Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہشت گردوں کو پیغام، پہلگام میں کابینی میٹنگ

Updated: May 28, 2025, 4:21 PM IST | Srinagar

عمر عبداللہ کاانقلابی قدم، مرکز سے بھی کشمیر میںسرکاری میٹنگیںکرنے کی اپیل کی، اعلان کیا کہ ’’ہم ڈریں گے نہیں‘‘ ،فاروق عبداللہ نے سیاحوں کوکشمیرآنے کی دعوت دی

After the cabinet meeting in Pahalgam, Chief Minister Omar Abdullah also met local officials. (PTI)
پہلگام میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مقامی ذمہ داران سے ملاقات بھی کی۔ ( پی ٹی آئی)

پہلگام جہاں ۲۲؍ اپریل کے دہشت گردانہ حملے کےبعد سیاحت بری طرح متاثر ہوئی ہے، میں منگل کو کابینہ کی  میٹنگ منعقد کرکے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے امن کے دشمنوں کو واضح پیغام دیا کہ ’’ ہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔‘‘ 
پہلگام میں کابینی میٹنگ کامقصد
 جموں کشمیر میں سال گزشتہ حکومت بننے کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کابینی میٹنگ سری نگر اور جموں  سے باہر منعقد ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو’’ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں اطلاع دی کہ ’’آج پہلگام میں کابینی میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ صرف ایک معمول کی انتظامی مشق نہیں تھی بلکہ ایک واضح پیغام تھا کہ ہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔‘‘انہوں  نے پہلگام حملے کے ذریعہ جموں کشمیر کی سیاحت کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ ’’امن کے دشمن ہمارے عزم کو کبھی کمزور نہیں کر سکیں گے، جموں  کشمیر مضبوط اور بے خوف کھڑا ہے۔‘‘
کل گلمرگ میں میٹنگ کریں گے
 پہلگام حملہ کےبعد جموں کشمیر  میں  سیاحوں   کی آمد میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔  اس پس منظر میں پہلگام  میں کابینہ کی میٹنگ منعقد کرنے کا مقصد ملک بھر کے سیاحوں میںسیکوریٹی کے حوالے سے   اعتماد کی بحالی بھی ہے۔اسی کے تحت وزیر اعلیٰ بدھکو شمالی کشمیر میں واقع ایک اور شہرہ آفاق  سیاحتی مقام گلمرگ میں  وزراء، انتظامی سیکرٹریوں، کشمیر کے صوبائی کمشنر، محکموں کے سربراہان اور سینئر پولیس افسران کے ساتھ  میٹنگ کی صدارت کریں گے۔‘‘
 سرکاری عہدیداروں کے مطابق پہلگام اور گلمرگ میںحکومت کی میٹنگوں کا مقصد حفاظت اور معمول کے حالات کا مضبوط پیغام عام کرنا اور وادی میں سیاحت کے احیاء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔وزیر برائے تعلیم و صحت سکینہ یتو نے بتایا کہ ’’ `پہلگام میں منعقدہ اس میٹنگ کا مقصد مقامی لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت تھا۔‘‘ نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے  بھی کہا کہ یہ میٹنگ سیاحت کی بحالی کیلئے مضبوط پیغام تھا۔انہوں نے کہاکہ’’ `چرواہوں کی یہ وادی (پہلگام) ایک بار پھر ابھرے گی۔‘‘ 
 وزیراعظم سے بھی کشمیر میں میٹنگوں کی اپیل
 عمر عبداللہ نے جموں کشمیر میں پولیس اور سیکوریٹی حکومت کی کمان مرکز ہاتھ میں ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سیاحت میری ذمہ داری ہے مگر سیاحوں کی حفاظت میری ذمہ داری نہیں ہے۔‘‘انہوں نےاس کیلئے مرکزی اور جموں  کشمیر انتظامیہ میں   بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ کشمیر ہی نہیں ہرجگہ سیاحت کو تنازعات سے پرے رکھنا چاہئے۔‘‘ انہوں نےکہا کہ وہ وزیر اعظم اور پارلیمانی امور کے محکمے سے بھی  اپیل  کرچکے ہیں وہ کشمیر میں پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ اور مشاورتی کمیٹی کے اجلاس منعقد کریں تاکہ عوام میں اعتماد  بحال ہو سکے۔
فاروق عبداللہ کی اپیل
 اس دوران جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملک بھر کے سیاحوں سے کشمیر کی سیر کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ یہاں کے پر سکون ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں۔ امرناتھ  یاترا  کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نےکہا کہ’’زیادہ سے زیادہ تعداد میں یاتریوں کو آکر یاترا کرنی چاہئے۔‘‘ 

بقیہ:  پہلگام میں کابینی میٹنگ
 منگل کو پہلگام میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات  چیت میں انہوں نے کہا’’ `میں ملک بھر کے سیاحوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اور یہاں کے پر سکون ماحول سے لطف اٹھائیں، یہاں موسم اچھا ہے، درجہ حرارت زیادہ نہیں ہے سیاح یہاں آئیں اور یہاں کی مہمان نوازی، خوبصورتی سے لطف اندوز ہوکرجائیں۔‘‘
  اس سے قبل وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے   بتایا کہ کشمیر میں سیاحت کے شعبے کی مدد کرنےکیلئے حکومتی سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں  نے بتایا کہ ’’میں حال ہی میں دہلی میں تھا جہاں نیتی آیوگ کی میٹنگ کے موقع پر وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوئی۔میں نے انہیں جموں کشمیر میں  سیاحت کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں  نے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘‘انہوں نے بتایاکہ گزشتہ ہفتے دہلی  میں ہونےوالی میٹنگ میں بھی  سیاحت  کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔

srinagar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK