• Thu, 10 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشان کشن کی قیادت میں ایسٹ زون نے۱۳؍ سال بعد دلیپ ٹرافی جیتی

Updated: September 10, 2026, 8:04 PM IST | Chennai

ایشان کشن کی قیادت میں ایسٹ زون نے ۱۳؍ سال کا طویل انتظار ختم کرتے ہوئے دلیپ ٹرافی کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ساؤتھ زون کے خلاف کھیلا گیا فائنل میچ ڈرا پر ختم ہوا، تاہم پہلی اننگز میں حاصل کی گئی شاندار برتری کی بنیاد پر ایسٹ زون کو فاتح قرار دیا گیا۔

Duleep Trophy Winner.Photo:PTI
دلیپ ٹرافی جیتنے والی ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی

ایشان کشن  کی قیادت میں ایسٹ زون نے ۱۳؍ سال کا طویل انتظار ختم کرتے ہوئے  دلیپ ٹرافی  کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ساؤتھ زون کے خلاف کھیلا گیا فائنل میچ ڈرا پر ختم ہوا، تاہم پہلی اننگز میں حاصل کی گئی شاندار برتری کی بنیاد پر ایسٹ زون کو فاتح قرار دیا گیا۔ ایسٹ زون نے تیسری مرتبہ دلیپ ٹرافی کا خطاب جیتا ہے۔ اس سے قبل ٹیم نے آخری بار ۱۳۔۲۰۱۲ءکے سیزن میں یہ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اس طرح ایشان کشن کی کپتانی میں ٹیم نے ۱۳؍ سال بعد ایک بار پھر دلیپ ٹرافی پر قبضہ جما لیا۔

یہ بھی پڑھئے:بی آئی ایس کی بڑی کارروائی،۹۹ء۸۰۳؍ گرام بغیر ہال مارک والے سونے کے زیورات ضبط

فائنل میں ایسٹ زون نے پہلی اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے  ۷۰۸؍ رنز  کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ کپتان ایشان کشن نے ٹیم کی کامیابی میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہوئے ۲۷۰؍رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ انہوں نے۳۳۴؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے۳۰؍  چوکے اور ۷؍چھکے لگائے۔ایشان کے علاوہ  کمار کشاگر  نے سنچری بناتے ہوئے ۱۳۲؍ گیندوں پر۱۰۱؍ رنز بنائے۔  شکھر موہن  نے ۸۵،  ابھیمنیو ایشورن نے ۷۲،  انکول رائے  نے ۴۵؍ اور  محمد کونین قریشی نے ۴۰؍ رنز بنائے  جبکہ نوجوان بلے باز  ویبھَو سوریہ ونشی  نے صرف ۳۷؍ گیندوں پر۴۴؍ رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔
۷۰۸؍ رنز کے جواب میں ساؤتھ زون کی ٹیم پہلی اننگز میں ۳۳۶؍رن  پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان  تلک ورما  نے ۹۹؍ رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور سنچری سے صرف ایک رن سے محروم رہے۔ ان کے علاوہ  دیو دت پڈیکل  نے ۶۲؍ اور چاما ملند  نے ۴۳؍ رنز بنائے۔ ایسٹ زون کی جانب سے گیندبازی میں  مکیش کمار نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ  محمد سمیع، محمد کونین قریشی اور شکھر موہن  نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ساؤتھ زون کی پہلی اننگز۳۳۶؍ رنز پر سمٹنے کے بعد ایسٹ زون کو ۳۷۲؍ رنز کی بڑی برتری  حاصل ہوگئی۔ دوسری اننگز میں بھی ایسٹ زون کے بلے بازوں نے مضبوط کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔ میچ ڈرا قرار دیے جانے سے قبل ٹیم نے ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۸۸؍ رنز  بنائے۔ ایشان کشن نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ۸۰؍رن بنائے جبکہ محمد کونین قریشی نے شاندار سنچری مکمل کرتے ہوئے ۱۹۰؍ گیندوں پر ۱۱۶؍ رنز ناٹ آؤٹ  بنائے۔

یہ بھی پڑھئے:بمراہ فٹ، ہرشیت کی جگہ یش ٹھاکر ہندوستانی ٹی۲۰؍ ٹیم میں شامل

 انکول رائے نے۶۴؍ رنز  کی اننگز کھیلی، جبکہ شکھر موہن نے بھی نصف سنچری بنائی۔ پہلی اننگز کی ۳۷۲؍ رنز کی برتری ہی ایسٹ زون کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوئی اور اسی بنیاد پر اسے دلیپ ٹرافی کا فاتح قرار دیا گیا۔ ایسٹ زون کی یہ کامیابی خاص طور پر ایشان کشن کے لیے یادگار رہی، جنہوں نے بطور کپتان نہ صرف ٹیم کو ۱۳؍ سال بعد ٹائٹل دلایا بلکہ فائنل میں۲۷۰؍ رنز کی شاندار انفرادی اننگز کھیل کر اپنی قیادت اور بیٹنگ دونوں کا لوہا منوایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK