، تاہم اب جبکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی سطح پر مفاہمت ہو چکی ہے
EPAPER
Updated: May 12, 2025, 11:48 PM IST | Srinagar
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو پونچھ اور سرنکوٹ کے دورہ پرکہا کہ حالیہ پاکستانی گولہ باری نے ریاست میں ’جنگ جیسی صورتحال‘ پیدا کر دی تھی، تاہم اب جبکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی سطح پر مفاہمت ہو چکی ہے
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو پونچھ اور سرنکوٹ کے دورہ پرکہا کہ حالیہ پاکستانی گولہ باری نے ریاست میں ’جنگ جیسی صورتحال‘ پیدا کر دی تھی، تاہم اب جبکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی سطح پر مفاہمت ہو چکی ہے، لوگ اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’پونچھ شہر کا ۸۰؍ سے ۹۰؍ فیصد حصہ خالی ہو چکا تھا، لوگ گولہ باری کی وجہ سے اپنے گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے لیکن اب جبکہ گولہ باری بند ہو چکی ہے، ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ واپس آجائیں۔عمر عبداللہ نے پونچھ میں ان خاندانوں سے ملاقات کی جن کے عزیز پاکستان کے حملوں میں مارے گئے۔وزیر اعلیٰ نے کابینی وزیر جاوید رانا، مشیر ناصر اسلم وانی، ایم ایل اے اعجاز جان اور اپنے بیٹوں ضمیر اور ظاہر کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نےمہلوکین کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ۱۳؍قیمتی جانیں کھو دی ہیں، میرا مقصد ان گھروں تک پہنچنا ہے جہاں یہ المیہ پیش آیا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا جب توپ کے گولے براہِ راست رہائشی علاقوں اور قصبوں کے بیچوں بیچ گرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ اس نوعیت کی صورتحال میں قیمتی جانوں کے نقصان کو روکنےکیلئے باقاعدہ بنکرز تعمیر کیے جانے چاہئیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ تمام متاثرہ اضلاع — پونچھ، راجوری، جموں، بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ — کے ضلع حکام کو انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے اور معاوضے کیلئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے ان افواہوں کو بھی مسترد کیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ حملوں کے دوران کچھ افسران نے اپنی پوسٹ چھوڑ دی تھی، یہ سراسر جھوٹ ہے، ایک بھی ڈپٹی کمشنر نے اپنی ذمہ داری نہیں چھوڑی۔ میڈیا کے کچھ حلقوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی یہ باتیں افسوسناک ہیں۔ انہوں نے پاکستانی فوج کے پروپیگنڈا کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پروپیگنڈا کرتے رہیں گے، لیکن زمینی حقائق آپ کو بھی معلوم ہیں اور دنیا کو بھی۔ اس دوران جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی پیرکو پاکستانی گولہ باری میں جاں بحق ہونے والے شہری ذاکر حسین کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔