Updated: September 10, 2026, 7:03 PM IST
| New Delhi
۱۸؍واں برکس سربراہی اجلاس ہندوستان کے لیے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے ساتھ اقتصادی روابط مضبوط کرنے اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو ہندوستانی کاروباری اداروں کے لیے ٹھوس فوائد میں تبدیل کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ بات پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہی۔
بھارت منڈپم۔ تصویر:پی ٹی آئی
۱۸؍واں برکس سربراہی اجلاس ہندوستان کے لیے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے ساتھ اقتصادی روابط مضبوط کرنے اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو ہندوستانی کاروباری اداروں کے لیے ٹھوس فوائد میں تبدیل کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ بات پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جمعرات کو کہی۔ پی ایچ ڈی سی سی آئی کے صدر راجیو جونیجا نے کہا کہ برکس کی کامیابی کا اصل اندازہ اس بات سے لگایا جانا چاہیے کہ آیا یہ پلیٹ فارم کمپنیوں کے لیے سرحد پار تجارت اور سرمایہ کاری کو سستا، تیز اور آسان بنانے میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھئے:’’مرزا پور: دی مووی‘‘ فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کی تاریخ کی سب سے بڑی ہٹ بن گئی
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو سرحد پار کاروبار میں حائل تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ایک مؤثر نظام تیار کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ان رکاوٹوں میں کسٹمز کے طریقہ کار، دستاویزات، معیارات اور ریگولیٹری تقاضے شامل ہیں۔ ان کے مطابق برکس ٹریڈ بیریئر ریزولوشن میکانزم کے ذریعے کمپنیاں اپنی مشکلات کی اطلاع دے سکیں گی، انہیں متعلقہ حکام تک پہنچایا جاسکے گا اور مسائل کے حل کی نگرانی بھی ممکن ہوگی۔ اس سے تجارت کو آسان بنانے سے متعلق برکس کی یقین دہانیوں کو کاروباری اداروں کے لیے ایک عملی سہولت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ راجیو جونیجا نے ہندوستانی روپے سمیت رکن ممالک کی قومی کرنسیوں میں سرحد پار تجارت کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے لین دین کی لاگت اور بعض ادائیگی کے خطرات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم اس مقصد کے لیے بینکنگ چینلز، کرسپونڈینٹ بینکنگ نظام اور مختلف کرنسیوں میں لین دین کے تصفیے کے عملی طریقہ کار کو مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقصد کسی ایک برکس مشترکہ کرنسی کا قیام نہیں بلکہ کاروباری اداروں کو ادائیگی کے مزید متبادل فراہم کرنا ہونا چاہیے۔
پی ایچ ڈی سی سی آئی نے سرحد پار لین دین میں ہندوستان کے یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی ) کے زیادہ استعمال کی بھی وکالت کی۔ برکس ممالک کے ادائیگی کے نظام کو آپس میں جوڑنے کے ساتھ Interoperable QR Payments، تیز رفتاررقم کی منتقلی اور مشترکہ تکنیکی معیارات سے چھوٹے برآمد کنندگان، سروس فراہم کرنے والوں اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو خاص فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
جونیجا نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ای) کے لیے مالی وسائل تک رسائی بھی ترجیح ہونی چاہیے۔ چھوٹے برآمد کنندگان کے لیے آرڈر ملنے کے بعد مالی وسائل کا انتظام کرنا اور ادائیگی میں تاخیر سے نمٹنا اتنا ہی بڑا چیلنج ہوسکتا ہے جتنا خریدار تلاش کرنا۔ انہوں نے کہا کہ جئے پور کنسنسس کی بنیاد پر ہندوستان ایسے نظام کو آگے بڑھا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:عمران طاہر کی خطرناک گیندبازی، گیانا امیزون نے سینٹ لوسیا کنگز کو شکست دی
صنعتی تنظیم نے معیارات اور سرٹیفکیشن کے شعبے میں بھی زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ پی ایچ ڈی سی سی آئی کے مطابق ایسے مصنوعات جو بھارت میں تمام گھریلو ضروریات پوری کرتے ہیں، انہیں دیگر برکس مارکیٹوں میں داخل ہونے کے لیے اضافی ٹیسٹنگ اور منظوری کے مراحل سے گزرنا پڑسکتا ہے، جس سے کاروباری لاگت بڑھتی ہے۔ تنظیم نے کہا کہ فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ مصنوعات، آٹوموبائل، الیکٹرانکس، فوڈ پروسیسنگ، کیمیکل، ٹیکسٹائل اور میڈیکل ڈیوائسز جیسے شعبوں میں سیکٹر مخصوص انتظامات اور باہمی تعاون کے ذریعے اضافی جانچ اور سرٹیفکیشن کی لاگت کم کی جاسکتی ہے۔ یوں برکس پلیٹ فارم محض سفارتی اور اقتصادی تعاون تک محدود رہنے کے بجائے ہندوستانی کاروباروں کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، ادائیگی اور مالی سہولتوں کا عملی ذریعہ بن سکتا ہے۔